پی سی بی نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کی انعامی رقوم میں 233 فیصد اضافہ کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قومی سطح پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹس کی انعامی رقوم میں 233 فیصد تک اضافہ کر دیا۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 2019-20 پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ کرے گا اور پورے سیزن میں ایک کھلاڑی کو سالانہ 20 لاکھ روپے کی آمدن ہو گی جب کہ ڈومیسٹک سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی سالانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرے گا۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم میں 233 فیصد، پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کی انعافی رقم میں 150 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا ہے۔

قائداعظم ٹرافی کی میچ فیس 50 سے بڑھا کر 75 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے جب کہ پاکستان کپ اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میچ فیس 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑی تھری اور فور اسٹار ہوٹل میں رہائش اختیار کریں گے اور بین الصوبائی سفر کے لیے کھلاڑی ہوائی جہاز کا استعمال کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو طویل عرصہ ان کے جائز حق سے محروم رکھنا افسوسناک تھا، نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر کھلاڑیوں کا معیار زندگی بہتر کرے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک اسٹرکچر تبدیل کر کے 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت قائداعظم ٹرافی کا پہلا مرحلہ 14 ستمبر سے 8 اکتوبر اور دوسرا مرحلہ 28 اکتوبر سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے 12 نومبر تک جاری رہے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے