اب فیس بک موسمیاتی تبدیلیوں کی بروقت و درست معلومات بھی پیش کرے گا

سان فرانسسكو: چند دنوں بعد فیس بک اپنی مرکزی ایپ میں ایک بالکل نئے ’’کلائمٹ سائنس انفارمیشن سینٹر‘‘ کا آغاز کرے گا جس کی بدولت فیس بک صارفین آب و ہوا میں تبدیلی کی بروقت اور درست معلومات حاصل کرسکیں گے۔

فیس بک کے مطابق کورونا وبا کے دوران پلیٹ فارم سے لوگوں کی بڑی تعداد جڑی ہے اور انہیں درست معلومات حاصل ہوئیں تاہم اب آب و ہوا میں تبدیلی کی صورت میں ایک نیا بحران ہمارے سامنے ہے۔ اسی لیے آب و ہوا اور موسمیاتی تبدیلیوں کی سائنس پر ایک معلوماتی مرکز کھولا جارہا ہے جو لوگوں کو اس مضمون سے درست انداز میں آگاہی فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ فیس بک موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے بھی رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ ایک جانب تو لوگوں کو صحیح معلومات فراہم کی جاسکیں تو دوسری جانب اس سے وابستہ افواہوں اور نظریاتی سازشوں کو بھی روکا جاسکے گا۔

فیس بک پر امریکا سے کچھ ایسی پوسٹ شیئر ہوئیں جو آب و ہوا میں تبدیلی کے خلاف ذاتی رائے پر مبنی تھیں اور فیس بک نے ان کی صداقت کی تصدیق یا تردید کیے بغیر انہیں جاری رہنے دیا۔ اس کے بعد سنجیدہ حلقوں نے فیس بک پر بہت تنقید کی اور شاید آب و ہوا میں معلوماتی مرکز کا نیا مرکز اسی کے جواب میں قائم کیا جارہا ہے۔

فیس بک نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس نے 70 سے زائد عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور 60 سے زائد زبانوں میں یہ معلومات دستیاب ہوں گی۔

معلومات کی تصدیق کرنے والے ماہرین آب و ہوا میں تبدیلی یعنی کلائمٹ چینج کے حقائق کو پرکھیں گے۔ بصورت دیگر کسی مشکوک معلومات کی صورت میں اس کی شیئرنگ کم ہوجائے گی اور بعض معلومات پر وارننگ بھی دی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے