فخر کی 180 رنز کی شاندار اننگز : دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کی جیت

پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیویز کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔

[pullquote]نیوزی لینڈ کی اننگز[/pullquote]

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ویل ینگ اور چیڈ بوویس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 33 رنز پر کیویز کی پہلی وکٹ گرگئی اور ویل ینگ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد چیڈ بوویس بھی 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 183 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 129 رنز بنا کر مچل آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ٹام لیتھم نروس نائینٹیز کا شکار ہوگئے اور 98 رنز پر حارث کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

[pullquote]پاکستان کی اننگز[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا مستحکم آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 66 رنز پر گری جب امام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اور فخر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم بابر 65 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے، تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر رضوان اور فخر نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کی بدولت گرین شرٹس نے 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

فخر زمان 6 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 180 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد رضوان بھی 54 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اس فتح کے بعد پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

[pullquote]احسان اللہ کا ڈیبیو[/pullquote]

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے احسان اللہ نے ڈیبیو کیا، انہیں پاکستان کی جانب سے 242ویں ون ڈے کیپ دی گئی۔

فخر نے 144 گیندوں پر 180 رن بناکر ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اس اننگز میں 17 چوکے اور 6 بلند بالا چھکے شامل ہیں۔

کرکٹر کو شاندار اور دلیرانہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔

میچ کے دوران خاص بات یہ تھی کہ فخر زمان نے اپنے کریئر کی دسویں اور جبکہ سیریز کی مسلسل دوسری سنچری بنائی ہے۔

جبکہ وہ پاکستان کی طرف سے تیز ترین ہزار رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ لیفٹ آرم بلے باز فخر زمان لگاتار 3 میچز میں سنچری کرنے والے پاکستان کے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔

[pullquote]’میری اننگز کے پیچھے بابر اعظم کی سپورٹ تھی‘[/pullquote]

میچ کے بعد ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے فخر زمان نے انکشاف کیا کہ بابر نے انہیں لمبی اننگز کھیلنے پر توجہ دینے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بابر مجھے سنگلز اور ڈبل کھیلنے اور لمبی اننگز کھیلنے کا کہتے رہے جس کی بدولت ہم ہدف پورا کرسکے۔

فخر زمان نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بابر کتنا بڑا کھلاڑی ہے، ان کی سوچ دوسروں سے بہت مختلف ہے، اگر رن ریٹ بہت زیادہ اوپر بھی جارہا ہو تو وہ کبھی دباؤ میں نہیں آتے، میچ کے دوران وہ مجھے پرسکون رہنے کو کہتے رہے، اسی طرح ہم نے اپنا ہدف حاصل کیا’۔

[pullquote]دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان کے نام رہا، شاہد آفریدی[/pullquote]

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شاندار کارکردگی کی تعریف کر دی۔

انہوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ دل خوش ہو گیا،ویل ڈن بوائز۔

شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان کے نام رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی گیند سے آخری گیند تک شاندار انداز میں اختتام کیا، بابر اعظم اور محمد رضوان کی طرف سے اچھی سپورٹ ملی۔

[pullquote]’جب گیند اس کے سَر پر لگتی ہے تو ہم یقین کرلیتے ہیں کہ اس کی سنچری ہوگی‘[/pullquote]

فخر زمان کی شاندار اننگز پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ’فخر زمان نے کافی اچھی اننگز کھیلی، ان کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ وہ آخر تک کھیلے ہیں، میچ کی جیت پر فخر کو زیادہ کریڈٹ جاتا ہے‘۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بھی کہا کہ ہم نے فخر زمان کی بیٹنگ کو کافی انجوائے کیا۔

اسی طرح فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بھی کہا کہ زندگی میں ایسی بہت کم اننگز ہوتی ہیں جنہیں آپ لائیو انجوائے کرتے ہیں، انہی میں سے فخر زمان کی اننگز تھیں، انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا، جس طرح انہوں نے میچ کا اختتام کیا وہ غیر معمولی تھا’۔

بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ میں کیا پوری قوم فخر زمان کے شاندار کھیل کی گواہ ہے، اس نے ثابت کردیا کہ وہ میچ میں لمبی اننگز کھیلنے والے بہترین کھلاڑی ہیں، اس کی خاص بات یہ ہے کہ جب گیند فخر کے سَر پر لگتی ہے تو ہم یقین کرلیتے ہیں کہ اس کی سنچری ہوگی’۔

فخر زمان کی جارحانہ اننگز پر پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے ٹوئٹ کیا کہ ’اس شاندار سنچری کے ساتھ فخر زمان کے لیے ایک بار پھر آج کا میچ پارک میں چہل قدمی کرنے جیسا تھا، پاکستانی ٹیم کو ایک اور کامیابی پر مبارکباد، اب اگلی جیت پر نظریں ہیں تاکہ سیریز میں فتح ملے۔‘

[pullquote]فخر زمان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ[/pullquote]

فخر زمان کی شانداز اننگز کے بعد ان کی تعریفیں سوشل میڈیا پر بھی کی جارہی ہیں، ٹوئٹر صارفین نے بلے باز کی حمایت میں لاتعداد ٹوئٹس کیں کہ وہ ٹوئٹر پر پورا دن ٹاپ ٹرینڈ رہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ فخرِپاکستان فخر زمان کی جانب سے شاندار اننگز، وہ ون ڈے کے ہی کھلاڑی ہیں’

حکومتی رکن پارلیمان اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے لکھا کہ ’فخر زمان نے کیا شاندار اننگز کھیلی ہے، ڈیڑھ سو سے زیادہ رنز اور خوبصورتی سے بیٹ کیری کرنا، ہر لحاظ سے یہ پاکستان کی شاندار فتح ہے، پاکستان نے ہدف کا بہترین تعاقب اور مقابلہ کیا‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے