’را‘ سرگرمیاں:عرب، ایشیائی ممالک کے سفیروں کو بریفنگ

اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی پاکستان میں منفی سرگرمیوں سے متعلق عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔

دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات عرب اور آسیان (جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم) ممالک کے سفیروں کو ’را‘ کی پاکستان میں منفی سرگرمیوں، فنڈنگ اور تخریب کاری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق غیر ملکی سفیروں کو ’را‘ کے گرفتار حضر سروس افسر کلبھوشن یادیو اور اس کے پاکستان میں عدم استحکام کی کوششوں کے اعترافی بیان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ ہندوستان، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے اور کشمیر تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔

عرب اور آسیان ممالک کے سفیروں کو بلوچستان میں تخریب کاری کے لیے ’را‘ کی جانب سے ایرانی سرزمین استعمال کیے جانے کے حوالے سے بتایا گیا۔

اگرچہ آسیان ممالک ہندوستان کے اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں، لیکن عرب ممالک کے سفیروں کو یہ بریفنگ اس حوالے سے اہم تھی کہ ہندوستان، گزشتہ کچھ عرصے سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے، جنہیں پاکستان کا قریبی ساتھی مانا جاتا ہے۔

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ظاہر کیے جانے کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے یورپی یونین کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو ہندوستان کی، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی۔

پاکستان اس سے قبل بھی کئی بار دنیا کی توجہ ہندوستانی ریاستی اداروں کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کی مدد کے معاملے کی جانب مبذول کرا چکا ہے۔

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے قبل گزشتہ سال بھی پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ اور امریکا کو، ہندوستان کی پاکستان کے معاملے میں مداخلت کے حوالے سے دستاویزات کی شکل میں ثبوت پیش کے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے