ایشیاء کپ 2016 کے لئے آج سے میدان تیار


ایشیا کی پانچ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز آج سے بھارت اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے۔

سنہ 1984 سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے میچز ٹی20 فارمیٹ میں کھیلے جا رہے ہیں۔ اس کا فیصلہ ایشیا کرکٹ کپ کے فوراً بعد شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اس مرتبہ ایشیا کپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت اور سری لنکا کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں متحدہ عرب امارت نے افغانستان، اومان اور ہانگ کانگ کو شکست دے کر ایشیا کپ میں بطور پانچویں ٹیم جگہ بنائی ہے۔


ایشیا کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 27 فروری کو کھیلے گا۔

بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ سے قبل متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کو اپنے سکواڈ میں کچھ تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان کو ایشیا کپ کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کو سکواڈ میں شامل ان کی پشاور زلمی کے خلاف شاندار سنچری کے بعد کیا گیا ہے۔

دوسری طرف اسلام آباد یونائیٹڈ ہی کے محمد سمیع کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے اہم پلے آف میچ میں عمدہ بولنگ کی اور چار اوورز میں صرف آٹھ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ نوجوان آل راؤنڈر محمد نواز کو بھی پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کی وجہ سے پاکستان سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کمر میں تکلیف کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ کپتانی کے فرائض وراٹ کوہلی سرانجام دیں گے۔


اب تک بھارت اور سری لنکا پانچ، پانچ بار جبکہ پاکستان صرف دو بار ہی ایشیا کپ جیت سکا ہے۔

پہلا ایشیا کپ 1984 میں شارجہ میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 1986 میں سری لنکا میں کھیلے گئے دوسرے ایشیا کپ میں بھارت نے شرکت نہیں کی تھا جس کی جگہ بنگلہ دیش کو بطور تیسری ٹیم کے کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ سری لنکا نے جیتا تھا۔

پاکستان نے سنہ 2000 میں ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو اور پھر سنہ 2012 میں بنگلہ دیش کو فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے کر دوسرا ایشیا کپ جیتا تھا۔

مارچ 2014 میں ہونے والے آخری ایشیا کپ کی میزبانی بھی بنگلہ دیش نے کی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیم نے شرکت کی تھی۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے