قد لمبا کرنے کی خواہش کس کو نہیں ہوتی مگر سوال یہ ہے کہ کوئی فرد کتنا لمبا ہوگا اس کا تعین کیسے ہوتا ہے۔
سائنسدانوں نے اب اس کا جواب جان لیا ہے۔
انہوں نے ایسے 145 ممکنہ جینز کی نشاندہی کی ہے جو بچوں کے قد میں کردار ادا کرتی ہیں۔
امریکا کی ہارورڈ میڈیکل اسکول اور بوسٹن چلڈرنز ہاسپٹل کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ بچوں کی ہڈیوں کے آخر میں موجود لچکدار ہڈیاں کے خلیات قد و قامت میں کردار ادا کرتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق یہ خلیات chondrocytes بچوں کی بڑی ہڈیوں کے آخر میں موجود ٹشوز میں ہوتے ہیں اور وہی بچوں اور نوجوانوں کے مستقبل میں قد اور جسمانی ساخت کا تعین کرتے ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جب کسی فرد کی جسمانی نشوونما مکمل ہو جاتی ہے تو یہ حصے ‘بند’ ہو جاتے ہیں اور ان کی جگہ سخت ہڈی لے لیتی ہے۔
سائنسدان پہلے سے جانتے تھے کہ یہ خلیات ہڈیوں کی نشوونما اور انسانی قد کے حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں مگر اب پہلی بار ان خلیات کو کنٹرول کرنے والے جینز کا تعین کیا گیا ہے۔
محققین نے بتایا کہ انسانی قد سے منسلک مخصوص جینز کی شناخت ایک چیلنجگ کام ہے کیونکہ قد ایک پیچیدہ عمل ہوتا ہے جس پر جینز اور ماحولیاتی عناصر دونوں اثر انداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق میں ان خلیات پر اس لیے توجہ مرکوز کی گئی کیونکہ وہ ہڈیوں کی نشوونما کے لیے مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔
اس تحقیق میں چوہوں کے کروڑوں خلیات کی جانچ پڑتال کرکے ان جینز کو دریافت کیا جو اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کرسپر جینوم ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے ان جینز کو خلیات سے نکال باہر کیا تاکہ معلوم ہوسکے کہ مخصوص خلیات پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اس طرح انہوں نے 145 جینز کو دریافت کیا جن کو نکالنے سے جانوروں کے خلیات کی نشوونما غیر معمولی رفتار سے ہونے لگی جو انسانی ڈھانچے ایک ایک مخصوص جینیاتی مرض سے ملتا جلتا عمل تھا۔
اس کے بعد محققین نے چوہوں کے ان جینز کا موازنہ انسانی قد پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا سے کیا۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملا کہ مخصوص جینز قد کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے ان جینز کو انسانی جینوم میں بھی دریافت کیا اور ان کے مطابق یہ جینز دیگر جینیاتی عناصر سے زیادہ قد پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے نئے جینز کی شناخت ہوئی ہے جو ہڈیوں کی نشوونما کے عمل کا حصہ ہوتے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ لچکدار ہڈیاں انسانی قد کے لیے اہم ترین ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی انسانوں پر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور ہمیں توقع ہے کہ اس سے ڈھانچے سے متعلق امراض کے شکار افراد کی مدد ہو سکے گی۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل جینومک میں شائع ہوئے۔