لال مسجد کے نائب خطیب سمیت 55 افراد گرفتار

اسلام آباد: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیق اور 54 دیگر افراد کو گرفتار کر لیا۔

تاہم بعدازاں مذکورہ خطیب کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیق کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب بارہ کہو پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مدرسے کی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے 3 کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں، پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ عامر صدیق کی زیرِ سرپرستی چلنے والا یہ مدرسہ ایک نجی اسکول کی جگہ پر قائم کیا گیا تھا۔

جب عامر صدیق اسلحے کے لائسنس دکھانے میں ناکام رہے تو انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں تھوڑی دیر بعد کچھ مقامی افراد اسلحے کا لائسنس لے کر پیش ہوئے، جس کے بعد مذکورہ خطیب کو رہا کردیا گیا جبکہ لائسنس کو پولیس نے تصدیق کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔

جب ‘لال مسجد شہداء فاونڈیشن’ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ عامر صدیق کی گرفتاری کی وجہ ان کی ملکیت سے 3 کلاشنکوفوں کا برآمد ہونا تھا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن پورے بارہ کہو میں کیا گیا جس میں عامر صدیق کا گھر بھی شامل تھا۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب ہم نے رینجرز ترجمان سے بات کی تو انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ عامر صدیق کو رہا کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عامر صدیق کے قریبی ساتھی اور جے یو آئی ف کے رہ نما ڈاکٹرعابد اورکزئی نے پولیس اسٹیشن جا کر ان کی ضمانت کروائی۔ عامر صدیق لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے بھانجے ہیں . انہیں لال مسجد کے مقتول نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی کے بعد لال مسجد میں نائب خطیب بھرتی کیا گیا تھا . ان کے بارے میں روزنامہ جنگ اور دی نیوز میں رپورٹس بھی شائع ہو چکی ہیں کہ انہوں نے درس نظامی کا نصاب نہیں پڑھا ہوا اور ان کی پاس سند مستند نہیں ہے .

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بارہ کہو کے علاقے مدینہ ٹاؤن، میرا بیگوال، اتھل اور پی ٹی وی کالونی میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔

اس آپریشن کے دوران 54 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں کچھ افغان شہری بھی شامل تھے، جنہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے منتقل کیا گیا۔

اس پورے آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا، جن میں 19 بارہ بور کی بندوق، 108 بندوق کے راؤنڈ، 1،512راؤنڈز کے ساتھ 5 ایس ایم جی، 3 نائن ایم ایم پستول 50 راؤنڈ کے ساتھ، ایک 44 بور کی بندوق 312 راؤنڈ کے ساتھ، ایک 22 بور کی رائفل اور اس کے 300 راؤنڈ، 2 سیون ایم ایم پستول اور اس کے 19 راؤنڈ، 18 تیس بور کی پستول اور 200 راؤنڈز، ایک 32 بور ریوالور اور 18 راؤنڈز، ایک 45 بور پستول اور 10 خنجر شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے