ہفتہ : 20 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران خطرناک راستہ اختیار کر رہا ہے، برطانوی وزیر خارجہ[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران کی طرف سے اپنے آئل ٹینکر پر قبضے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اس ٹینکر کو نہ چھوڑا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک پریشان کن پیش رفت ہے اور ’ایران شاید غیرقانونی اور عدم استحکام کا باعث بننے والا خطرناک رویہ اختیار کر رہا ہے۔‘ انہوں نے واضح کیا ہے کہ لندن حکومت اپنے بحری جہاز کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس تناظر میں فوجی راستہ اختیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

[pullquote]برطانوی ٹینکر پر ایرانی قبضہ ’ناقابل جواز‘ ہے، جرمنی[/pullquote]

جرمنی اور فرانس نے ایران کی طرف سے برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لینے کے عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق آبنائے ہرمز میں برطانوی تجارتی جہاز پر ايرانی قبضہ ‘ناقابل جواز‘ ہے۔ مزید کہا گیا کہ اس طرح خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اس ٹینکر اور اس میں سوار عملے کے ارکان کو فوری طور پر چھوڑ دے۔

[pullquote]برطانوی آئل ٹینکر نے وارننگ نہیں سنی، ایران[/pullquote]

ایرانی نیوز ایجنسی فارس نے ہفتے کے دن بتایا کہ تحویل میں لیے گئے برطانوی آئل ٹینکر کا ماہی گیروں کی ایک کشتی کے ساتھ ایکسیڈنٹ ہوا تھا، جس کے بعد اسے رکنے کے لیے کہا گیا لیکن اس نے وارننگ نہ سنی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد ایرانی گارڈز نے اس پکڑ لیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس ٹینکر کو بندر عباس کی بندر گاہ پہنچا دیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق اس ٹینکر اور عملے کے ارکان کو مکمل تحقیقات تک نہیں چھوڑا جائے گا۔

[pullquote]صنعا میں سعودی عسکری اتحاد کی تازہ کارروائی شروع[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمنی دارالحکومت صنعا میں باغیوں کے فوجی اڈوں کے خلاف نئی کارروائی شروع کر دی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی وژن کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کارروائیوں میں عسکری اتحاد ایئر میزائل دفاعی نظام اور بیلیسٹک میزائل کے ڈپوؤں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ واضح رہے کہ صنعا پر ایران نواز حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔ سعودی عسکری اتحاد ان باغیوں کے خلاف یمنی حکومت کے حامی فوج کا ساتھ دے رہی ہے۔

[pullquote]جنوبی ایشیا میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ سو ہو گئی[/pullquote]

جنوبی ایشیا میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ تین ممالک میں شدید تباہی ہوئی ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد فوری امداد کے منتظر بھی ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ نیپال میں نوے، بھارتی ریاست آسام میں پچاس جبکہ بنگلہ دیش میں درجن بھر افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]چین میں گیس پلانٹ میں دھماکا، 12 افراد مارے گئے[/pullquote]

وسطی چین میں ایک گیس پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ اس حادثے کے باعث انیس افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ پانچ ابھی تک لاپتہ ہیں۔ جمعے کے دن یہ دھماکا ہنان صوبے کے شہر یِما میں رونما ہوا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی، ہٹلر کو ہلاک کرنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے خراج عقیدت[/pullquote]

جرمنی میں آج بروز ہفتہ کلاؤس فان شٹافن برگ اور ان دیگر افراد کو خراج عیقدت پیش کیا جا ریا ہے، جنہوں نے 75 برس قبل آمر رہنما اڈولف ہٹلر کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ شٹافن برگ اور ان کے ساتھیوں نے بیس جولائی سن انیس سو چوالیس کو ہٹلر کے لائر ہیڈ کوارٹرز میں اسے ہلاک کرنے کی کوشش کی تھی تاہم یہ منصوبہ ناکام ہو گیا تھا۔ اسی شام شٹافن برگ اور ان کے ساتھیوں کو نازی حکومت نے ہلاک کر دیا تھا۔ اپنے ہفتہ وار پوڈ کاسٹ میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ موجودہ حالات میں دائیں بازو کی انتہا پسندی میں اضافے کے تناظر میں شٹافن برگ کی برسی پر انہیں یاد کرنا اور زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

[pullquote]لبنان میں سخت بچتی اقدامات کی منظوری[/pullquote]

لبنانی حکومت نے سال دو ہزار انیس کے دوران سخت بچتی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تراسی قانون سازوں نے ان اقدامات کے حق میں ووٹ دیا جبکہ اٹھارہ نے اس کی مخالفت کی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق کابینہ کی طرف سے دو ماہ قبل بجٹ کی منظوری دینے کے بعد پارلیمان نے اسے منظور کیا ہے۔ لبنان کو شدید مالیاتی مسائل کا سامنا ہے اور اس کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے، جن کے حکومتی قرضے بہت زیادہ ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں پرتشدد واقعات، تیرہ افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کی یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر ایک دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک جب کہ 33 زخمی ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ دھماکا جمعے کے دن اس وقت ہوا، جب اسٹوڈنٹس وہاں امتحان دینے کی غرض سے گئے ہوئے تھے۔ فوری طور پر کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن حالیہ عرصے میں طالبان باغی اپنے حملوں میں تیزی لائے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف صوبہ غزبی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کی زد میں آکر پانچ افراد مارے گئے ہیں۔

[pullquote]کوسٹا ریکا میں زہریلی شراب کے باعث سترہ افراد مارے گئے[/pullquote]

وسطیٰ امریکی ملک کوسٹا ریکا میں زہریلی شراب پینے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سترہ ہو گئی ہے۔ ملکی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران ان افراد نے میتھانول سے آلودہ شراب پی، جس کے باعث وہ ہلاک ہو گئے۔ جون سے اب تک تیرہ مرد اور چار خواتین اس زہریلے مواد کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان کی عمریں بتیس اور بہتر سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ اور ماکروں کے مابین ٹیلی فونک گفتگو[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایران کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام پر گفتگو کی۔ جمعے کی شب یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی آئل ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیا۔ فرانسیسی صدر کی کوشش ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والی تاریخی جوہری ڈیل کو بچا لیا جائے۔

[pullquote]افریقہ کپ میں الجزائر کی جیت، فرانس میں بھی خوشیاں[/pullquote]

افریقہ کپ کے فائنل میں الجزائر کی کامیابی کے بعد اس شمالی افریقی ملک کے علاوہ فرانس میں آباد الجزائر سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی میں بھی خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔ جمعے کی رات الجزائر نے اس اہم ٹورنامنٹ میں سینیگال کو ایک صفر سے شکست دی۔ سن انیس سو نوے کے بعد الجزائر دوسری مرتبہ افریقہ کپ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے