غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیرِ اہتمام تربت کے شہید فدا چوک پر ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، مذہبی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے مقامی رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت اور عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کی۔ مقررین نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جو انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔
رہنماؤں نے عالمی طاقتوں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی مظالم رکوانے اور انسانی امداد کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
جلسے کے شرکاء نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
احتجاج کے اختتام پر فلسطینی شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ کے عوام کی حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔