وزیراعظم عمران خان، زرداری اور شہبازشریف کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ممبران قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

[pullquote]وزیراعظم کے اثاثوں کی تفصیلات[/pullquote]

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 10 کروڑ 82 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی اور رقم ظاہر کی، وزیراعظم نے ورثے اور تحفے میں ملی پراپرٹی کی مالیت ظاہرنہیں کی۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم کی زمان پارک میں ورثہ میں ملی رہائشگاہ کی تعمیر پر4 کروڑ53 لاکھ روپے لاگت آرہی ہے، وزیراعظم نے بنی گالہ میں 300 کنال کا گھر تحفہ کے طور پر ظاہر کیا، ٹیکس سال 2015/16 میں رہائشگاہ کی اضافی تعمیر پر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

دستاویزات میں بتایا گیاہےکہ وزیراعظم عمران خان کے پاس بنی گالہ میں 50 لاکھ روپے کی 6 کنال 16 مرلہ اراضی ہے، وزیراعظم کو میانوالی میں 10 مرلہ پر بنا گھر ورثہ میں ملا، وزیراعظم کے پاس شیخو پورہ میں ورثہ میں حاصل کی گئی 80 کنال اراضی ہے، عمران خان کو بھکر میں 260 کنال، 8 ایکڑ کی 4 مختلف اراضی ورثہ میں ملی، وزیراعظم کے پاس میاں چنوں میں 50 ہزار روپے مالیت کی زرعی اراضی ہے۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 4 غیر ملکی کرنسی کے بینک اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، وزیراعظم کے پاؤنڈ اکاؤنٹ میں 2 ہزار67 پاونڈ ہیں اور ڈالر اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 29 ہزار60 ڈالرز، دوسرے اکاونٹ میں 1 ہزار 470 ڈالرز ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان کے یورو اکاونٹ میں کوئی رقم نہیں۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہےکہ عمران خان نے گرینڈ حیات ٹاور میں فلیٹ کیلئے 1 کروڑ19 لاکھ روپے ایڈاوانس جمع کرا رکھے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے، ان کے پاس 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کیش موجود ہے، وزیراعظم کے 2 ملکی بینک اکاؤنٹس میں96 لاکھ روپے ہیں، وزیراعظم 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریوں کے مالک ہیں۔

[pullquote]وزیراعظم کی اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات[/pullquote]

اس کے علاوہ وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پاس پاکپتن، اوکاڑہ اور بنی گالہ میں پراپرٹی ہے، بشریٰ بی بی کے پاس پاکپتن میں 52 کنال اور 379 کنال اراضی ہے، ان کے پاس اوکاڑہ میں 267 کنال اراضی ہے اور بنی گالہ میں 3 کنال کی رہائشگاہ ہے۔

[pullquote]شہبازشریف اور ان کی اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات[/pullquote]

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے ہے۔

دستاویزات کے مطابق شہبازشریف کے پاکستان سے باہر14 کروڑ 78 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں، ان کی لندن میں 2 پراپرٹی اور ایک بینک اکاؤنٹ ہیں، شہبازشریف کی پاکستان میں جائیداد کی مالیت 1 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے، ان کی حدیبیہ پیپرمل، حدیبیہ انجینیرنگ اور حمزہ ملز میں 2 لاکھ 73 ہزارر وپےکی سرمایہ کاری ہے۔

شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 23 کروڑ روپے سے زائد ہے، شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مالیت 57 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

[pullquote]آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیلات[/pullquote]

پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کے اثاثوں کی مالیت 67 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

دستاویزات کے مطابق آصف زرداری کی پاکستان سے باہر کوئی جائیداد نہیں، ان کے پاس 1 کروڑ 62 لاکھ روپے مالیت سے زائد کا اسلحہ ہے، ان کے پاس 99 لاکھ روپے مالیت کے جانور اور گھوڑے ہیں جب کہ سابق صدر 6 گاڑیوں کے مالک ہیں۔

اس کے علاوہ آصف زرداری کے پاس دبئی کا اقامہ بھی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے