مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔

بھارت کی حکومت نے گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو خصوصی حیثیت فراہم کرنے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کردیا ہے۔

قابض بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں حریت کانفرنس کی قیادت سمیت بھارت کے حامی رہنماؤں کو بھی گرفتار کرلیا ہے، وادی میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بھی معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوشش سے پیدا صورتحال پر غور ہوگا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو پاکستان نے مسترد کردیا ہے، اس صورتحال میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی جاری ہے۔

دوسری جانب اس معاملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس بھی ہوئی جس میں شرکاء نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی فیصلے کی بھرپور تائید کی اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔

خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اتوار کو بھی ہوا تھا جس میں ملکی اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی تھی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی خراب ہورہی ہے اور بھارتی عزائم داخلی و خارجی سطح پر عیاں ہوچکے ہیں، بھارت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پریشانی میں پُرخطر آپشنز اختیار کرسکتا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فوج جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے، بھارتی عزائم خطے میں تشدد بڑھا کر اسے فلیش پوائنٹ بناسکتے ہیں، بھارت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ کر تنازعے کے پرامن حل کی طرف بڑھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے