بولی وڈ اداکارہ بپاشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کی شادی کی خبریں کافی عرصے سے میڈیا میں گردش کر رہی تھیں اور
اب ان کی قریبی دوست پریانکا چوپڑہ نے اس شادی کی تصدیق کردی ہے۔
37 سالہ بپاشا باسو اور 34 سالہ کرن سنگھ کی دوستی کی خبریں 2015 میں ریلیز ہونے والی ہارر فلم ’الون‘ کے بعد میڈیا کی زینت بنیں، جس کے بعد ان کی شادی کی بھی قیاس آرائیاں ہونے لگیں۔
تاہم بپاشا باسو نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا، "اگر مجھے شادی کرنی ہوگی اور جب بھی کرنی ہوگی تو اس کا اعلان میں خود کردوں گی، گزارش ہے کہ اس بات کو غیر سنجیدگی سے نہ لیا جائے”۔
لیکن اب بپاشا کی قریبی دوست پریانکا نے ٹوئٹر پر انھیں شادی کے لیے دعائیں دے ڈالیں۔
پریانکا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا ’میں اپنی دوست بپاشا اور ان کے دلہا کرن سنگھ کے لیے بے حد خوش ہوں، بپاشا تمہارا دل سونے کا ہے اور تمہیں اس سے بھی زیادہ خوشیاں ملنی چاہیئیں‘۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ بپاشا کب تک اپنی شادی کی خبریں میڈیا سے چھپا کر رکھتی ہیں، تاہم ایک خبر یہ بھی ہے کہ بپاشا اور کرن کی شادی رواں ماہ 29 اپریل کو ہوگی۔