پی سی بی میں نوکری نہیں، صرف انصاف کا خواہشمند ہوں: سابق کرکٹر سلیم ملک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نوکری نہیں چاہتا بلکہ صرف انصاف کا خواہشمند ہوں۔

سلیم ملک کا صحافیوں سے وڈیو کانفرنس میں کہنا تھا کہ جسٹس قیوم کمیشن رپورٹ میں بہت سے نام تھے لیکن نشانہ صرف مجھے بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں نوکری چاہتا ہوں بلکہ صرف انصاف کا متمنی ہوں۔

سلیم ملک کا کہنا ہے ہے کہ مداحوں سے معافی مانگی ہے مگر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت طلب کی ہے ، ایسا نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 2011 میں پی سی بی کی جانب سے کوئی سوالنامہ نہیں ملا، اب دوبارہ بورڈ سے رابطہ کرکے سوالنامہ مانگا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سلیم ملک کیلئے الگ قانون کیوں ہے؟ کیا وہ پاکستانی نہیں، وہ کسی کا چہرہ بے نقاب نہیں کرنا چاہتے، قیوم کمیشن رپورٹ میں سب کچھ لکھا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سلیم ملک نے فکسنگ کے حوالے سے سارے راز بتانے کی حامی بھرتے ہوئے 19 سال بعد قوم سے معافی مانگی تھی۔

اس سے قبل انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ محمد عامر اور شرجیل خان کی طرح انھیں بھی کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے