پاکستان کی خاتون کھلاڑی ورلڈ ٹی20 ٹیم میں شامل

حالیہ ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی نے اپنی ورلڈ ٹی20 ٹیم منتخب کی ہے۔ جس میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو منتخب نہیں کیا گیا، البتہ خواتین ٹیم میں پاکستان کی کھلاڑی ضرور شامل ہیں۔
بھارت کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کا کپتان منتخب کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی ٹیم کی کپتان ویسٹ انڈیز کی فاتح کپتان سٹفینی ٹیلر کو نامزد کیا گیا ہے۔
خواتین کی ٹیم میں پاکستان کی بولر انعم امین کو منتخب کیا گیا ہے۔
مردوں کی بارہ رکنی آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ٹیم میں کوہلی کے علاوہ بھارت کے سینیئر بولر اشیش نہرا نے بھی جگہ بنائی ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ وکٹ کیپر کی حیثیت سے شاید جنوبی افریقہ کے ڈی کاک نے ان کی جگہ حاصل کر لی۔
خیال رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا فائنل اتوار کو کھیلا گیا جس میں مرد اور خواتین دونوں درجے میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم فتح سے ہمکنار ہوئی۔ آئی سی سی ٹیم کا انتخاب ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے کیا گیا تھا۔

یہ ٹیمیں سابق کرکٹرز اور كمینٹیٹرز نے منتخب کی ہیں۔ انھیں میزبان ملک کے حالات اور کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم منتخب کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے انتخاب کے لیے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو پیش نظر رکھا گیا ہے تاہم صرف اعداد و شمار ہی انتخاب کی بنیاد نہیں تھے۔
مردوں کی ٹیم میں رنرز اپ رہنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے چار کھلاڑی ہیں۔ بھارت کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے بھی دو کھلاڑی اس میں شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے ایک ایک کھلاڑی نے اس ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔
خواتین کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کی چار کھلاڑی شامل ہیں جبکہ بھارت کی کوئی بھی خاتون کرکٹر اس میں شامل نہیں۔

آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی دو دو کھلاڑیوں کو خواتین ٹیم میں جگہ ملی ہے جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ایک ایک کھلاڑی نے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔
مرد ٹیم: جیسن رائے (انگلینڈ)، كونٹن دی کوک (جنوبی افریقہ، وکٹ کیپر)، وراٹ کوہلی (بھارت، کپتان)، جو روٹ (انگلینڈ)، جے بٹلر (انگلینڈ)، شین واٹسن (آسٹریلیا)، آندرے رسل (ویسٹ انڈیز )، مچل سینٹنر (نیوزی لینڈ)، ڈیوڈ ولی (انگلینڈ)، سیموئل بدری (ویسٹ انڈیز)، اشیش نہرا (بھارت) اور مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش)
خواتین ٹیم: سوزي بیٹس (نیوزی لینڈ)، چارلٹ ایڈورڈز (انگلینڈ)، میگ لینن (آسٹریلیا)، سٹیفینی ٹیلر (ویسٹ انڈیز، کپتان)، سوفی ڈیوائن (نیوزی لینڈ)، رچل پريسٹ (نیوزی لینڈ، وکٹ کیپر)، ڈی ڈوٹن (ویسٹ انڈیز) ، میگن شٹ (آسٹریلیا)، سونے لوس (جنوبی افریقہ) لیگ كاسپریک (نیوزی لینڈ)، انيا شوربسولے (انگلینڈ) اور انم امین (پاکستان)

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے