ہاکی:مسلسل چار شکستوں کے بعد بالآخر پاکستان فتحیاب

ایپوہ: سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے لگاتار چار شکستوں کے بعد بالآخر کامیابی حاصل کرتے ہوئے جاپان کو 4-1 سے مات دے دی۔

ملائیشا میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جاپان کے خلاف کھیلے گئے میچ میچ کے پہلے کوارٹر دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں تاہم میچ کے 20ویں منٹ میں علی شان نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی جبکہ چار منٹ بعد رضوان علی نے گول کر کے پاکستان کی برتری ڈبل کردی۔

دوسرے کوارٹر کے اختتام تک پاکستان کو 2-0 کی برتری حاصل تھی لیکن تیسرے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول کرنے سے قاصر رہیں۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں جاپان نے نسبتاً جارحانہ انداز اپنایا اور کھیل کے 48ویں منٹ میں ملنے والے پینالٹی کارنر کو شوٹا ینادا نے گول میں تبدیل کر کے پاکستان کی برتری کو کم کردیا۔

لیکن جاپان کی یہ خوشی زیادہ دیر ت قائم نہ رہ سکی اور چند سیکنڈ بعد ہی محمد ارسلان نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر پاکستان کو 3-1 کی برتری دلا دی۔

میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل ارسلان نے ایک اور گول داغتے ہوئے پاکستان کو 4-1 کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور گرین شرٹس نے ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کر لی۔

کینیڈا کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، ہندوستان اور ملائیشیا کے خلاف یکے بعد دیگرے شکستوں کے سبب ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

دوسری جانب جاپان کی ٹیم کیلئے یہ ایونٹ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جسے ٹورنامنٹ کے تمام چھ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے