ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چالیس لاکھ سے زیادہ ریکارڈ فائل ڈیجیٹل نظام پر کرنے کے لیے امریکی سفارتی مشن اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے تیار کردہ جدید ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یو ایس ایڈ کے گلوبل ہیلتھ چین پروگرام کی جانب سے تیار کیا جانے والا ریکارڈ نظام ڈیجیٹل معلوماتی ذخائر اور بار کوڈ والے پیپر فائل تیار کرے گا جو کہ ڈریپ کے ریکارڈ کا حساب کتاب رکھنے کے لیے نہایت کلیدی اہمیت کا حامل عمل ہے۔ اپنے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کی درخواست پر یو ایس ایڈ نے ڈریپ کے عملہ کو فائلوں کے بہترین انداز میں تحفظ کے بارے میں تربیت بھی فراہم کی ہے۔
اس موقع پر یو ایس ایڈ کے نائب مشن ڈائریکٹر مائیکل نہرباس کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ اور حکومت پاکستان کی جانب سے تیار کردہ یہ ڈیجیٹل نظام ڈیٹا کے ذخیرہ کو ایسے جدید خطوط پر سادہ اور ہم آہنگ بناتا ہے جن کی مدد سے مطلوبہ مواد تک رسائی اور اس کو تلاش کرنے میں براہ راست مدد ملتی ہے۔ انہوںں نے کہا کہ متعارف کردہ نظام معلومات اور ریکارڈ کے نظم ونسق میں شفافیت کو یقینی بنائے گا جس سے بالآخر پاکستان میں معیاری ادویات اور اشیاء کی دستیابی بھی ممکن بنانے میں مدد میسر ہوگی۔
وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی مدد سے اکتالیس لاکھ ریکارڈ کا ڈیجیٹل نظام پر منتقل ہونا شاندار کامیابی ہے۔انہوں نے سب سے پہلے کسی سرکاری ادارے کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے پر یو ایس ایڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔