آج کا پاکستان

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]پاناما لیکس: وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ[/pullquote]

nawaz

اسلام آباد : اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاناما لیکس سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاناما لیکس پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس پر ایساکمیشن بنایا جائے جو سب کو قابل قبول ہو، ہم ایک بااختیار کمیشن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی شریف خاندان کی پگڑی اچھالنا مقصد نہیں، اصلاح مقصد ہے، حکومت کا اب تک جو موقف سامنے آیا ہے اس کی دھجیاں اڑا سکتا ہوں مگر ایسا نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جتنے جوڈیشل کمیشن بنے قوم مطمئن نہیں ہوسکی، بہت سے جوڈیشل کمیشنز کی رپورٹ ہی شائع نہیں ہوسکیں، جبکہ حکومت کی کمیشن کی تجویز کو تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن مسترد کر چکی ہے۔شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے، جس کی فارنزک آڈٹ کا تجربہ رکھنے والی بین الاقوامی فرم معاونت کرے۔ان کا کہنا تھا کہ آج نیب خاموش کیوں ہے، چیئرمین اسٹیٹ بینک نے چپ کا روزہ کیوں رکھا ہے، الیکشن کمیشن آج کہاں ہے، پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے اخلاقی، آئینی اور جمہوری راستہ تلاش کیا جائے، جبکہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کا ایسا راستہ نکالا جائے جسے عوام بھی تسلیم کریں۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں صرف شریف خاندان کا نام نہیں، دیگر افراد کا ذکر بھی کیا جانا چاہئے۔

[pullquote]عمران خان سرکاری ٹی وی پرخطاب کے خواہش مند[/pullquote]

imran

پی ٹی وی کے سیکریٹری انفارمیشن اور قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر عمران گردیزی کے نام لکھے گئے مراسلے میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ‘جیسا کہ سب ہی جانتے ہیں کہ پاناما لیکس کے تحت افشا ہونے والی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ کس طرح عالی رہنماؤں اور شخصیات نے اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیےغیر قانونی آف شور کمپنیاں قائم کیں۔’مراسلے کے مطابق، ‘وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خاندان کا نام بھی ان دستاویزات میں شامل ہے۔’مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ ‘اپنے دفاع کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے 5 اپریل کو قوم سے خطاب کیا اور پاناما لیکس کے معاملے پر اپنی اور اپنے خاندان کی پوزیشن کو واضح کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔’مزید کہا گیا ہے کہ ‘پاکستان کا سب سے بڑا ٹیلی ویژن نیٹ ورک ہونے کی حیثیت سے جو صرف عوام کے ٹیکس پر چلتا ہے، پی ٹی وی ہر پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے۔”لیکن بدقسمتی سے پاناما لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے بہت سے اراکین اسمبلی شوکت خانم ہسپتال سے متعلق غلط معلومات پھیلانے کے لیے پی ٹی وی کا استعمال کرچکے ہیں۔’مراسلے کے مطابق ‘یہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا حق ہے کہ وہ بھی پی ٹی وی پر قوم سے خطاب میں شوکت خانم ہسپتال پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا جواب دیں اور پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔آخر میں پی ٹی وی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 10 اپریل کو شام 6 بجے عمران خان کے قوم سے خطاب کے سلسلے میں تمام انتظامات کریں۔ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عمران خان اپنے آفس سے براہ راست خطاب کریں گے۔

[pullquote]کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، تین افراد ہلاک[/pullquote]

Dead Terrorist

کراچی: کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں تین افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ایس ایس پی سینٹرل انویسٹی گیشن عرب مہر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد اہل تشیع کمیونٹی سے تعلق رکھتے تھے جنہوں نے امام بارگاہ نجف میں نماز جمعہ ادا کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد موٹر سائیکل پر تھے جن پر شفیق موڑ کے قریب حملہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں سے علی شاہد اور سجاد باپ بیٹے تھے جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ حملہ آور ناگن چورنگی کی طرف سے سروس روڈ سے آئے اور اسی جانب فرار ہوگئ.

[pullquote]ممتاز قادری کا دوسرا چہلم[/pullquote]

mumtaz

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے اُس وقت ممتاز قادری کے خاندان سے رابطہ کیا، جب انھیں یہ رپورٹس ملیں کہ ان کے رشتے دار اور گاؤں والے رواں ماہ 10 اپریل کو ان کے چہلم کے انعقاد کا منصوبہ بنارہے ہیں. وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے اُس وقت ممتاز قادری کے خاندان سے رابطہ کیا، جب انھیں یہ رپورٹس ملیں کہ ان کے رشتے دار اور گاؤں والے رواں ماہ 10 اپریل کو ان کے چہلم کے انعقاد کا منصوبہ بنارہے ہیں.وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی قسم کے سیکیورٹی مسائل سے بچنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے ممتاز قادری کے اہلخانہ سے ملاقات کی.ملاقات کے دوران ممتاز قادری کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ اپنے گاؤں میں ہی چہلم کا انعقاد کریں گے اور انھوں نے اس سلسلے میں گاوں کے 40-50 لوگوں اور اپنے رشتے داروں کو دعوت دے رکھی ہے.اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ان کا دیگر لوگوں اور ان کے اعمال سے کوئی لینا دینا نہیں ہے.ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ممتاز قادری کے اہلخانہ نے حکام کو زبانی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ چہلم کے انعقاد کے سلسلے میں کسی کے ساتھ منسلک نہیں ہوں گے.ایک اور پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاستدان سے بھی رابطہ کیا گیا، جو پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے خود کو ان معاملات سے الگ کرنے پر متفق ہوگئے.دوسری جانب پولیس اور انتظامیہ دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ہفتہ قبل پیش آنے والی صورتحال دوبارہ پیدا ہونے سے بچنے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں.

[pullquote]6 کروڑ پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں. حکومتی سروے[/pullquote]

download

اسلام آباد میں ‘تخمینہ غربت’ (Poverty Estimation) کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 14-2013 میں نئے طریقہ کار کے تحت کیے گئے سروے کی وجہ سے غریب افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ موجود حکومت یہ بڑا چیلنج خود تسلیم کر رہی ہے، کیونکہ 2001 کے غربت کا تخمینہ لگانے والے فارمولے کے تحت 20 ملین (2کروڑ) لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے تھے لیکن یہ تخمینہ گمراہ کن اور غلط تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے تخیمنہ سے خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے گھرانوں کی تعداد 6.8 ملین (68 لاکھ) سے 7.6 ملین (76 لاکھ) کے درمیان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس طرح ہم خود اپنے لیے بوجھ بڑھا رہے ہیں لیکن ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم یہ کریں گے۔’

2001 کا غربت ماپنے کا پیمانہ خوراک کی بنیاد پر تھا، جس سے ہر ایک کی نمائندگی نہیں ہوتی تھی، اسے مزید شفاف اور مربوط بنانے کے لیے حکومت نے اس میں بنیادی ضروریات کو غیر غذائی اخراجات کے طور پر شامل کیا ہے۔غیر غذائی اخراجات میں تعلیم، صحت اور موبائل فون وغیرہ کو شامل کیا گیا، اس سے ملک میں غریب افراد کی بالکل درست تعداد معلوم ہو سکے گی۔ورلڈ بینک کی جانب سے لگائے جانے والے اندازے کے مطابق 2001 کے بعد سے غربت میں کمی واقع ہوئی ہے، 01-2000 میں یہ شرح 34.7 فیصد، 05-2004 میں 23.3 فیصد، 06-2005 میں 21.9 فیصد، 08-2007 میں 16.5 فیصد، 11-2010 میں 12.2 فیصد، 12-2011 میں 12.4 فیصد اور 14-2013 میں 9.3 فیصد تھی۔

[pullquote]لاہور میں جماعت الدعوۃ کی ثالثی عدالتیں[/pullquote]

court-hammer

لاہور میں مذہبی تنظیم جماعت الدعوۃ نے لوگوں کے باہمی جھگڑوں کے حل کے لیے ’دارالقضاء شریعہ‘ کے نام سے اپنا ثالثی نظام قائم کر لیا ہے جہاں فریقین فوری اور قابل قبول حل کے لیے رجوع کر رہے ہیں۔لاہور سے صحافی اے این خان کے مطابق ثالثی عدالت چوبرجی لاہور میں واقع جماعت الدعوۃ کے ہیڈکوارٹرز جامعہ قادسیہ میں قائم کی گئی ہے، جہاں کوئی بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے درخواست دے سکتا ہے جسے سماعت اور کارروائی کے لیے ’دارالقضا شریعہ‘ کو بھیج دیا جاتا۔’دارالقضا شریعہ‘ کے قاضی کو عدالتی معاونین کی مدد بھی حاصل ہے جنھیں خادمین کہا جاتا ہے۔جماعت الدعوۃ کے مرکزی ترجمان یحییٰ مجاہد کے مطابق یہ ثالثی نظام 90 کی دہائی سے قائم ہے جہاں لوگ اپنے مسائل اور باہمی جھگڑوں کی تصفیوں کے لیے رجوع کرتے ہیں اور ’دارالقضا شریعہ‘ ثالثی عدالت یا کونسل کی طرح ان کے درمیان فیصلے کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ کام ملک کے مروجہ قوانین اور عدالتی نظام کے خلاف یا متوازی نظام قطعاً نہیں ہے کیونکہ ہمارا عدالتی نظام لوگوں کے درمیان مصالحت کے لیے ثالثی یاپنجائیتی سسٹم کو سپورٹ کرتا ہے۔اس سلسلے میں جب پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم قادری سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کہیں بھی کوئی متوازی عدالتی نظام موجود نہیں ہے۔ جماعت الدعوۃ کے مرکز جامعہ قادسیہ میں بھی کسی قسم کی کوئی عدالت قائم نہیں کی گئی۔صوبہ میں کہیں بھی کوئی متوازی عدالتی نظام موجود نہیں ہے۔ جماعت الدعوہ کے مرکز جامعہ قادسیہ میں بھی کسی قسم کی کوئی عدالت قائم نہیں کی گئی ،سید زعیم قادری، ترجمان پنجاب حکومت:انھوں نے کہا کہ جامعہ قادسیہ میں بھی مصالحتی اور ثالثی طرز کی پنجائیت کام کر رہی ہے جو لوگوں کے درمیان ان کی رضامندی سے فیصلے کرتی ہے لیکن اس سلسلے میں شائع کی گئی خبر کو ٹوئسٹ دیا گیا ہے پنجاب میں کسی کو نہ قانون ہاتھ میں لینے دیا جائے گا اور نہ ہی متوازی عدالتیں لگانے دی جائیں گی۔زعیم قادری نے کہاکہ اگر جامعہ قادسیہ سے کسی کو سمن جاری کیے گئے ہیں تو وہ پولیس کے نوٹس میں لائے، حکومت کسی سے کوئی رعایت نہیں برتے گی۔جماعت الدعوۃ کے مرکزی ترجمان کے مطابق یہ ’عدالت‘ سزائیں دینے کے لیے نہیں ہے اور نہ ہی ابھی تک کسی کو سزا دی گئی ہے بلکہ فریقین کی رضامندی سے شریعت کی روشنی میں فیصلے کیے جاتے ہیں جنھیں فریقین بخوشی قبول کرتے آ رہے ہیں۔ اور زیادہ تر لوگ مروجہ عدالتی نظام سے فوری فیصلے نہ ملنے کی وجہ سے دارالقضا سے رجوع کرتے ہیں، کسی کے ساتھ کوئی زبردستی، ظلم یا زیادتی نہیں کی جاتی۔تاہم یحییٰ مجاہد کے دعویٰ کے برعکس معلوم ہوا ہے کہ ’دارالقضا شریعہ‘ کے سامنے پیش ہونے کے لیے لوگوں کو سمن بھی جاری کیے جاتے ہیں اور پیش نہ ہونے کی صورت میں سخت ایکشن لینے کی وارننگ بھی دی جاتی ہے۔ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق سمن جماعت الدعوۃ کے مونو گرام والے لیٹرہیڈ کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں جس پر ’دارالقضا شریعہ‘ جماعت الدعوۃ پاکستان اور ثالثی شرعی عدالت عالیہ لکھا ہوا ہے۔اخبار ڈان کے مطابق اسی طرح کے سمن وصول کرنے والے ایک شخص نے جماعت الدعوۃ کی عدالت میں پیش ہونے کی بجائے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور دیگر عدالتی و حکومتی شخصیات کو خطوط لکھ دیے ہیں، لیکن اسے تاحال حکومت یا عدالت عظمیٰ سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔قانونی ماہرین جماعت الدعوۃ کی ثالثی عدالت کو متوازی نظام سے تعبیر کر رہے ہیں۔ پاکستان بار کونسل کے ممبر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ کسی نجی تنظیم کو لفظ ’عدالت‘ استعمال کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ’عدالت‘ کا لفظ صرف سپریم کورٹ، ہائی کورٹ، فیڈرل شریعت کورٹ اور ملکی قانون و آئین کے تحت قائم کی گئی دیگر عدالتوں کے لیے ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]پی سی بی دوبارہ عاقب کا اعتماد حاصل کرنے کا خواہاں[/pullquote]

150224053800_aqib_javed_640x360_bbc_nocredit

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کے دوبارہ اعتماد کے حصول کی کوششیں شروع کر دی ہیں جہاں وہ فاسٹ باؤلر کو کوچنگ کے عہدے کیلئے درخواست دینے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وقار یونس کی جانب سے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد عاقب جاوید کو مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا اور خود انہوں نے بتایا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے رابطہ کیا گیا ہے اور وہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے تیار ہیں۔تاہم چند دن بعد عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا عہدہ نہیں چھوڑ رہا اور یہاں تک کہ میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے بھی کوشش نہیں کررہا کیونکہ قیاس کیا جارہا ہے کہ وہ غیر ملکی کوچ کے لیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا تھا کہ میں اپنی صلاحیتیں ان لوگوں پر صرف نہیں کرنا چاہتا جو اپنے وعدوں کا پاس نہیں رکھتے۔عاقب کا ماننا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کوچ کی تلاش کیلئے بنائے گئے پینل کے اراکین وسیم اکرم اور رمیز راجہ پہلے ہی غیر ملکی کوچ لانے کیلئے اپنا دماغ بنا چکے ہیں۔تاہم پی سی بی کے قریبی ذرائع نے نئی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی عاقب کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ان کے پاس بھی ہیڈ کوچ بننے کا پورا موقع ہے اور یہ ضروری نہیں کہ پینل غیر ملکی کوچ کا ہی انتخاب کرے، ساتھ ساتھ انہیں اس بات کا یقین بھی دلایا کہ رمیز اور وسیم پر مشتمل پینل کوچ کی تلاش میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہتے ہوئے انتخاب کرے گا۔

[pullquote]چین اور پاکستان کے درمیان دو ارب ڈالر کے معاہدے[/pullquote]

Pakistan-China-economic-corridor-620x330

چین کے مغربی صوبے سنکیانگ کی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ دو ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے رویئٹرز کا کہنا ہے کہ سنکیانگ کے اعلی عہدہداروں نے تجارتی تعلقات بہتر بنانے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔
چین کا 61 رکنی وفد گوادر کے دورے پرراہداری کے منصوبے پر اختلافات ختم کیےجائیں: یاد رہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان گذشتہ سال 46 ارب ڈالر مالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ طے پایا تھا۔جس کے تحت چین پاکستان میں گوادر سے لے پر چین تک راہداری بنا رہا ہے۔چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری جنرل ژانگ چوانگ کی سربراہی میں چینی کے 61 رکنی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔انھوں نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات اور صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے دورے پر پہنچ گیا۔سنکیانگ کے روزنامے کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری جنرل اقتصادی راہداری کے علاقوں میں ماحول سازگار اور دوستانہ ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت پاکستان میں سنکیانگ کی چینی کمپنیاں دو ارب ڈالر کی مالیت سے انفراسٹیکچر کے منصوبے، شمسی توانائی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کریں گی یاد رہے کہ چین کے مغربی سنکیانگ میں شدت پسندوں کے رجحانات میں اضافہ ہوا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سر زمین پر موجود شدت پسند عناصر سنکیانگ میں حالات خراب کروا رہے ہیں۔چین کے صدر نے گذشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

[pullquote]افغانستان :امریکا نے ایک بار پھرفضائی حملےمیں بے گناہ شہری مار دیے.[/pullquote]

US Strike Afghan killed Air Attack

کابل: امریکی طیاروں نے پاکستان کی سرحد کے قریب افغان صوبے پکتیکا میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس میں ہلاک ہونے والے افراد کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فوجی ترجمان کمانڈر فرناڈو ایسٹریلا کا کہنا تھا کہ امریکی جنگی طیاروں نے صوبہ پکتیکا میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر دو فضائی حملے کیے۔صوبہ پکتیکا کے صوبائی پولیس چیف زورآور زاہد نے کہا کہ امریکی فضائی حملے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تاہم ایک اور مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے عام شہری تھے۔ صوبائی کونسل کے نائب چیف نعمت اللہ بابورائی نے کہا کہ ‘میرا تعلق اس علاقے سے ہے جہاں حملہ ہوا اور میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ عام شہری تھے۔’بابورائی نے بتایا کہ امریکی فضائیہ کے پہلے حملے میں 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دوسرے فضائی حملے میں 6 افراد ہلاک ہوئے اور اس میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو پہلے حملے کے متاثرین کی لاشیں جمع کررہے تھے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ افراد مسلح تھے تاہم ایسا انھوں نے صرف اپنی حفاظت کیلئے کیا تھا۔دوسری جانب افغان سیکیورٹی حکام نے امریکی فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے رپورٹس کو مسترد کیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ایسے واقعات پیش آچکے ہیں کہ امریکی فضائی بمباری میں عام افغان شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔یہ بھی یاد رہے کہ حالیہ چند ماہ سے امریکا نے افغانستان کے پاکستان سے متصل علاقوں میں فضائی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

[pullquote]پرتیوشا کی مداح نے بھی خودکشی کرلی[/pullquote]

5707511707aec

رائے پور: ہندوستانی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع رائے پور میں ایک 26 سالہ خاتون نے ہندوستانی ڈرامے ‘بالیکا ودھو’ کی مرکزی اداکارہ پرتیوشا بینرجی کی خودکشی پر دلبرداشتہ ہوکر اپنے 2 سالہ بیٹے کے سامنے خودکشی کرلی.ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والی خاتون مدھو مہانند کے شوہر نکول کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ پرتیوشا کی خودکشی کی خبریں مسلسل دیکھ رہی تھی.انسپکٹر بھوشان اِکا کے مطابق پولیس کنٹرول روم کو بدھ کی شام مدھو کی غیر طبعی موت کی اطلاع موصول ہوئی.اِکا کے مطابق مدھو، ڈرامے ‘بالیکا ودھو’ میں آنندی کے کردار سے بہت متاثر تھیں، انھوں نے خود کو کمرے میں بند کیا اور اپنے 2 سالہ بیٹے کے سامنے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی.پولیس کے مطابق جب نکول کام سے واپس آیا تو اسے اپنی بیوی کی خودکشی کا علم ہوا.ابتداء میں پولیس نے مدھو کے قتل کے شبہہ میں نکول کو حراست میں لیا تاہم خاتون کے والدین کے اس بیان پر کہ مدھو ‘آنندی’ سے بہت زیادہ متاثر تھی، نکول کو رہا کردیا گیا.یاد رہے کہ مقبول ہندوستانی ڈرامے ’بالیکا ودھو‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے یکم اپریل کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی جس کی وجہ ان کا اپنے بوائے فرینڈ سے خراب تعلقات کے باعث ڈپریشن میں مبتلا ہونا بتائی گئی۔پرتیوشا کی خودکشی کے بعد بولی وڈ آئٹم گرل راکھی ساونت نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ‘چھت کے پنکھوں’ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا.راکھی کا کہنا تھا ’میں چاہتی ہوں گھر گھر سے چھت کے پنکھے ہٹادیئے جائیں، کیوں کہ ان ہی سے لٹک کر بہو بیٹیاں خودکشی کر رہی ہیں، میں وزیراعظم مودی سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ان پنکھوں پر پابندی عائد کریں‘۔راکھی نے عوام سے بھی درخواست کی کہ جو بھائی اپنی بہن سے پیار کرتا ہے یا جو ماں اپنی بیٹی سے پیار کرتی ہے وہ اس پنکھے کو اپنے گھر سے ہٹا دے۔راکھی نے چھت کے پنکھوں کو ہٹا کر ٹیبل پر رکھنے والے پنکھوں (ٹیبل فین) اور اے سی لگانے کا مشورہ بھی دیا تھا.

[pullquote]پاناما لیکس میں نام آنے پر کانگریس کا امیتابھ کو برانڈ ایمبیسڈر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ[/pullquote]

ametab

بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کا نام پاناما لیکس میں آنے پر انہیں برانڈ ایمبسڈر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔پانامہ لیکس کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد دنیا بھر میں سیاسی بھونچال آیا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی نئی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پاناما لیکس میں میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کی بہو ایشوریا رائے بچن کا نام آنے پر شدید مشتعل ہے جس پر انہوں نے امیتابھ بچن کو مہارشٹرا حکومت کے پروجیکٹ ’’ماہا ٹائیگر‘‘ کے برانڈ ایمبسڈر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن مہاراشٹرا حکومت کے پروجیکٹ’’ماہا ٹائیگر‘‘ کے برانڈ ایمبسڈر ہیں۔

[pullquote]دپیکا، سلمان کی ‘ہیروئن’ کے روپ میں[/pullquote]

5707a64303375

بولی وڈ کی کامیاب اداکارہ دپیکا پڈوکون متعدد بار دبنگ اداکار سلمان خان کے ہمراہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکی ہیں اور اب ایسا لگتا ہے کہ ان کی یہ خواہش جلد پوری ہونے والی ہے۔انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے فلم ’سلطان‘ کے بعد ایک اور فلم سائن کی ہے جس میں ان کے ہمراہ دپیکا پڈوکون اہم کردار ادا کریں گی۔

[pullquote]سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن کلیئر[/pullquote]

57077ef7cb5a5

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا ہے جس کے بعد انہیں اپنا کیریئر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔سنیل نارائن مشکوک باؤلنگ ایکشن کے سبب ہی ورلڈ کپ 2015 اور پھر رواں سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ اسپنر کا ایکشن گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچ میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد نومبر میں انہیں معطل کردیا گیا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2014 میں انڈین پریمیئر لیگ میں ان کا ایکشن رپورٹ پوا تھا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن قانونی ہے، اب وہ انٹرنیشنل کرکٹ اور دنیا بھر کے ڈومیسٹک ایونٹس میں باؤلنگ دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔سنیل نارائن اب تک صرف چھ ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر سکے ہیں جہاں انہوں نے 21 وکٹیں حاصل کیں لیکن محدود اوورز کی کرکٹ میں وہ انتہائی کامیاب باؤلر رہے ہیں جہاں وہ اب ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں بالترتیب 40 اور 55 کھلاڑیوں اپنا شکار بنا چکے ہیں۔آئی سی سی کے مطابق 28 مارچ کو چنئی میں سنیل نارائن کا دوبارہ ٹیسٹ لیا گیا جسے میں وہ کامیاب رہے۔تاہم ٹیسٹ کلیئر ہونے کے باوجود نارائن فوری طور پر آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو جوائن نہیں کر سکیں گے کیونکہ گزشتہ دنوں ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا جس کے سبب وہ واپس ویسٹ انڈیز لوٹ گئے تھے۔

[pullquote]عمرے کے لیے جانے والے مسافر سے ڈیڑھ کلو ہیروئن برآمد[/pullquote]

اسلام آباد: اے ایس ایف نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر عمرے کے لیےجانے والے مسافر سے ڈیڑھ کلو ہیروئن برآمد کرلی. فیاض خان نامی مسافر اپنی والدہ کے ساتھ پی کے 7855 سے جدہ جارہا تھا.اے ایس ایف کے عملے نے سامان میں مہارت سے چهپائی گئی آئس ہیروئن کو مہارت سے پکڑ لیا. آئس ہیروئن چینی کے دانوں کی طرح کی ریفائنڈ ہیروئن ہوتی ہے.

[pullquote]عالمی خبریں [/pullquote]

[pullquote]بھارت میں گرمی کی لہر، اپریل میں ہی چورانوے افراد ہلاک[/pullquote]

368409-HotWeatherWeb-1434791631-540-640x480

بھارت کی جنوبی ریاستوں تلنگانہ اور اندھرا پردیش میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں اس برس موسم گرما کی شدت کو انتہائی زیادہ قرار دیا جا رہا ہے۔اسی دوران حکام نے عوام کو موسم کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔گرمی کی اس شدید لہر سے بچنے کے لیے ریاست تلنگانہ میں مقامی حکام نے بے گھر افراد کو رہائش فراہم کرنے کی مہم بھی شروع کر دی ہے۔ساتھ ہی ہسپتالوں میں ’ہیٹ اسٹروک‘ کے مریضوں کے علاج کے لیے بھی اضافی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسی مقصد سے اس ریاست کے مرکزی ہسپتالوں میں اضافی بستر بھی لگائے جا رہے ہیں۔تلنگانہ کے ہر ضلع میں تین تين ارکان پر مشتمل ٹیميں تشکیل دے دی گئی ہے، جو موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کريں گی اور گرمی سے ہلاک ہونے والے افراد کا ڈیٹا جمع کريں گی۔

[pullquote] ترکی اور اسرائیل باہمی تعلقات معمول پر لانے کی کوشش میں[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ کے بقول ترکی اور اسرائیل کے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک اس تناظر میں ایک ڈیل طے کرنے کے قریب آ گئے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ ماہ اس معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ تاریخی طور پر ان روایتی حلیف ممالک کے مابین سن 2010 میں اس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، جب اسرائیلی فوج نے غزہ کی ناکہ بندی توڑنے پر کارروائی کرتے ہوئے دس فلسطینی نواز ترک امدادی کارکنوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote] جنگی جرائم کا شبہ، جرمنی میں ایک شامی باشندہ گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے ڈورٹمنڈ شہر کے قریب سے ایک شامی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ شبہ ہے کہ وہ شام میں جنگی جرائم کا مرتکب ہوا تھا۔ اس اکتالیس سالہ شامی شہری پر الزام ہے کہ وہ اپنے وطن میں لوگوں پر تشدد اور اس عمل کی سرپرستی میں ملوث تھا۔ جرمن حکام کے مطابق اس ملزم نے شامی شہر حلب میں ڈیڑھ سو افراد پر مشتمل ایک ملیشیا بھی بنائی تھی، جو صدر بشار الاسد کے خلاف فعال تھی۔

[pullquote] داعش نے تین سو فیکٹری ملازمیں اغوا کر لیے، شامی میڈیا[/pullquote]

شامی میڈیا کے مطابق انتہا پسند گروہ داعش کے جنگجوؤں نے دمشق کے نواح میں واقع ایک سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کرتے ہوئے تین سو افراد کو اغوا کر لیا ہے۔ الضمیر نامی علاقے میں واقع اس فیکٹری کے مینیجر نے بتایا کہ جمعرات کے دن سے ان فیکٹری ملازمین سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔ گزشتہ ہفتے ہی جہادیوں نے الضمیر میں صدر بشار الاسد کی افواج کے خلاف اچانک حملے شروع کر دیے تھے۔

[pullquote] لیبیا میں داعش کے جنگجوؤں کی تعداد میں اضافہ[/pullquote]

لیبیا میں داعش سے ہمددری رکھنے والے جنگجوؤں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ افریقہ میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ روڈریگیز کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں لیبیا میں ان جنگجوؤں کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت لیبیا میں چار تا چھ ہزار جہادی موجود ہیں۔ امریکی جنرل نے خبردار کیا ہے کہ اس شمالی افریقی ملک میں داعش کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔

[pullquote] فیڈل کاسترو نو ماہ بعد عوامی سطح پر دیکھے گئے[/pullquote]

کیوبا کے کمیونسٹ انقلاب کے رہنما فیڈل کاسترو نو ماہ بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نظر آئے ہیں۔ سرکاری ٹیلی وژن پر جاری کردہ ایک فوٹیج میں 89 سالہ کاسترو ہوانا میں ایک اسکول کے بچوں کے ساتھ گفتگو اور امریکی صدر باراک اوباما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھے گئے۔ علالت کے باعث کاسترو نے سن 2006 میں اقتدار اپنے بھائی راؤل کاسترو کو سونپ دیا تھا۔ اوباما نے حال ہی میں کیوبا کا دورہ کیا تھا لیکن کاسترو نے اس دورے کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote] جاپان، کریش ہونے والے فوجی طیارے کا ملبہ مل گیا[/pullquote]

جاپان میں بدھ کو کریش ہونے والے ایک فوجی طیارے کا ملبہ اور طیارے میں سوار تمام افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔ حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں کانویا ایئر بیس پر منتقل کی جا رہی ہیں۔ ٹوکیو میں ملکی وزارت دفاع کے مطابق فوج نے اس حادثے کی وجوہات پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حکام کے مطابق مکمل اور جامع تحقیقاتی عمل کے بعد ہی حقائق منظر عام پر لائے جا سکیں گے۔

[pullquote] ایشیائی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ[/pullquote]

ایشیائی منڈیوں میں جمعے کے روز تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے، جب تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک خام تیل کی پیداوار کو ایک حد تک لانے کے لیے مذاکرات کرنے والے ہیں۔ سترہ اپریل کو دوحہ میں ہونے والی اس میٹنگ میں روس، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس کا مقصد تیل کی قیمتوں میں استحکام اور تیل کی یومیہ پیداواری حد کا تعین کرنا ہو گا۔

[pullquote] ڈھاکا میں سیکولر بلاگر کے قتل پر امریکا کی طرف سے مذمت[/pullquote]

امریکا نے بنگلہ دیش میں لبرل بلاگر ںظام الدین صمد کے قتل کی واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کے روز ڈھاکا میں سیکولر نظریات کے حامل اس بلاگر کو چھروں سے مسلح حملہ کرتے ہوئے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس نےاٹھائیس سالہ صمد کے قتل کو سیکولر بلاگرز اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا ہے۔ گزشتہ برس بھی مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایسے ہی حملوں میں پانچ سیکولر لکھاریوں اور بلاگرز کو قتل کر دیا تھا۔ ان میں سے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری مسلم شدت پسند تنظیم انصاراللہ بنگلہ نے قبول کی تھی۔

[pullquote] برازیلی صدر روسیف کا مواخذہ ممکن[/pullquote]

برازیل میں کانگریس کمیشن کی ایک کمیٹی نے صدر دلما روسیف کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پارلیمانی ایوان زیریں کی اس کمیٹی کے سربراہ کے مطابق صدارتی مواخذے کی کارروائی کی راہ میں اب کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ یہ کمیشن آئندہ ہفتے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا، جس کے بعد صدر روسیف کو متوقع طور پر اٹھارہ اپریل سے مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

[pullquote] یورپی فٹ بال لیگ: ڈورٹمنڈ اور لیورپول کا مقابلہ برابر[/pullquote]

یورپی فٹ بال لیگ کے ایک اہم کوارٹر فائنل میں جرمن کلب ڈورٹمنڈ اور انگلش کلب لیورپول کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ جمعرات کی رات ڈورٹمنڈ میں کھیلے گئے اس کوارٹر فائنل کے پہلے ہاف میں لیورپول نے پہلے گول کر کے سبقت حاصل کر لی تھی لیکن دوسرے ہاف میں جرمن کھلاڑی میٹس ہیوملس نے جوابی گول کر کے یہ میچ برابر کر دیا۔

[pullquote]سوڈان میں 22 شہریوں کو سزائے موت سنادی گئی[/pullquote]

خرتوم: سوڈان کی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں 22 شہریوں کو سزائے موت سنادی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرکاری وکلاء کے سربراہ ماہ جوب عبداللہ نے بتایا کہ ‘خرتوم کی شمالی عدالت کے جج عبیدین داہی نے جنوبی سوڈان سے تعلق رکھنے والے 22 شہریوں کو سزائے موت سنادی ہے’۔تمام مبینہ ملزمان کا تعلق دارفور کے علاقے میں بخت عبدالکریم داباجو کی ‘برابری کی تحریک’ سے بتایا گیا ہے، جس نے اپریل 2013 میں سوڈانی حکومت کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔معاہدے کے بعد سرکاری فوج نے اس تحریک کے کارکنوں کو غیر مسلح کرتے ہوئے ان کے کیپمس کو ختم کردیا تھا جبکہ اس دوران ہی گزشتہ فروری میں سوڈانی انسپکٹرز نے مذکورہ شہریوں کو گرفتارکیا تھا۔ان 22 افراد پر ریاست کے خلاف جنگ کرنے، قانون شکنی اور دہشت گردی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

[pullquote]کشمیر : مظاہرین کی ہندوستانی فورسز سے جھڑپیں[/pullquote]

سری نگر: ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 2 حریت پسند رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد ہزاروں مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کی صبح سری نگر کے جنوب میں 45 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقے شوپیاں میں مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ کا آغاز ہوا، جس کے بعد مظاہرین نے پولیس کی گاڑی کو آگ لگا دی۔فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی کا کہنا تھا کہ ‘عسکریت پسندوں’ نے سیکیورٹی اہلکاروں پر اُس وقت گولیاں چلائیں جب وہ معمول کی گشت پر تھے، جس کے جواب میں دونوں کو ہلاک کر دیا گیا۔’اُن کا کہنا تھا کہ ‘عسکریت پسند ‘ کشمیر میں سرگرم باغی گروپ حزب المجاہدین کے ارکان تھے۔ہلاکت کے بعد ہزاروں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے، جنھوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور باغیوں کے حق میں نعرے لگائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے