بابر اور امام کی سنچریاں کام کرگئیں، پاکستان نے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا، سیریز برابر

پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز ایک ، ایک سے برابر کرلی۔

آسٹریلیا کا 349 رنز کا ہدف پاکستان نے 49 اوورز میں4 وکٹوں پر حاصل کیا، کپتان بابر اعظم 114 جبکہ امام الحق 106 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی ون ٖڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ہدف حاصل کیا ہے، اس سے قبل 2014 میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کے خلاف327 رنز کاہدف حاصل کیا تھا۔

[pullquote]آسٹریلیا کی اننگز[/pullquote]

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کی دعوت پر آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔ بین مک ڈرموٹ 104 اور ٹراؤس ہیڈ نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

[pullquote]پاکستان کی اننگز[/pullquote]

349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 118 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان بابر اور امام نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور دونوں نے سنچری اسکور کی۔

تاہم کپتان بابر اعظم 114 جبکہ امام الحق 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو ون ڈے میں اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کروایا۔

خوشدل شاہ 17 گیندوں پر 27 جبکہ افتخار 7 گیندوں پر 11 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

[pullquote]بابر اور امام کے ریکارڈز[/pullquote]

بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد کم سے کم اننگز میں 15 ون ڈے سنچری اسکور کرنے کاریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ امام الحق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9 سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے