اپنی بہترین اداکاری اور کامیاب فلموں سے بولی وڈ میں جگہ بنانے والے نئے اور پرجوش اداکار رنویر سنگھ اب کنگ خان کے ساتھ بھی فلم کرنے جارہے ہیں۔
بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق 50 سالہ شاہ رخ خان اور 30 سالہ رنویر ہدایت کار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی ایک فلم میں اکٹھے ہورہے ہیں جس کی ہدایت کاری شیمت امین دیں گے۔
شاہ رخ ہدایت کار شیمت کے ساتھ اس سے قبل 2007 کی فلم ’چک دے‘ میں کام کرچکے ہیں جو سال کی کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔
دونوں اداکار اس وقت اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، رنویر اپنی فلم ’بے فکرے‘ جبکہ شاہ رخ ’رئیس‘ کی شوٹنگ مکمل کر رہے ہیں۔
گزشتہ سال شاہ رخ اور رنویر باکس آفس پر اپنی فلموں ’دل والے‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ کے ساتھ پہلی بار مدمقابل آئے تھے۔
دونوں فلموں نے کمائی کے لحاظ سے بڑی کامیابی حاصل کی تاہم شاہ رخ کی فلم ناقدین کی تنقید کا نشانہ بنی جبکہ رنویر کی فلم کو بہتر ردعمل موصول ہوا۔
دونوں اداکاروں کا ایک ساتھ فلم کے لیے اکٹھے ہونا ان کے مداحوں کے لیے یقیناً ایک بڑی خبر ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں فلم میں مل کر کیا جلوہ بکھیرتے ہیں۔