پیر : 08 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام ميں بری فوج تعينات نہيں کريں گے، جرمنی کا امريکا کو جواب[/pullquote]

جرمنی نے شام ميں اپنی بری فوج تعينات کرنے کے بارے ميں امريکا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ حکومتی ترجمان اسٹيفان زائبرٹ نے آج برلن ميں واضح کيا کہ ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے خلاف اتحاد کے ساتھ تعاون موجودہ صورت ميں برقرار رہے گا تاہم شام ميں فوج تعينات کرنا ہرگز منصوبے کا حصہ نہيں۔ قبل ازيں واشنگٹن حکومت کے شام کے ليے خصوصی نمائندے جيمز جيفری نے جرمن اخبار ’ڈی ويلٹ‘ سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ جرمنی شام ميں اپنی بری فوج تعينات کرے۔ زائبرٹ نے واضح کيا کہ جرمنی داعش کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد ميں اہم کردار ادا کرتا آيا ہے۔

[pullquote]کشمير پر اقوام متحدہ کی رپورٹ، پاکستان اور بھارت پر تنقيد[/pullquote]

کشمير ميں صورتحال بہتر نہ ہونے پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے نے بھارت اور پاکستان پر تنقيد کی ہے۔ رپورٹ ميں کشمير کی صورتحال پر سابقہ رپورٹ ميں بيان کردہ تحفظات اور مسائل کے حل کے ليے اقدامات نہ کرنے پر نئی دہلی اور اسلام آباد حکومتوں کو تنقيد کا نشانہ بنايا گيا۔ تازہ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجی دستوں کی جانب سے کی گئی خلاف ورزيوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان پر تنقيد وہاں آزادی اظہار اور معلومات کے تبادلے ميں درپيش مسائل کے سبب کی گئی۔ رپورٹ ميں اقوام متحدہ کی ہيومن رائٹس کونسل سے مطالبہ کيا گيا ہے کہ کشمير ميں انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزيوں کے معاملے کی تفصيلی اور آزادانہ تحقيقات کرائی جائيں۔

[pullquote]’2017ء ميں پچاس ہزار عورتيں اہل خانہ کے ہاتھوں قتل ہوئيں‘[/pullquote]

سن 2017 کے دوران دنيا بھر ميں تقريباً پچاس ہزار عورتوں کو ان کے شوہروں، پارٹنرز يا ديگر اہل خانہ نے قتل کيا۔ يہ انکشاف منشيات و جرائم کے انسداد کے ليے سرگرم اقوام متحدہ کے دفتر (UNODC) نے اپنی ايک رپورٹ ميں کيا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سن 2017 ميں پر تشدد کارروائيوں يا جرائم کے نتيجے ميں ہلاک ہونے والی عورتوں کی تعداد 87,000 رہی۔ گھريلو تشدد کے سب سے زيادہ جان ليوا واقعات بر اعظم ايشيا ميں ديکھے گئے۔ ايشيائی ممالک ميں سن 2017 کے دوران بيس ہزار عورتوں کو ان کے اہل خانہ نے موت کے گھاٹ اتار ديا۔ افريقہ ميں ايسے کيسز کی تعداد انيس ہزار، بر اعظم امريکا ميں آٹھ ہزار اور يورپ ميں تين ہزار رہی۔ اگر بر اعظم کی مجموعی آبادی سے ايسے قتل کے تناسب کا موازنہ کيا جائے، تو براعظم افريقہ عورتوں کے ليے سب سے خطرناک ہے۔

[pullquote]ہر تين ميں سے دو افراد کو انصاف تک رسائی نہيں، رپورٹ[/pullquote]

دنيا بھر ميں ہر تين ميں سے دو افراد کو انصاف تک رسائی نہيں مل پاتی۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ايک رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ جبری مشقت کرنے والے افراد اور وہ افراد جن کی کوئی شہريت نہيں، اس صورت حال سے سب سے زيادہ متاثر ہيں۔ عالمی سطح پر ايسے افراد کی تعداد پانچ بلين کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ عالمی ادارے کا ہدف ہے کہ سن 2030 تک دنيا کے ہر شخص کو انصاف کے حصول کے ليے قانونی کارروائی اور مناسب سہوليات ميسر ہو سکيں۔

[pullquote]دوحہ ميں متصادم افغان دھڑوں کے درميان بات چيت[/pullquote]

افغانستان کے کئی متصادم گروپ اور مخالف دھڑے گزشتہ روز سے قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں جمع ہيں۔ اس ملاقات کا مقصد اٹھارہ سالہ جنگ کا خاتمہ، جنگ بندی کا حصول اور ملک ميں عورتوں اور اقليتوں کے حقوق کے بارے ميں کسی اتفاق رائے تک پہنچنا ہے۔ دوحہ ميں تقريباً ستر افغان مندوبين کے مابين ہونے والی يہ ملاقات اتوار کو شروع ہوئی اور آج پير کو بھی جاری ہے۔ تاہم ملاقات ميں پيش رفت کے بارے ميں فی الحال کوئی تفصيلات سامنے نہيں آئی ہيں۔ اس ملاقات کے انعقاد ميں قطر اور جرمنی کا بڑا ہاتھ ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے ليے خصوصی جرمن مندوب مارکوس پوٹسل نے بات چيت کا افتتاح کيا اور شرکاء سے کہا کہ ان کے پاس ملک ميں قيام امن کا یہ بہترين موقع ہے۔

[pullquote]ايران کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ نہيں چاہتا، ايرانی فوج کے سربراہ[/pullquote]

ايران کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ نہيں چاہتا۔ يہ بات ايرانی فوج کے سربراہ ميجر جنرل عبد الرحيم موسوی نے ملک کی نيم سرکاری نيوز ايجنسی مہر سے بات چيت کے دوران کہی ہے۔ آج ہی کے دن ملکی ٹيلی وژن پر براہ راست نشر ہونے والے اپنے ایک خطاب ميں ايرانی وزير دفاع امير حاتمی نے کہا ہے کہ ايران کے آئل ٹينکر کو تحويل ميں رکھنے کا برطانوی اقدام ’دھمکی آميز اور غلط‘ تھا۔ انہوں نے يہ بھی کہا کہ ايران کی جانب سے گزشتہ ماہ امريکی ڈرون گرائے جانے سے واشنگٹن کو يہ پيغام ديا گيا ہے کہ ايران اپنی سرحدوں کی حفاظت کرے گا۔ ان دنوں ايران اور امريکا کے مابين شديد کشيدگی جاری ہے۔

[pullquote]بھارت ميں بڑا ٹريفک حادثہ، متعدد ہلاکتيں[/pullquote]

بھارت ميں پيش آنے والے ايک ٹريفک حادثے ميں کم از کم 29 افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ حادثہ دہلی سے آگرہ جانے والے يمنا ہائی وے پر ہوا۔ ابتدائی تفتيش سے پتہ چلا ہے کہ ’ڈبل ڈيکر‘ مسافر بس کا ڈرائيور کچھ لمحات کے ليے سو گيا تھا، جس دوران يہ بس 40 فٹ نيچے ايک دريا ميں گر گئی۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قريب پيش آيا۔ بس پر مجموعی طور پر پچاس افراد سوار تھے۔ 29 ہلاکتوں کے علاوہ 18 ديگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ بھارت ميں ٹريفک حادثات ميں سالانہ بنيادوں پر ڈيڑھ لاکھ کے قريب افراد ہلاک ہو جاتے ہيں۔

[pullquote]فلپائن کی خونريز مہم کا معاملہ سلامتی کونسل ميں پيش کيا جائے، ايمنسٹی[/pullquote]

فلپائن ميں منشيات کے خلاف گزشتہ تين برس سے جاری مہم ميں ماورائے عدالت قتل وسيع پيمانے پر جاری ہيں۔ يہ انکشاف انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھنے والی تنظيم ايمنسٹی انٹرنيشنل نے آج پير کو جاری کی جانے والی ايک رپورٹ ميں کيا ہے۔ رپورٹ ميں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس ضمن ميں آزادانہ تحقيقات ممکن بنانے کے ليے قرارداد کا مطالبہ بھی کيا گيا ہے۔ فلپائن ميں منشيات فروشوں کے خلاف صدر روڈريگو ڈوٹيرٹے کی مہم ميں اب تک ہزاروں افراد کو ہلاک کيا جا چکا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظيميں اس مہم ميں انسانی حقوق کی شديد خلاف ورزيوں کی شکايت کرتی آئی ہيں۔

[pullquote]وينزويلا ميں سياسی بحران، بات چيت اسی ہفتے متوقع[/pullquote]

اقتصادی بحران اور سياسی عدم استحکام کے شکار ملک وينزويلا ميں حکومت اور اپوزيشن کے مابين ناروے کی ثالثی ميں بات چيت اس ہفتے متوقع ہے۔ يہ اعلان اتوار کی شب کيا گيا۔ اس ضمن ميں يورپی ملک ناروے کی وزارت خارجہ نے ايک بيان جاری کيا ہے، جس کے مطابق فريقين اس ہفتے بارباڈوس ميں مليں گے اور ملک کو درپيش بحرانوں کا آئينی حل تلاش کريں گے۔ وینزویلا ميں صدر نکولاس مادورو اقتدار میں ہيں جبکہ کئی يورپی ممالک سميت عوام کی بھی ايک بڑی تعداد اپوزيشن رہنما خوان گوائيڈو کو حکمرانی کرتے ديکھنا چاہتے ہيں۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں احتجاج اور گرفتاريوں کا سلسلہ جاری[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں مشتبہ افراد کی چين حوالگی سے متعلق ايک متنازعہ بل کی مخالفت ميں تازہ احتجاج کے دوران کم از کم چھ افراد کو حراست ميں لے ليا گيا ہے۔ پوليس نے پير کی صبح مطلع کيا کہ پانچ افراد کو پوليس کے خلاف تشدد کرنے پر حراست ميں ليا گيا ہے۔ اتوار کو کيے گئے مظاہرے ميں مختلف اندازوں کے مطابق چھپن ہزار سے دو لاکھ تيس ہزار کے درميان افراد نے شرکت کی۔ مظاہرين کی اکثريت اتوار کی شب گھروں کو لوٹ گئی ليکن بعض افراد نے رات گئے اور آج صبح تک احتجاج جاری رکھا۔ ہانگ کانگ ميں عوامی غم و غصے اور احتجاج کا يہ سلسلہ ايک متنازعہ بل کے معاملے پر گزشتہ چند ماہ سے جاری ہے۔ حکومت مجوزہ بل پر کام معطل کر چکی ہے ليکن اب مظاہرين ہانگ کانگ کی ليڈر کيری ليم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔

[pullquote]برٹش ايئر ويز پر بڑا جرمانہ عائد[/pullquote]

برٹش ايئر ويز پر تقريباً 183 ملين پاؤنڈز کا جرمانہ عائد کيا جا رہا ہے۔ ايئر لائن کے نگران انتظامی گروپ آئی اے جی نے يہ اطلاع آج پير کی صبح دی ہے۔ گروپ کے مطابق ہيکرز نے گزشتہ سال برٹش ايئر ويز کے سينکڑوں صارفين کے بينک ڈيٹا تک رسائی حاصل کر لی تھی اور اسی سبب ايئر لائن پر جرمانہ عائد کيا جا رہا ہے۔ يہ جرمانہ برطانيہ کے انفارميشن کمشنر آفس کی جانب سے عائد کيا گيا ہے۔ آئی اے جی نے فيصلے پر مايوسی ظاہر کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے