ممبئی: شاہ رخ خان کو بلاشبہ ان کی صلاحیتوں اور اداکاری کی وجہ سے بولی وڈ میں ‘کنگ خان’ کے نام سے جانا جاتا ہے، جن کے فینز ہندوستان سمیت پوری دنیا میں موجود ہیں.
لیکن ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ اگر حالیہ سالوں میں شاہ رخ کی کامیاب فلموں میں سے انھیں نکال دیا جائے تو وہ فلمیں محض عام سی ثابت ہوں گی اور ان کی کامیابی کی وجہ بھی یہی ہے کہ لوگ بس شاہ رخ کو اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں، فلم چاہے کیسی بھی ہو.
شاہ رخ کی ایک فلم ‘فین’ 15 اپریل کو ریلیز ہونے جارہی ہے، جس کے ایک گانے ‘جبرا فین’ نے سوشل میڈیا پر بڑی دھوم مچائی.
جبرا فین ‘کو ’فین ترانہ‘ کہا گیا ہے جسے ریلیز کے بعد سے اب تک یو ٹیوب پر متعدد بار سنا جا چکا ہے، جبکہ فلم کے پروڈیوسر ادیتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان اپنے اس گانے کو چھ زبانوں میں ریکارڈ کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔
‘جبرا فین’ کی ریلیز کے بعد شاہ رخ کے بہت سے مداحوں نے اس گانے کی پیروڈی ویڈیوز بھی بنائیں، جن میں کنگ خان کی تعریف کی گئی.
لیکن کنگ خان کے ایک فین نے ایک قدم آگےبڑھتے ہوئے اب ایک ایسی ویڈیو بنائی ہے، جس میں وہ برملا شاہ رخ پر تنقید کر رہے ہیں.
‘شدھ دیسی گانے’ کی جانب سے بنائی گئی اس ‘جبرا فین’ کی پیروڈی ویڈیو میں ایک ایسے مداح کو دکھایا گیا ہے جو حالیہ سالوں میں کنگ خان کی اداکاری سے مایوس ہے.
مذکورہ فین نے ویڈیو میں یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور مارکیٹنگ کے چکر میں پڑھ کر شاہ رخ کی اداکاری اور فلموں کا معیار گرا ہے۔
ساتھ ہی اس فین نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ شاہ رخ اپنے فینز کو فلم ‘فین’ سے مایوس نہیں کریں گے.
اب دیکھتے ہیں کہ شاہ رخ کے اس فین کی یہ خواہش بر آتی ہے یا نہیں.
15 اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم ‘فین’ میں شاہ رخ گورو نامی مداح اور سپر اسٹار آرین کھنہ کے ڈبل کردار میں نظر آئیں گے، فلم کی ہدایات منیش شرما نے دی ہیں.