پیر : 29 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانوی جہاز کے بدلے ایرانی ٹینکر، لندن نے تجویز رد کر دی[/pullquote]

برطانیہ نے پیر کے روز یہ تجویز مسترد کر دی کہ ایک ایرانی ٹینکر کے بدلے برطانوی پرچم والا وہ بحری جہاز واگزار کیا جا سکتا ہے، جسے خلیج کے علاقے میں ایرانی دستوں نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ لندن اور تہران کے مابین اس وقت سے کافی کشیدگی پائی جاتی ہے، جب رواں ماہ ہی ایرانی کمانڈوز نےایک برطانوی بحری جہاز پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس سے قبل برطانوی دستوں نے بھی جبرالٹر کے قریب ایک ایرانی تیل بردار بحری جہاز کو یہ الزام لگاتے ہوئے اپنے قبضے میں لے لیا تھا کہ وہ جنگ زدہ شام کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا تھا۔ اس بارے میں برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ بات کسی تبادلے کی نہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے احترام کی ہے۔

[pullquote]روس میں ہزار سے زائد اپوزیشن مظاہرین کی گرفتاری، جرمنی کو گہری تشویش[/pullquote]

جرمن حکومت نے روس میں پولیس کی طرف سے ایک ہزار سے زائد اپوزیشن کارکنوں کے گرفتار کر لیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برلن حکومت کے ایک ترجمان نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ روسی پولیس کے ہاتھوں گزشتہ ہفتے کے دن ماسکو میں ایک ہزار سے زائد اپوزیشن کارکنوں کی گرفتاری ایک باعث تشویش اقدام ہے۔ یہ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ روس میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں صدر پوٹن کے ناقد سیاسی رہنماؤں کو بھی حصہ لینے کا موقع دیا جانا چاہیے، جو ان کا جمہوری حق ہے۔ جرمن حکومت نے ان گرفتاریوں کو روس میں صدر پوٹن کے مخالفین کے خلاف حالیہ برسوں میں کیے جانے والے سب سے بڑے کریک ڈاؤن کا نام دیا ہے۔

[pullquote]کیلی فورنیا میں فوڈ فیسٹیول کے شرکاء پر فائرنگ، حملہ آور سمیت چار افراد مارے گئے[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی شہر گِلروئے میں ایک فوڈ فیسٹیول کے شرکاء پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک مشتعل مسلح شخص سکیورٹی کنٹرول سے بچنے کے لیے ایک حفاظتی باڑ کاٹ کر اس میلے کی حدود میں داخل ہو گیا تھا، جہاں اس نے عام لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تھی۔ فائرنگ کے دوران یہ حملہ آور خود بھی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔ اس تین روزہ میلے میں شرکاء کی تعداد تقریباﹰ ایک لاکھ تک رہتی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ خونریز واقعہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام پانچ اور چھ بجے کے درمیان پیش آیا۔

[pullquote]نوڈیل بریگزٹ کا خوف: برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں ایک فیصد سے زائد کی کمی[/pullquote]

برطانیہ میں ملکی کرنسی پاؤنڈ کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پیر کو ایک فیصد سے بھی زائد کی کمی دیکھی گئی۔ یوں برٹش پاؤنڈ امریکی ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ دو برسوں کے دوران اپنی کم ترین سطح پر آ گیا۔ اس کی وجہ برطانیہ کے یورپی یونین سے کسی باقاعدہ ڈیل کے بغیر ہی نکل جانے کے حوالے سے پھیلتا ہوا سیاسی خوف بنا۔ پیر کو بعد دوپہر پاؤنڈ کی ڈالر کے مقابلے میں قدر ایک فیصد سے زائد کی کمی کے بعد 1.2255 ڈالر کے برابر رہ گئی تھی۔

[pullquote]چین کی طرف سے ہانگ کانگ میں پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت[/pullquote]

چینی حکومت کی طرف سے ہانگ کانگ میں پولیس اور مظاہرین کے مابیں پرتشدد تصادم کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ بیجنگ میں چین کے اس خصوصی انتظامی علاقے سے متعلقہ امور کے دفتر کے ایک ترجمان نے کہا کہ اہم ترین بات ہانگ کانگ میں قانون کی عمل داری اور عوامی نظم و ضبط کی بحالی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان پرتشدد واقعات کی وجہ ایسے ’انتہا پسند عناصر کی طرف سے طاقت کا استعمال‘ بنا، جنہوں نے وہاں سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے شہری زندگی مشکل بنا دی تھی۔ ہانگ کانگ میں ہزار ہا شہریوں کی طرف سے مقامی سیاسی قیادت کے خلاف مظاہرے کئی ہفتوں سے جاری ہیں، جس دوران ہفتے اور اتوار کو بھی وہاں کافی بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی۔

[pullquote]ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف کاوشیں جرمن آئین کا حصہ ہونا چاہییں، صوبائی وزیر اعلیٰ[/pullquote]

جنوبی جرمن صوبے باویریا کے وزیر اعلیٰ اور قدامت پسندوں کی یونین جماعت کرسچین سوشل یونین کے سربراہ مارکوس زؤئڈر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف کاوشوں کو وفاقی جرمن آئین کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ ایک معروف جرمن اخبار میں آج پیر کو شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحفظ ماحول کو یقینی بنانا جرمنی میں وفاقی حکومت کا لازمی فریضہ ہونا چاہیے۔ مارکوس زوئڈر نے کہا کہ اس مقصد کے لیے صرف موجودہ مخلوط وفاقی حکومت میں شامل پارٹیوں کو ہی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ جرمن حکومت کی قائم کردہ ایک ٹاسک فورس بیس ستمبر کو ایک ایسے منصوبے سے متعلق اپنا فیصلہ کرے گی کہ حکومت کو تحفظ ماحول کے لیے کون کون سے لازمی اقدامات کرنا ہوں گے۔

[pullquote]یورپ کی سب سے بڑی سستی ایئر لائن کے منافع میں بیس فیصد کمی[/pullquote]

یورپ کی سب سے بڑی سستی ایئر لائن راین ایئر کے منافع میں سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران بیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کا سبب بہت سستی ٹکٹیں اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بنیں۔ آئرلینڈ کی اس فضائی کمپنی کی طرف سے بتایا گیا کہ اس سال اپریل سے جون تک اس کمپنی کو دو سو تینتالیس ملین یورو منافع ہوا، جو گزشتہ برس کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں پانچواں حصہ کم تھا۔ اس دوران کمپنی کی آمدنی اور مسافروں کی مجموعی تعداد میں گیارہ فیصد اضافہ بھی ہوا لیکن کرایوں میں مزید چھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال کے دوران راین ایئر کو ساڑھے نو سو ملین یورو تک منافع کی امید ہے۔

[pullquote]جرمنی میں غار میں پھنسے دونوں شہریوں کو بچا لیا گیا[/pullquote]

جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ میں روئٹلِنگن نامی شہر کے قریب ایک غار میں پھنس جانے والے دونوں افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ یہ دونوں شہری اتوار کی سہ پہر فالکن شٹائنر نامی ایک مقامی پہاڑی غار کے اندر گئے ہوئے تھے کہ شدید بارشوں کے بعد اس میں پانی بھر جانے کے باعث وہاں پھنس کر رہ گئے تھے۔ ان میں سے ایک کو اس غار سے گزشتہ رات نکال لیا گیا تھا جبکہ دوسرے کو امدادی کارکنوں نے آج پیرکو قبل از دوپہر بچا لیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے