ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرمناک کارکردگی کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم میں اکھاڑ بچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے اور کپتان اور کوچ کے استعفوں کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا نام چیرمین پی سی بی کے لئے تجویز کردیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی بلے باز بری طرح ناکام رہے جب کہ بولرز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارا بورڈ ہی سفارشی ہے، ہیڈ کوچ، کوچ اور سلیکشن کمیٹی بھی تبدیل ہو گئی، چیرمین پی سی بی کے لئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا نام وزیراعظم نواز شریف کو بھیج دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بنگلا دیش کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں حکومت اور بورڈ کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کرتا ہے لیکن پاکستان اور بھارت میں جب ٹیم پرفام کرے تو ٹھیک اور خراب کارکردگی پر کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے وقار یونس کی رپورٹ بھی وزیراعظم نواز شریف کو بھیج دی ہے جب کہ دورہ انگلینڈ کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد میں لگایا جائے گا۔
میڈیا پر چیرمین پی سی بی شہریارخان کے استعفوں سے متعلق بھی خبریں زیر گردش رہیں تاہم انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس قسم کی تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نا تو استعفیٰ دے رہا ہوں اور نہ ہی اس قسم کا کوئی ارادہ ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان ماجد خان 63 ٹیسٹ اور 23 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔