پاکستان کی تاریخی شکست، بنگلادیش کا پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش

پاکستان کو تاریخی شکست، بنگلادیش نے پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

بنگلا دیش نے پاکستان کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی اور پاکستان کو سیریز میں تاریخی وائٹ واش کردیا۔

بنگلا دیش نے سیریز میں دو صفر سے وائٹ واش کیا، پاکستان کرکٹ ٹیم تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بنگلا دیش نے دونوں میچز باآسانی جیتے، دوسرے ٹیسٹ میں 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

بنگلادیش کے لٹن داس پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے اپنی دوسری اننگز میں 138 رنز اسکور کیے تھے۔

بنگلادیش کے مہدی حسن میراز پلیئر آف دی سیریز قرار پائے جنہوں نے سیریز میں 155 رنز بنائے اور دس وکٹیں حاصل کیں۔

بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا اور آج مہمان ٹیم نے اپنی اننگز 42 رنز سے آگے بڑھائی۔

اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہ ہوسکا تھا پھر دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 262 رنز بنا کر 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔

اس کے بعد پاکستان ٹیم نے 12 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی اور 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔

اس سے قبل پنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلادیش نے قومی ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے سیریز میں بہت غلطیاں کیں: کپتان شان مسعود کا اعتراف

راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش سے سیریز میں تاریخی وائٹ واش پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بنگلادیش نے راولپنڈی میں ہونے والے دونوں میچز میں قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کیا جب کہ یہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب پاکستان کو اپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہے۔

میچ کے بعد گفتگو میں شان مسعود نے کہا کہ پاکستان نے سیریز میں بہت غلطیاں کیں اور بنگلادیش نے ہم سے زیادہ ڈسپلن سے کرکٹ کھیلی، شکست پر بہت مایوسی ہوئی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں بولر اور بیٹرز کےلیے فٹنس بہت اہم ہوتی ہے۔

دوسری جانب بنگلادیشی کپتان نجم الحسین شانتو نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں ہمارے فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،جیت کا سہرا تمام کرکٹرز کے سر ہے۔

شانتو کا کہنا تھا کہ مہدی حسن میراز محنتی کرکٹر ہیں اور وہ تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دے رہے ہیں، سیریز میں بھی مہدی حسن میراز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

پاکستان کو کتنی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کا سامنا رہا؟

بنگلا دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی زمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، بنگلا دیش نے راولپنڈی میں ہونے والے دونوں میچز میں قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کیا اور بنگلا دیش نے دونوں میچز باآسانی جیتے۔

یہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب پاکستان اپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہو ۔

حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 0-3 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کیا تھا ۔

پاکستان ٹیم دو مرتبہ نیوٹرل وینیو پر بھی اپنی ہوم سیریز ہار چکا ہے ۔ 2002 میں آسٹریلیا نے سری لنکا اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں پاکستان کو شکست دی تھی اور 2017 میں سری لنکا نے پاکستان کو 0-2 سے یو اے ای میں ہرایا تھا۔

یہ پاکستان ٹیم کی مجموعی طور پر 17 ویں سیریز وائٹ واش شکست ہے۔ 13 سیریز میں پاکستان حریف کے ہوم گراؤنڈ پر ہارا ہے جس میں سے 7 سیریز میں وائٹ واش کا سامنا اسے آسٹریلوی سرزمین پر کرنا پڑا ۔

پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا میں 1972، 1999، 2004، 2009، 2016 اور 2023 کی سیریز کے ہر ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے علاوہ 2002، 2013 اور 2018 میں اسے جنوبی افریقا میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

2016 اور 2020 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں وائٹ واش شکست ہوئی تھی جب کہ دونوں سیریزمیں پاکستان 0-2 کے مارجن سے ہارا تھا۔

2014 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں 0-2 سے وائٹ واش شکست ہوئی تھی۔

بنگلادیش سے وائٹ واش پر پی ٹی آئی بھی خاموش نہ رہ سکی

پشاور: بنگلادیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے پر پی ٹی آئی بھی خاموش نہ رہ سکی۔

پی ٹی آئی رہنما اور خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بنگلادیش کے ہاتھوں اپنے ہی ملک میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، شہباز شریف حکومت میں شرمندگی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اورجعلی حکومت کی ترجیحات صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑدھکڑ ہے، محسن نقوی کو بورڈ چیئرمین شپ الیکشن میں بدترین دھاندلی کےانعام میں ملی، کرکٹ کی بہتری محسن نقوی کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کےبعد محسن نقوی نےٹیم میں سرجری کا شوشہ چھوڑا تھا، اسی دن میں نےکہا تھا کہ سرجری فارم 47 حکومت کی ہونی چاہیے، فارم 47 کی جعلی حکومت نےکرکٹ کے میدانوں کو بھی سیاست کی نذر کیا ہے جب کہ ارشد ندیم نے اپنی ہی محنت پر ریکارڈ بنایا تھا، اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔

یاد رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ میں 10 اور دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے