پیر : 20 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یمنی فوجیوں پر حملہ دہشت گردانہ کارروائی تھی، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے یمنی فوجیوں پر یمنی حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملہ ظاہر کرتا ہے کہ حوثی ملیشیا کے نزدیک مقدس مقامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ اتوار بیس جنوری کو کیے جانے والے میزائل حملے میں 116 یمنی فوجی مارے گئے تھے۔ آج پیر کو بھی طبی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ایران نواز حوثی ملیشیا کا میزائل ایک مسجد پر گرا تھا جہاں فوجی نماز کی تیاری میں مصروف تھے۔

[pullquote]جوہری ڈیل کا احترام کر رہے ہیں، ایران[/pullquote]

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تہران حکومت ابھی بھی سن 2015 میں طے پانے والی جوہری ڈیل کا احترام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بیان میں یورپی اقوام کی جانے سے اٹھائے گئے تحفظات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی کے مطابق حقیقت میں یورپی طاقتیں اس ڈیل کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہی ہیں۔ ہفتہ وار بریفنگ میں موسوی نے یہ بھی کہا ایران جوہری ڈیل کے عزم میں مزید کمی لا سکتا ہے اور اس کا انحصار ڈیل کے دوسرے دستخط کنندگان پر ہے کہ وہ کس حد تک ایرانی مفادات کا احترام کرتے ہیں۔

[pullquote]روہنگیا کی نسل کشی نہیں کی گئی، میانمار حکومتی پینل[/pullquote]

میانمار کے خصوصی حکومتی پینل نے اپنی تفتیشی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ سن 2017 میں راکھین ریاست میں روہنگیا نسل کے خلاف کی جانے والی فوجی کارروائی کے دوران نسل کشی کے شواہد دستیاب نہیں ہوئے ہیں۔ تفتیشی پینل نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ انکوائری کے دوران ایسے ٹھوس ثبوت بھی نہیں ملے جس سے فوجی اہلکاروں کو جنگی جرائم کا قصور وار ٹھہرایا جا سکے۔ حکومتی پینل نے اپنی رپورٹ مقامی دیہاتیوں کے انٹرویوز بھی شامل کیے ہیں۔ اس پینل نے روہنگیا عسکریت پسندوں پر الزام لگایا کہ ان کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی وجہ سے کریک ڈاؤن کی ضرورت محسوس کی گئی تھی۔ پینل نے اپنی رپورٹ ملکی حکومت کو جمع کروا دی ہے۔

[pullquote]جاپان بھی خلائی دفاعی فوج کھڑی کرے گا[/pullquote]

جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ ملک کو خلا سے ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں اور اس باعث خلائی دفاع پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاپانی خلائی سیٹلائٹس کو سائبر اسپیس اور الیکٹرو میگنیٹک مداخلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ٹوکیو میں روس اور چین کے حوالے سے دفاعی خدشات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جاپان کا اسپیس ڈومین مشن رواں برس اپریل سے کام کرنا شروع کر دے گا۔ اس مناسبت سے دارالحکومت ٹوکیو کے مغربی نواحی علاقے فوچو کے ایئر بیس کو خلائی مشن کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ جاپانی وزیراعظم کی کابینہ نے دسمبر میں خلائی دفاع کے لیے ساڑھے چار سو ملین ڈالر سے زائد کی رقم مختص کی تھی۔

[pullquote]لبنانی سکیورٹی صورت حال، صدر نے خصوصی میٹنگ طلب کر لی[/pullquote]

لبنان کے صدر مشیل عون نے ویک اینڈ پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں خصوصی سکیورٹی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ ویک اینڈ کے مظاہروں میں 540 سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے تھے۔ آنسو گیس کی وجہ سے کئی مظاہرین کو سانس لینے بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان شبینہ مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کے ساتھ ساتھ فائر کریکرز بھی پھینکے اور جوابی کارروائی میں پولیس نے آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔ صدر نے سکیورٹی میٹنگ میں وزرائے داخلہ اور دفاع کے علاوہ ملکی افواج کے سربراہوں کو بھی طلب کیا ہے۔

[pullquote]سات لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا[/pullquote]

نیپالی حکام نے بتایا ہے کہ ہقتہ اٹھارہ جنوری کو لاپتہ ہونے والے سات کوہ پیماؤں کی تلاش پیر بیس جنوری کو دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ اس تلاش میں فوج کے خصوصی دستے بھی شامل ہیں۔ لاپتہ افراد ایک برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے۔ لاپتہ ہونے والوں میں چار جنوبی کوریائی مہم جو اور تین نیپالی گائیڈز ہیں۔ لاپتہ کوہ پیماؤں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ جنوبی کوریائی وزارت خارجہ کے مطابق چاروں کوہ پیما دس ہزار چھ سو فٹ (3230 میٹر) کی بلندی پر تھے جب اؑن پر برفانی تودہ گرا۔ کھٹمنڈو سے سیاحتی محکمے کے مطابق یہ برفانی تودہ کوہ اناپورنا کے ایک مشہور ٹریک پر گرا تھا۔

[pullquote]لیبیا کانفرنس: امن کے قیام کے مطالبے میں شدت[/pullquote]

جرمنی میں لیبیا میں قیام امن کے حوالے سے منعقد ہوئی بین الاقوامی کانفرنس میں اتفاق کر لیا گیا کہ اس تنازعے کے فریقین کو اسلحہ فراہم نہ کرنے کی پابندی پر سخت طریقے سے عمل کیا جائے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا، ”ہم نے ایک جامع منصوبے پر اتفاق کر لیا ہے۔ میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ اس ڈیل کے لیے تمام شرکا نے مل کر تعمیری انداز میں کام کیا ہے۔‘‘ تاہم ناقدین کے مطابق یہ کانفرنس متحارب فریقین میں سنجیدہ مکالمت شروع کرنے میں ناکام رہی ہے۔ دونوں لیبین رہنماؤں کے درمیان کوئی معاہدہ بھی طے نہ پا سکا۔ شریک عالمی لیڈروں نے خانہ جنگی کے حالات میں دوسرے ملکوں کی مداخلت کو فوری طور پر ختم کرنے کو اہم قرار دیا۔ برلن کانفرنس اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے وزیراعظم فائز السراج اور جنگی سردار خلیفہ حفتر بھی شریک تھے۔ عالمی لیڈروں میں روس، ترکی اور فرانس کے صدور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ہمراہ امن کانفرنس میں شریک تھے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی برلن منعقدہ اجلاس میں موجود تھے۔

[pullquote]چینی نمونیے بیماری کا وائرس تیسرے ایشیائی ملک میں پہنچ گیا[/pullquote]

تھائی لینڈ اور جاپان کے بعد جنوبی کوریا کے طبی حکام نے ایک مریض میں اُس وائرس کی تشخیص کی ہے، جو وسطی چینی صوبے وُوہان میں وبا کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ نمونیا بیماری کے وائرس کی حامل جنوبی کوریائی خاتون ووہان سے واپس اپنے ملک پہنچی تھی۔ دوسری جانب وُوہان میں اس وائرس کی وجہ سے تیسرا مریض بھی شدید علالت کی وجہ سے دم توڑ گیا ہے۔ اِس صوبے میں ایک سو چھتیس نئے مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ اسی طرح چینی دارالحکومت بیجنگ میں بھی ووہان سے لوٹنے والے دو افراد میں نمونیے کی علامات پائی گئی ہیں۔ اس وائرس کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ تک پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ گوانگ ڈونگ میں آٹھ افراد کی طبی نگہداشت جاری ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں پیدل چلنے والوں کا پل گرنے سے نو افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشی جزیرے سماٹرا میں پیدل چلنے والے افراد کے لیے بنائے گئے پل کے گرنے سے نو افراد دریا میں ڈوب گئے ہیں۔ کسی حد تک کمزور پل دریا میں آنے والے زوردار سیلابی ریلے کو برداشت نہ کر سکا۔ اس سیلاب کی وجہ اتوار انیس جنوری کو ہونے والی زور دار بارش تھی۔ مقامی افراد نے سترہ افراد کو بچا لیا ہے۔ پل گرنے کی بڑی وجہ اُس پر تیس طلبا کا ایک ساتھ کھڑے ہونا بتایا گیا ہے۔ اتنے طلبا کے وزن سے لرزتا پل زور دار سیلابی ریلے کی شدت سے گر گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طلبا دریا میں سے گزرتے سیلابی ریلے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

[pullquote]آسٹریلیا میں شدید ژالہ باری اور طوفان باد و باراں[/pullquote]

مختلف آسٹریلوی علاقوں کو آج زوردار طوفانِ باد و باراں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری کا سامنا رہا۔ انتہائی تیز ہوا، شدید بارش اور ژالہ باری نے لوگوں کو مالی نقصان پہنچایا ہے۔ کم از کم دو افراد ژالے لگنے سے زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ پیر بیس جنوری کو ہونے والی موسلا دھار بارش سے فلش فلڈز کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ آسٹریلوی جنگلاتی آگ نے کئی ملین ایکڑ علاقے کو جلا کر رکھ کر دیا ہے اور اس کی لپیٹ میں آ کر ہونے والی ہلاکتیں انتیس تک پہنچ گئی ہیں۔ آگ ابھی بھی بعض علاقوں میں لگی ہوئی ہے۔

[pullquote]روس: گرم پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

روسی شہر پَرم میں شدید گرم پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے کم از کم پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ کھولتا گرم پانی ایک ہوٹل کی بیسمنٹ کے کمروں میں داخل ہو گیا اور ان کمروں میں ٹھہرے افراد گرم پانی کی لپیٹ میں آ گئے۔ تین دوسرے افراد گرم پانی سے جھلس گئے ہیں اور انہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام نے ہوٹل کی انتظامیہ کے خلاف ناکافی حفاظتی انتظامات کی بنیاد پر فوجداری کارروائی شروع کر دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے