ہفتہ : 06 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام یہودی کی ہلاکت کیخلاف پُر تشدد مظاہرے[/pullquote]

اسرائیل میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام یہودی کی ہلاکت کے خلاف صیہونی ریاست کے مختلف شہروں میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔ چند روز قبل اسرائیلی پولیس نے تل ابیب میں 19 سالہ ایتھوپین نژاد سیاہ فام یہودی سلیمان تیکا کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام یہودی کی ہلاکت کے خلاف اسرائیل میں شروع ہونے والے پرتشدد مظاہرے پانچویں روز میں داخل ہو گئے ہیں۔مظاہرین کی جانب سے سلیمان تیکا کے قاتل پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے مطالبے کے ساتھ مختلف شہروں میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا جا رہا ہے۔اسرائیل کے مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جب کہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا۔

[pullquote]ترک صدر نے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کر دیا[/pullquote]

ترکی میں ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے مرکزی بینک کے گورنر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ جمعے کے روز صدر رجب طیب ایردوآن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں مرکزی بینک کے گورنر مراد چیتنکایا کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئیں، جب کہ ان کے نائب کو مرکزی بینک کے گورنر کا عہدہ سنبھالنے کا کہا گیا۔ مراد چیتنکایا اپریل 2016 میں ترکی کے مرکزی بینک کے گورنر تعینات کیے گئے تھے۔ فی الحال اس برطرفی کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم صدر ایردوآن مسلسل ملک میں بلند شرح سود کے خلاف بیانات دیتے آئے ہیں۔ گورنر چیتنکایا حکومت کی جانب سے شرح سود میں کمی کی تجویز کے مخالف تھے۔

[pullquote]تارکینِ وطن کے خلاف جلد ہی چھاپے مارے جائیں گے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں موجود غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپوں اور ان کی ملک بدریوں کا سلسلہ جلد ہی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن تیار رہیں، کیوں کہ امیگریشن حکام جلد ہی ان کے پاس آنے والے ہیں۔ گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن موخر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم گزشتہ ہفتے ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اب چار جولائی کے بعد شروع ہو جائے گا۔ امریکی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ابتدا میں یہ کریک ڈاؤن ان تارکین وطن کے خلاف ہو گا، جو حال ہی میں امریکا پہنچے ہیں۔

[pullquote]میکسیکو میں 24 مغوی تارکین وطن بازیاب[/pullquote]

میکسیکو حکام نے وسطی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 مغوی تارکین وطن کو بازیاب کرا لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان مغویوں میں نو بچے بھی شامل ہیں۔ ان افراد کو تین ہفتے قبل میکسیکو کی گواناخواتو ریاست سے اغوا کر لیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو 20 روز تک سیلایا قصبے میں رکھا گیا۔ حکام کے مطابق ان مغویوں کے رشتہ دار ان افراد کی بازیابی کے لیے تاوان کی رقم جمع کرنے میں مصروف تھے۔

[pullquote]جنوبی کیلی فورنیا میں زلزلے کے مزید جھٹکے[/pullquote]

جمعے کے روز جنوبی کیلی فورنیا میں زلزلے کے مزید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ امریکی ارضیاتی جائزے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کیلی فورنیا کی ڈیتھ ویلی کے قریب آنے والا یہ زلزلہ اس علاقے میں سن 1999 کے بعد اب تک کا شدید ترین زلزلہ تھا۔ اس زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جمعرات کو اسی علاقے میں چھ اعشاریہ چار کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

[pullquote]لیبیا میں فوراﹰ فائربندی کی جائے، سلامتی کونسل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعے کو لیبیا میں متحارب فریقوں کو فوری طور پر فائر بندی کا کہا ہے۔ طرابلس پر قبضے کے لیے گزشتہ تین ماہ سے جاری مسلح کارروائی میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فضائی کارروائیوں میں ایک مہاجر مرکز پر بھی بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود متعدد تارکین وطن بھی مارے گئے۔ لیبیا کے مشرقی حصے میں موجود خلیفہ حفتر کی افواج دارالحکومت طرابلس پر قبضے کی کوشش میں ہیں، جب کہ طرابلس میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت اس شہر کے دفاع کی کوششوں میں ہے۔ خلفیہ حفتر کی فوج لڑاکا طیاروں کا استعمال بھی کر رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے جاری ان کارروائیوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]ادلب میں فضائی کارروائی، کم از کم 13 عام شہری ہلاک[/pullquote]

شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شام کے شمالی صوبے ادلب میں ایک فضائی حملے میں کم از کم تیرہ عام شہری مارے گئے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مہمبل نامی گاؤں پر شامی حکومت کے طیاروں نے جمعے کی شب بم برسائے۔ آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سات بچے اور تین خواتین شامل ہیں، جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادلب سے تعلق والے انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں دس ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا اور بیرل بم گرائے۔

[pullquote]برطانیہ ایرانی آئل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دے، تہران[/pullquote]

تہران حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیے گئے ایرانی آئل ٹینکر کو فوری طور پر چھوڑ دے۔ ایرانی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ برطانوی کارروائی امریکی ایما پر کی گئی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس معاملے پر ایران میں تعینات برطانوی سفیر سے ملاقات کی اور اس واقعے کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیا۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ کہ اگر برطانیہ یہ ٹینکر رہا نہیں کرتا، تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور برطانوی آئل ٹینکر کو بھی روکا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب خلیج فارس میں امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

[pullquote]روس شمال مغربی ادلب میں تشدد کے خاتمے میں مدد دے، عالمی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے شام گیئر پیڈرسن نے روس سے اپیل کی ہے کہ وہ ادلب صوبے میں تشدد کے خاتمے کے لیے تعاون کرے اور شام میں ایک نئے دستور کی تیاری کی حمایت کرے۔ انہوں نے یہ بات روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف سے ملاقات کے بعد کہی۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ترکی ادلب میں تشدد کے واقعات میں کمی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ روس اور ترکی نے ادلب میں اشتعال انگیز کارروائیوں میں کمی کے لیے ایک معاہدے پر بھی اتفاق کیا تھا، تاہم اس ڈیل کے باوجود علاقے میں تشدد کے واقعات بدستور جاری ہیں۔

[pullquote]حوثی باغیوں کے ڈرون کے خلاف سعودی کارروائی[/pullquote]

یمن میں متحرک ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب بھیجے گئے ڈرون طیاروں کو سعودی فورسز نے روک دیا۔ ریاض حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حوثی باغی سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرونز نے سعودی علاقے جازان کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ فی الحال یہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں کہ آیا ان کارروائیوں میں ہوائی اڈے کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔ یمن میں سعودی قیادت میں عرب اتحاد مارچ 2015 سے عسکری کارروائیوں میں مصروف ہے۔

[pullquote]نئی مودی سرکار کا انفراسٹرکچر کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا منصوبہ[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی کی حکومت نے ملک میں انفراسٹرکچر ، ڈیجیٹل اکانومی اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس وقت بھارت میں بے روزگاری کی شرح چھ اعشاریہ ایک فیصد ہے، جو گزشتہ 45 برس کی بلند ترین سطح ہے۔ بھارتی حکومت نے سن 2025 کے لیے اقتصادی نمو کی شرح میں اضافے کا ہدف پانچ ٹریلین ڈالر مقرر کیا ہے، جو اس وقت دو اعشاریہ سات ٹریلین ڈالر ہے۔ حکومتی منصوبہ ہے کہ اگلے برس مارچ تک اقتصادی نمو کو تین ٹریلین ڈالر تک پہنچایا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے