ایک عہد تمام ہوا، لتا کے انتقال پر شوبز اور دیگر شخصیات کا خراج عقیدت

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔

گلوکارہ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری گہرے سوگ میں ہے، پاکستان و بھارت سمیت متعدد فنکار اور دیگر شعبہ جات سے منسلک افراد سروں کی ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

[pullquote]نریندر مودی[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لتا منگیشکر کی موت پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور کہا کہ ’میں بہت دُکھی ہوں کیونکہ ہماری لتا دی دی ہمیں چھوڑ کر جا چکی ہیں، وہ ہماری قوم میں ایک خلا چھوڑ گئی ہیں جسے پُر نہیں کیا جا سکتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آنے والی نسلیں انہیں بھارتی ثقافت کی ایک باوقار شخصیت کے طور پر یاد رکھیں گی، جن کی سُریلی آواز میں لوگوں کو مسحور کرنے کی بے مثال صلاحیت تھی۔‘

[pullquote]فواد چوہدری[/pullquote]

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی لتا منگیشکر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ ‘لتا منگیشکر کا انتقال موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہے، لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا’۔

فواد چوہدری نے لکھا کہ ‘جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے’۔

[pullquote]عثمان بزدار[/pullquote]

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھی گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ لتا منگیشکرکے انتقال سے فن موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہوا،لتا منگیشکر کا گلوکاری میں کوئی ثانی نہیں تھا۔

[pullquote]اکشے کمار[/pullquote]

اداکار اکشے کمار نے لتا کی موت پر ان کے گیت کے بول تحریر کیے ‘میری آواز ہی میری پہچان ہے گر یاد رہے تو’، ساتھ ہی اداکار نے کہا کہ ‘ہم لتا جی کی سُریلی آواز کو کیسے بھول سکتے ہیں، لتا جی کی موت کی خبر پر بہت زیادہ افسوس ہوا، میں اُن کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں’۔

[pullquote]انوشکا شرما[/pullquote]

اداکارہ انوشکا شرما نے بھی گلوکارہ کی پرانی تصویر شیئر کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آج بھارت کے لیے افسردہ ترین دن ہے کیونکہ ملک کی بلبل دنیا چھوڑ گئی ہیں، لتا جی کی آواز نے انہیں ہمیشہ کے لیے امر کر دیا ہے، وہ اپنی گلوکاری کے سبب ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی’۔

[pullquote]گلوکار اے آر رحمان[/pullquote]

میوزک کمپوزر اور گلوکار اے آر رحمان نے لتا منگیشکر کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ ایک ایسا خلا ہے جو تاحیات ہم سب کے ساتھ رہے گا، لتا جی کی جگہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا۔

[pullquote]ہیما مالینی[/pullquote]

اداکارہ ہیما مالینی نے کہا وہ خوش نصیب ہیں، انہوں نے لتا منگیشکر کے گائے ہٹ گانوں پر پرفارم کیا۔

[pullquote]انیل کپور[/pullquote]

معروف اداکارہ انیل کپور نے کہا کہ ‘لتا جی کی موت کی خبر سُن کر دل ٹوٹ گیا ہے، وہ ہمارے دلوں میں ایک ایسی جگہ رکھتی ہیں جو کبھی کوئی اور نہیں لے سکتا،لتا جی نے اپنی موسیقی کے ذریعے ہماری زندگیوں پر کتنا گہرا اثر ڈالا ہے’۔

[pullquote]بشریٰ انصاری[/pullquote]

بشریٰ انصاری نے بھی لتا منگیشر کے اعزاز میں انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور ان کے گانے ‘یہ دل تم بن لگتا نہیں ہم کیا کریں’ کے بول لکھے۔

ساتھ ہی بشریٰ انصاری نے کہا کہ ‘آپ سے ملنے کی خواہش ہی رہ گئی لتا جی’۔

[pullquote]دھرمیندر[/pullquote]

بھارت کے لیجنڈ اداکار دھرمنیدر نے اپنی اور لتا منگیشکر کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ‘پوری دنیا افسردہ ہے، یقین نہیں آرہا کہ آپ ہمیں ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ کر چلی گئی ہیں’۔

واضح رہے کہ 1929 میں پیدا ہونے والی 92 سالہ گلوکارہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 9 جنوری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ تادم مرگ زیر علاج رہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکرکے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ کئی ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔

لتا منگیشکرکےانتقال پر بھارت میں دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور لتا منگیشکرکی یاد میں بھارتی پرچم بھی دو دن تک سرنگوں رہے گا۔

[pullquote]سروں کی ملکہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں[/pullquote]

بھارت کی نامور گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں۔

بھارتی میڈیا نے کئی ماہ سے اسپتال میں زیر علاج نامور گلوکارہ کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

1929 میں پیدا ہونے والی 92 سالہ گلوکارہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 9 جنوری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ تادم مرگ زیر علاج رہیں۔

گزشتہ روز لتا منگیشکر کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں دوسری مرتبہ آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکرکے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ کئی ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔

[pullquote]دو روزہ قومی سوگ کا اعلان[/pullquote]

لتا منگیشکرکےانتقال پر بھارت میں دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور لتا منگیشکرکی یاد میں بھارتی پرچم بھی دو دن تک سرنگوں رہے گا۔

[pullquote]لتا کے کیرئیر پر ایک نظر[/pullquote]

بھارت کی بلبل کہلانے والی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ نے صرف 13 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنا پہلا گانا 1942 میں ریکارڈ کرایا۔

سات دہائیوں پر مشتمل طویل کیرئیر کے دوران لتا منگیشکر نے مختلف زبانوں میں 30 ہزار گانے گائے، لتا ‘اک پیار کا نغمہ ہے’ اور ‘دیدی تیرا دیور دیوانہ’ سمیت درجنوں مقبول ترین گانے گائے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے لتا منگیشکر کو 1969 میں بدما بھشن (تیسرا بڑا سول ایوارڈ)، 1999 میں پدما ویبھشن (دوسرا بڑا سول ایوارڈ) اور 2001 میں سب سے بڑے سول ایوارڈ بھارت رتنا سے نوازا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے