واٹس ایپ نے صارفین کی ایک بڑی پریشانی دور کردی

سماجی رابطوں اورپیغام رسانی کی مقبول ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ نے صارفین کی ایک بڑی پریشانی دور کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب غیر مطلوب پیغامات از خود ہی غائب ہوجائیں گے۔

امریکی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد یہ فیچر متعارف کرانے والا ہے جس میں صارفین سے پوچھا جائے گا کہ آیا وہ میسجز کو رکھنا چاہتے ہیں یا چاہتے ہیں کہ 7 دن بعد میسجز از خود ہی حذف ہوجائیں۔

دنیا بھر میں 2 ارب لوگوں کے زیر استعمال واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس وقت واٹس ایپ میسجز فون میں غیر معینہ مدت کیلئے محفوظ رہتے ہیں، اپنے دوستوں، اہل خانہ اور رشتہ داروں سے ہونے والی پرانی گفتگو کو دیکھ کر ان لمحات کو یاد کرنا کافی اچھا احساس ہوتا ہے تاہم بہت سے پیغامات ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ نہ رہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کو جتنا ممکن ہو ذاتی معاملہ بنانا ہے لہٰذا اس صورت میں میسجز کو ہمیشہ فون میں موجود نہیں ہونا چاہیے اور یہی وجہ ہے کہ ہم واٹس ایپ پر نیا فیچر متعارف کروارہے ہیں جس کے ذریعے صارفین غیر مطلوب پیغامات کو حذف کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل فیس بک بھی اس طرح کا فیچر متعارف کراچکا ہے جبکہ اسنیپ چیٹ نے سب سے پہلے یہ آپشن صارفین کو فراہم کیا تھا اور یہ ایپ نوجوانوں میں خاصی مقبول ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس نے 7 دن کا وقت اس لیے رکھا ہے تاکہ وہ صارفین جو چاہتے ہیں کہ ان کے فون میں پیغامات تاحیات محفوظ نہ رہیں انہیں اگر اس دوران کسی پیغام کو دوبارہ پڑھنے کی ضرورت محسوس ہو تو وہ دیکھ سکیں کہ انہوں نے کیا گفتگو کی ہے۔

واٹس ایپ نے یہ قدم تیزی سے کم ہوتے صارفین کی تعداد کو دوبارہ بڑھانے کیلئے اٹھایا ہے کیوں کہ نوجوانوں کی اکثریت اسنیپ چیٹ، ٹک ٹاک پر زیادہ وقت گزار رہی ہے۔ انسٹاگرام بھی نوجوانوں میں خاصا مقبول ہورہا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکا میں نوجوانوں سے کیے جانے والے سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسنیپ چیٹ ان کا پسندیدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جبکہ ٹک ٹاک نے انسٹاگرام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مقبولیت میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے