گلگت بلتستان : نسالو کیا ہے؟

گلگت بلتستان میں نسالو ایک ایسی شاندار رسم ہے جس کا سال بھر مجھے انتظار رہتا ہے. ماہ دسمبر کے شروع سے ہی اس رسم کا آغاز ہوتا ہے. حسب طاقت لوگ گائے، بیل،بھینس، بکرا بکری اور یاک وغیرہ ذبح کرتے ہیں. اور سال بھر کے لیے خشک گوشت کا انتظام کرتے ہیں.آجکل دسمبر کے مہینے میں لوگ قصاب سے دو چار من گوشت خرید کر اسٹاک بھی کرتے ہیں.تاہم خود ذبح کر کے نسالو کا انتظام کرنے کا الگ ہی مزہ ہے.

نسالو کے گوشت میں ایک خاص ذائقہ اور خوشبو پیدا ہوجاتی ہے. جس کا متبادل جنت کے سوا کہیں نہیں.

نسالو کا گوشت تازہ کھائیں یا خشک کرکے، سالن بناکر استعمال کریں یا ویسے ہی کھایا جایا، غرض ہر حال میں اور ہر شکل میں اس کا ذائقہ اور مزہ دوبالا ہی رہتا ہے. اس سال ہم نے ایک بچھڑا نسالو کے لیے پال رکھا تھا. دسمبر کی آمد پر اس کو ذبح کیا اور رسم نسالو بھی زندہ کیا اور گوشت کا انتظام بھی کیا.

ہمارے گھر میں میری یاد سے نسالو کی رسم منائی جاتی ہے. میں جب کراچی میں تھا تو میری والدہ میرا حصہ خشک کرکے سال بھر سنبھال کر رکھ لیتی. اور بعض دفعہ کسی کیساتھ کراچی بھجوا دیتی.وہ دن مجھے کھبی نہیں بھولتے… مجھے کیا کیا محبتیں ملی میری والدہ سے.آج بھی اس کھانے کے ذائقہ دل سے نہیں اتر رہا کہ میری والدہ نے خشک نسالو کا گوشت اور خشک بنڈی کا سالن بنالیا تھا میرے کراچی سے آنے پر. وہ انہوں نے خصوصی میرے لیے خشک کرکے اپنی صندوق میں چھپا رکھا تھا. گاؤں میں کہاں سہولتیں ہوتی اور بالخصوص سردیوں میں تازہ گوشت اور سبزیاں ملنا اس زمانے میں ناممکن تھا.

میرے والد مکرم نے ایک طویل عرصہ نسالو کے سیزن میں پنجاب/کے پی کے سے صحت مند بھینسیں خرید کر گوہرآباد میں فروخت کیا. یہ ایک قسم کا بزنس تھا جس کیساتھ میرے والد صاحب بڑا عرصہ جڑے رہے..والد صاحب کے مستقل گاہک تھے جو بھینس خریدتے. بعض دو فیملی میں تقسیم کرتے.بعض چار میں اور جن کے گھروں میں تعداد زیادہ ہوتی وہ پوری بھینس بھی ذبح کرکے گوشت اسٹاک کرتے.اگلے سال نسالو کے سیزن میں بھینس کی رقم ادا کرتے پھر والد صاحب بھینسیں خریدنے چلے جاتے.

میرے دادا دادی اور نانا نانی کے نسالو کے لیے بکرے کا انتظام ہوتا. دادا نسالو کا بکرا اور قربانی کا بکرا خود پال لیتے اور اسکا سال بھر کیئر بھی کرتے.داداجان مرحوم کا بکرا بہت ہی صحت مند ہوتا اور گوشت بھی لذیذ ہوتا.

واہ کیا دن تھے. اب تو لوگ ارٹیفیشل چیزوں پر انحصار کرتے ہیں جو بہر صورت غیرمتوازن غذائیں ہی ہوتی ہیں جو مضر صحت ہوتی. پرانے لوگ صحت مند ہوتے اور ان کی عمریں اس لیے زیادہ ہوتی جو صحت افزا اور متوازن غذا استعمال کرتے.. تو احباب کیا کہتے ہیں؟

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے