پیر : 09 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب نے سال میں دو بار عمرہ ویزہ جاری کرنے کی اضافی فیس ختم کردی[/pullquote]

سعودی عرب نے ایک سال میں 2 بار عمرہ ویزہ جاری کرنے کیلئے اضافی فیس ختم کردی۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین کا یہ اعلان وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت عمرہ زائرین کی تعداد 3 کروڑ سالانہ تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین کو تمام خدمات دی جائیں گی۔ گزشتہ دنوں سعودی حکومت نے پاکستانی حکومت کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے دو سال میں عمرہ کرنے والوں پر عائد 2 ہزار ریال فیس کی شرط ختم کردی تھی۔

[pullquote]مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا محرم الحرام کے جلوس پر تشدد، کئی عزادار زخمی[/pullquote]

سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں پابندی کے باوجود 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل 36 روز سے لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔قابض انتظامیہ کی جانب سے مسلسل لاک ڈاؤن سے بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بالکل بند ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود عزاداران حسین نے کرفیو توڑ کر جلوس نکالے۔ سری نگر میں بھی سخت ترین کرفیو کے باوجود 9 محرم الحرام کا جلوس نکالا گیا جس کو روکنے کیلئے قابض بھارتی فوج نے شرکاء پر لاٹھی چارج کیا۔بھارتی فوج نے عزاداروں پر پیلٹ گنز اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 عزادار زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے لاؤڈ اسپیکرز پر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی جارہی ہے جبکہ محرم کے جلوس روکنے کیلئے لال چوک اور اطراف کے علاقے سیل کر دیے ہیں اور ناکہ بندی مزید سخت کردی گئی ہے۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان پیر کی شام سے پانچ ہفتوں کے لیے معطل ہو جائے گی[/pullquote]

برطانوی حکومت نے پارلیمان کو پانچ ہفتوں کے لیے معطل کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم جانسن ایوان زیریں میں پندرہ اکتوبر کو نئے انتخابات کروانے کے لیے رائے شماری کروائیں گے۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔ اس کارروائی کے بعد پارلیمان آئندہ ماہ کے وسط تک معطل رہے گی۔ وزیراعظم بورس جانسن نے اکتیس اکتوبر تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ ان کے اس فیصلے کی برطانیہ میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

[pullquote]بھارت میں امام مسجد اور ان کی معذور اہلیہ کو قتل کر دیا گیا[/pullquote]

بھارتی ریاست ہریانہ میں نامعلوم افراد نے مسجد کے امام اور ان کی معذور اہلیہ کو قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے ضلع سونی پت کے علاقے ملک مجری میں مسجد کے امام عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین عرف مینا کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جب نمازی صبح نماز کے لیے مسجد میں گئے تو ملحقہ گھر میں دونوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دونوں کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کیا گیا، امام مسجد نے ایک سال قبل ہی شادی کی تھی اور ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دو گروپوں کے درمیان زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا اور امام مسجد نے انہیں تنازع ختم کرنے کا کہا تھا، جس پر ایک گروپ نے انہیں دھمکی دی تھی، ممکن ہے کہ اسی گروپ کے افراد نے امام مسجد اور ان کی اہلیہ کو قتل کیا ہو۔

[pullquote]شام سے اسرائیل کی جانب متعدد راکٹ فائر:اسرائیلی فوج[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے اسرائیل کی طرف متعدد راکٹ فائر کیے گئے لیکن یہ اسرائیلی حدود میں پہنچنے تک ناکام رہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ راکٹ دمشق کے مضافات سے ایرانی قدس فورس کی اتحادی ملیشیا نے فائر کیے۔ اسرائیلی فوج ایسے تمام واقعات کی ذمہ داری شام کی حکومت پر ڈالتی ہے۔

[pullquote]برٹش ایئرویز کی تمام پروازیں منسوخ[/pullquote]

برٹش ایئرویز کی دنیا بھر میں تقریبا تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس فضائی کمپنی کے پائلٹوں نے تنخواہوں کے معاملے پر اختلافات کی وجہ سے اڑتاليس گھنٹوں کی ہڑتال کرنے کا اعلان کيا تھا۔ ہڑتال کی وجہ سے دارالحکومت لندن کے ہوائی اڈوں پر تقريباً ايک لاکھ پينتاليس ہزار مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ ہڑتال کی کال برٹش ايئر لائن پائلٹس ايسوسی ايشن (BALPA) نامی يونين نے تقريباً نو ماہ تک جاری رہنے والے مذاکراتی عمل کی ناکامی کے بعد دی۔

[pullquote]امریکا نے طالبان سے مذاکرات کے لیے شرائط رکھ دیں[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطابق افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ امن مذاکرات کا آغاز ممکن ہے لیکن اس کے لیے طالبان کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا حالات بہتر ہونے کی صورت میں ہی اپنے فوجی افغانستان سے نکالے گا۔ ہفتے کی شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھاکہ امریکا افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات ختم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس کی وجہ چند روز پہلےکابل میں ہونے والا وہ حملہ بتایا، جس میں ایک امریکی فوجی سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]جرمن پولیس نے افغانستان میں تربیتی مشن عارضی طور پر بند کر دیا[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد جرمن حکام نے افغانستان میں جاری پولیس کا ایک تربیتی پروگرام معطل کر دیا ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق سخت ترین سکیورٹی کے باوجود کابل میں ان کے اہلکاروں کے زیر استعمال عمارتیں قابل رہائش نہیں رہیں۔ اس پولیس ٹریننگ پروگرام میں شامل گیارہ جرمن اہلکاروں اور ان کے ٹیم لیڈر کو اب جرمن سفارت خانے میں ٹھہرایا جا رہا ہے جبکہ بائیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کے باقی اہلکار واپس جرمنی پہنچ چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت نے کشمیر میں پھر سکیورٹی سخت کر دی[/pullquote]

بھارت نے عاشورہ کے جلوسوں سے پہلےکشمیر کے مختلف حصوں میں پھر کرفیو لگا دیا ہے۔ سرینگر کے لال چوک میں پولیس نے لاؤڈ اسپیکروں پر لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ بھارتی حکام نے گزشتہ روز محرم کے ایک جلوس میں شامل افراد کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد سکیورٹی مزید سخت بنا دی تھی۔ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا ہفتے کے روز کہنا تھا کہ ’امن اور لوگوں کی حفاظت کے لیے مناسب پابندیاں‘ ضروری ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کی طرف سے گزشتہ پینتیس روز سے عائد کردہ پابندیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

[pullquote]بھارت میں کتے کے کاٹنے سے 31 افراد اسپتال پہنچ گئے[/pullquote]

مغربی بھارت کے شہر کولہا پور میں کتے کے کاٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد اسپتال پہنچ گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ کتے کے کاٹنے سے متاثرہ 21 مرد، 7 خواتین اور 3 بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔کولہاپور میونسپل کارپوریشن کے جانوروں سے متعلق ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم روزانہ 10 آوارہ کتوں کو پکڑتی ہے، ہم کولہاپور میں کتوں کو جراثیم کش ادویات دیتے ہیں اور کتوں کی تعداد کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وٹرنری حکام کا کہنا ہے کہ جب ایک علاقے میں کتوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے تو دوسرے علاقوں سے کتے وہاں آ جاتے ہیں۔

[pullquote]حزب اللہ کا اسرائیلی ڈرون گرانے کا دعویٰ[/pullquote]

لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے پیر کے روز ایک اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بیان کے مطابق اس ڈرون کو لبنانی سرحد عبور کرنے کے بعد نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب ایک ہفتہ پہلے ہی حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ حزب اللہ کے مطابق ڈرون کا ملبہ اس کے قبضے میں ہے ۔ دوسری جانب اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کا ڈرون طیارہ ایک معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے لیکن اس کا ملبہ لبنانی حدود کے اندر گرا ہے۔ سن دو ہزار چھ میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آغاز بھی ایسی ہی جھڑپوں سے ہوا تھا اور اس تینتیس روزہ لڑائی میں بارہ سو لبنانی اور ایک سو ساٹھ اسرائیلی مارے گئے تھے۔

[pullquote]شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے 18 جنگجو ہلاک[/pullquote]

شام کے مشرق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے کم از کم اٹھارہ جنگجو مارے گئے ہیں۔ شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ صدر اسد کی حمایت میں لڑنے والے ان جنگجوؤں کو کس ملک کے جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔ شامی صوبہ دیر الزور کے مشرق میں واقع بوکمال کے علاقے میں اس ملیشیا کی چوکیوں، فوجی گاڑیوں اور اسلحے کے ذخیروں کو تباہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]یورپ نیوکلیئر معاہدے کو بچانے میں ناکام ہو رہا ہے: ایران[/pullquote]

ایران نے یورپی طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سن دو ہزار پندرہ کے عالمی جوہری معاہدے کو محفوظ رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔ ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایک بیان میں کہاکہ یورپی یونین نے امریکا کے متبادل کے طور پر جگہ لینی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ اس میں ناکام ہو رہی ہے۔ دوسری جانب جرمن وزیر خارجہ نے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ تہران جوہری تنازعے کو بڑھانے سے باز رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے ورنہ اس مسئلے کے پرامن حل کا موقع ہاتھ سے نکل سکتا ہے۔ قبل ازیں ایران نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ وہ یورنیم کی افزودگی بڑھانے جا رہا ہے۔

[pullquote]سوڈان میں نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں صدر عمر البشیر کی معزولی کے بعد پہلی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ یہ اٹھارہ رکنی کابینہ سوڈانی فوج اور جمہوریت نواز مظاہرین کے درمیان اقتدار کی شراکت کے ایک معاہدے کے نتیجے میں تشکیل دی گئی ہے۔ یہ معاہدہ اگست میں امریکا اور خطے کے عرب ممالک کی کوششوں سے طے پایا تھا۔ سوڈان کے سابق حکمران عمر البشیر کو اپریل میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے اقتدار سے الگ کر دیا تھا۔ نئی کابینہ کو ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور افراط زر کے مسائل کا سامنا ہے۔

[pullquote]جاپان میں طوفان ’فکسائی‘ سے نظام درہم برہم، درجنوں پروازیں منسوخ[/pullquote]

جاپان میں آنے والے فکسائی طوفان نے تباہی مچادی جس سے درجنوں پروازیں منسوخ اور بجلی سمیت ٹرانسپورٹ کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں آنے والے طاقتور طوفان کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے جب کہ طوفان کے نتیجے میں 10 لاکھ کے قریب گھر بجلی سےمحروم ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں پیر کے روز جاپان کے ساحلی شہر چھیبا میں موسلا دھار بارشیں ہوئی اور 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس سے شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ،طوفان نے ٹوکیو شہر کو بھی متاثر کیا جس سے شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہوگیا جس کے باعث شہر کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر بلٹ ٹرین اور سب وے سروسز کے لیے مسافروں کا جم غیر جمع ہوگیا۔طوفان کے باعث ٹوکیو شہر میں متاثر ہونے والی ٹرین سروس عارضی بحال ہوگئی ہے تاہم تمام ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جب کہ ٹوکیو کے ائیرپورٹس سے چلنے والی 100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ ٹوکیو اور یوکوماہا سے ہنیڈا ائیرپورٹ تک چلنے والی تمام ٹرینیں بھی منسوخ ہیں۔

[pullquote]رافیل نڈال نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد 19 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیت لیا[/pullquote]

اسپین کے رافیل نڈال نے پانچ گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد روس کے ڈینیل مدویدو کو ہرا کر یو ایس اوپن ٹائٹل جیت لیا۔فلشنگ میڈوز نیویارک میں کھیلا گیا سال کے آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن کا فائنل اسپین کے رافیل نڈال اور روس کے ڈینیل مدویدو کے درمیان ہوا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور یہ میچ 4 گھنٹے 51 منٹ تک جاری رہا۔اعصاب شکن مقابلے کے بعد اسپین کے رافیل نڈال نے ڈینیل کو پانچ سیٹ کے ہیروئک اسپیل کے بعد شکست دے کر اپنا 19واں بڑا ٹائیٹل حاصل کیا۔رافیل نڈال کی جیت کا اسکور سات پانچ، چھ تین، پانچ ساتھ، چار چھ اور چھ چار رہا۔یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد رافیل نڈال نے سخت حریف ثابت ہونے والے روسی کھلاڑی ڈینینل مدویدو کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد بھی دی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے