ہفتہ:23 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دنیا میں عدم استحکام کا سب سے بڑا ذمہ دار امریکا ہے، چین[/pullquote]

جاپانی شہر ناگویا میں ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ اقتصادیات کے حامل ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج ہفتہ تیئیس نومبر کو ختم ہو گیا۔ اس اجلاس کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نےامریکا کو دنیا بھر میں عدم استحکام پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی سیاستدانوں کو چین کے خلاف بے بنیاد زہریلی مہم چلانے کے سوا اور کوئی کام نہیں ہے۔ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے مذاکراتی سلسلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں امریکا کی بالادستی تسلیم کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے اور بہتر یہی ہو گا کہ دونوں ممالک آپس میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مفادات کی نگرانی اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔

[pullquote]امريکی نائب صدر کا غير اعلانيہ دورہ عراق[/pullquote]

امريکی نائب صدر مائيک پينس ايک غير اعلانيہ دورے پر عراق پہنچ گئے ہيں۔ پينس نے عراق کے مغربی حصے ميں الاسد ايئر بيس کا دورہ کيا، جہاں امريکی فوج تعينات ہے۔ اپنے اس دورے پر امريکی نائب صدر عراقی وزير اعظم عدل عبدالمہدی سے بھی ملاقات کريں گے۔ بغداد حکومت نے باضابطہ طور پر فی الحال اس دورے کی تصديق نہيں کی ہے تاہم ايک سينئر حکومتی اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر اس امر کی تصديق کر دی ہے۔

[pullquote]جرمنی: داعش کی رکن خاتون کی وطن واپسی کی منظوری[/pullquote]

جرمن حکام نے شام ميں ايک حراستی مرکز ميں قيد ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے ايک مشتبہ جہادی خاتون کی اس کے تين بچوں کے ہمراہ جرمنی واپسی کی حامی بھر لی ہے۔ جرمن اخبار ’اشپيگل‘ ميں اس بارے ميں شائع کردہ رپورٹ ميں اس تيس سالہ مشتبہ خاتون کا نام لورا ايچ لکھا ہے اور اس کا تعلق جرمنی کے وسطی حصے سے بتايا گیا ہے۔ مشتبہ خاتون سن 2016 ميں جرمنی چھوڑ کر اس جہادی تنظيم کا حصہ بنی تھيں۔ اِس وقت وہ اور ان کے تين بچے، شمالی شام ميں الحول کے مقام پر کردوں کے زير انتظام ايک حراستی مرکز ميں موجود ہيں۔ يہ پہلا موقع ہے کہ برلن حکومت نے جرمن شہريت رکھنے والی کسی مشتبہ شدت پسند اور اس کے بچوں کی وطن واپسی کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔

[pullquote]ایران میں قید رہنے والے امریکی صحافی کے لیے 180ملین ڈالر زر تلافی[/pullquote]

ایک امریکی عدالت نے تقریباﹰ ڈیڑھ سال تک زیر حراست رہنے والے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ایک صحافی اور اس کے متاثرہ اہل خانہ کو تقریباﹰ ایک سو اسی ملین ڈالر زر تلافی ادا کیے جانے کا حکم سنایا ہے۔ صحافی کو ایران میں مبینہ جاسوسی کے الزام میں قید میں رکھا گیا تھا اور اس کی گرفتاری کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی۔ تہران حکومت کے خلاف یہ مقدمہ جیسن رضائیان نامی صحافی نے دائر کیا تھا۔ ایران کے امریکا کے ساتھ کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور تہران میں امریکا کے سفارتی مفادات کی نگرانی وہاں سوئٹزرلینڈ کا سفارت خانہ کرتا ہے۔ تہران میں حکام نے آج تک اس پر اپنے کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔

[pullquote]جرمنی: ہر چار میں سے ایک بچہ ذہنی بیماری میں مبتلا[/pullquote]

جرمنی کی ہیلتھ انشورنس کمپنی ’ڈی اے کے‘ نے مریضوں کے ڈیٹا پر مشتمل ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق ہر چار میں سے ایک بچہ کسی نہ کسی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے۔ یہ رپورٹ اُن آٹھ لاکھ بچوں کا ڈیٹا جمع کرتے ہوئے مرتب کی گئی ہے، جنہوں نے سن دو ہزار سولہ سے دو ہزار سترہ کے درمیان اس کمپنی کے پاس ہیلتھ انشورنس کروائی تھی۔ جرمنی میں بچوں کی عام بیماریوں کی فہرست میں ذہنی بیماریاں پانچویں نمبر پر آتی ہيں۔ چوتھے نمبر پر سانس کی بیماریاں آتی ہیں جبکہ انفیکشنز تیسرے، آنکھ کی بیماریاں دوسرے اور جلد کی پہلے نمبر پر ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا ہے گیا ہے کہ گھروں میں، اسکولوں میں اور دوستوں کے حلقوں میں بچوں کا خاص خیال رکھا جانا ضروری ہے تاکہ ایسے بچوں کو بہتر اور خاص توجہ فراہم کی جا سکے۔

[pullquote]ترک سرحد سے متصل شامی شہر ميں کار بم حملہ، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

ترکی کی سرحد سے متصل شامی شہر تل ابيعاد ميں ايک کار بم دھماکے ميں نو افراد ہلاک جبکہ بائيس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ فی الحال کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہيں کی ہے البتہ ترک حمايت يافتہ باغی اس کا الزام کرد تنظیم وائی پی جی پر عائد کر رہے ہيں، جسے ترکی دہشت گرد قرار تنظیم قرار ديتا ہے۔ اس شہر پر ترک افواج اور ان کی حمايت يافتہ باغيوں کا کنٹرول ہے۔

[pullquote]کينيا ميں شديد بارشوں نے تباہی مچا دی[/pullquote]

افريقی ملک کينيا ميں شديد بارشوں، سيلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ پراؤ نامی ديہات ميں چار افراد لاپتہ ہيں جبکہ ويسٹ پوکوٹ ميں مٹی کا تودہ گرنے سے بارہ افراد ہلاک ہوئے۔ شديد بارشوں اور سيلاب کے نتيجے ميں کئی مقامات پر سڑکيں اور پل بھی ٹوٹ گئے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائيوں ميں دشواری پيش آ رہی ہے۔ مشرقی افريقہ ميں اس سال معمول سے کہيں زيادہ بارشوں کے سبب کم از کم ايک ملين افراد متاثر ہو چکے ہيں۔ صوماليہ، جنوبی سوڈان اور کينيا ميں آئندہ چار تا چھ ہفتوں تک بارشيں جاری رہنے کی پيشن گوئی کی گئی ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس کا دورہ جاپان[/pullquote]

مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس آج جاپان گئے ہيں، جہاں وہ ايٹمی ہتھياروں کی مخالفت ميں سخت بيان دينے والے ہيں۔ روانگی سے قبل جاپانی عوام کے نام اپنے ايک ويڈيو پيغام ميں پوپ فرانسس نے جوہری ہتھياروں پر سخت تنقيد کی اور کہا کہ وہ دعا گو ہيں کہ انسانی تاريخ ميں آئندہ کبھی يہ ہتھيار استعمال نہ کيے جائيں۔ پاپائے روم جاپان کے چار روزہ دورے پر ہيں، جس دوران وہ دوسری عالمی جنگ کے دوران ايٹم بم کا نشانہ بننے والے شہروں ہيروشيما اور ناگاساکی بھی جائيں گے۔ جاپان پاپائے روم کے ايشيائی ممالک کے دورے کی دوسری منزل ہے۔ اس سے قبل وہ تھائی لينڈ ميں تھے۔

[pullquote]دفاعی کانٹريکٹ کا معاملہ، ايمازون نے پينٹاگون کو چيلنج کر ديا[/pullquote]

امريکی محکمہ دفاع کی جانب سے ايک اہم دفاعی کانٹريکٹ مائیکروسافٹ کو ديے جانے کے خلاف ايمازون نے جمعے کو ايک امريکی وفاقی عدالت ميں مقدمہ درج کرا ديا ہے۔ ايمازون کے ترجمان نے اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے تاہم فی الحال يہ واضح نہيں کہ مقدمے ميں کيا موقف اختيار کيا گيا ہے۔ پچھلے ماہ ايک غير متوقع فيصلے ميں پينٹاگون نے دس بلين ماليت کا ’انٹرپرائز ڈيفنس انفراسٹرکچر کلاؤڈ‘ (JEDI) نامی منصوبہ ايمازون کی حريف کمپنی مائیکرو سافٹ کو دينے کا اعلان کيا تھا۔ تکنيکی اعتبار سے اس مخصوص کانٹريکٹ کے ليے ايمازون زيادہ موزوں کمپنی تھی۔

[pullquote]مہاراشٹرا ميں بی جے پی کا نيشنلسٹ کانگريس پارٹی کے رہنما کے ساتھ اتحاد[/pullquote]

بھارت کی سب سے امير رياست مہاراشٹرا ميں حکمران جماعت بھارتيہ جنتا پارٹی غير متوقع طور پر حکمرانی کی دوڑ جيت گئی ہے۔ بی جے پی نے ہفتے کی صبح نيشنلسٹ کانگريس پارٹی کے ايک رہنما کے ساتھ اتحاد کا اعلان کيا۔ اس اتحاد کو آئندہ ايک ہفتے ميں اپنی اکثريت ثابت کرنی ہے۔ قبل ازيں مہاراشٹرا ميں مقامی شيو سينا پارٹی کے ساتھ بی جی پی کی حکومت قائم تھی تاہم ان ميں اختلافات کے سبب کافی عرصے سے دونوں جماعتيں حکومت سازی کے ليے ديگر پارٹيوں کے ساتھ رابطے ميں تھيں۔

[pullquote]ليبيا: طرابلس کے مضافات میں امريکی ڈرون لاپتہ[/pullquote]

ليبيا کی فضائی حدود ميں امريکا کا ايک ڈرون طيارہ لاپتہ ہو گيا ہے۔ امريکی افواج کی افريقی کمان کی جانب سے جمعے اور ہفتے کی درميانی شب مطلع کيا گيا کہ بغير پائلٹ والا يہ طيارہ دارالحکومت طرابلس کے پاس لاپتہ ہوا۔ يہ ڈرون سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لے رہا تھا اور انتہا پسندوں کی سرگرميوں کی نگرانی کر رہا تھا۔ فی الحال ڈرون کے لاپتہ ہونے کی کوئی وجہ يا مزيد تفصيلات سامنے نہيں آ سکی ہيں۔ طرابلس پر قبضے کے ليے مختلف حريف گروہ متحرک ہيں۔

[pullquote]مشرق وسطی سے لاتعلقی، فرانسيسی وزير کی امريکا پر تنقيد[/pullquote]

فرانسيسی وزير دفاع فلورينس پارلی نے اپنی ايک تقرير ميں مشرق وسطی کے خطے سے امريکا کی ’لاتعلقی‘ کے خطرات بيان کيے ہيں۔ پارلی نے بحرين ميں تقريب سے خطاب کرتے ہوئے ايران ميں حاليہ احتجاجی مظاہروں کے رد عمل ميں امريکا کی جانب سے کوئی قدم نہ اٹھائے جانے پر تنقيد کی۔ انہوں نے مزيد کہا کہ فرانس ايران کے ساتھ مکالمت جاری رکھے گا ليکن ساتھ ہی اپنے اتحاديوں کے ساتھ بھی کھڑا رہے گا۔ فرانسيسی وزير کا ايسا ماننا ہے کہ مشرق وسطی ميں رونما ہونے والے کئی قابل اعتراض واقعات کے رد عمل ميں واشنگٹن حکومت نے ايران کے خلاف جوابی اقدامات نہيں کيے۔

[pullquote]چينی جاسوس کے آسٹريليا ميں انکشافات[/pullquote]

آسٹريلوی ميڈيا نے دعوی کيا ہے کہ ايک چينی جاسوس نے کئی راز افشاں کر ديے ہيں۔ ذرائع ابلاغ کے ايک نيٹ ورک کی ہفتے کو سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق اس جاسوس نے بيرونی ممالک ميں جاسوسی سے متعلق چينی آپريشنز اور ہانگ کانگ ميں سينئر فوجی افسران کی شناخت کے بارے ميں حساس معلومات آسٹريلوی ايجنسی کو فراہم کيں۔ يہ پہلا چينی جاسوس ہے، جس نے اپنی شناخت ظاہر کر کے ملکی راز افشا کيے ہيں۔ فی الحال بيجنگ حکومت نے اس پيش رفت پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کے يوکرائن کے ساتھ رابطے، نئی دستاويزات[/pullquote]

جمعے کی شب سامنے آنے والی چند خفيہ دساويزات سے پتہ چلتا ہے کہ يوکرائن ميں تعينات امريکی سفير کو اچانک واپس بلائے جانے سے قبل امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکيل روڈی گولينی وزير خارجہ مائيک پومپيو کے ساتھ رابطے ميں تھے۔ دونوں نے مارچ کے اواخر ميں دو مرتبہ بات چيت کی تھی۔ دستاويزات محکمہ خارجہ نے ايک مقدمے کے نتيجے ميں پيش کیں۔ امريکا ميں ان دنوں صدر ٹرمپ کے جو بائیڈن کے بيٹے کو نشانہ بنانے کے حوالے سے يوکرائن کے ساتھ روابط کی چھان بين جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے