ڈراوڈ ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے سب سے بہترین امیدوار

ممبئی: سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے راہول ڈراوڈ کو ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے سب سے بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ کوچ کا فیصلہ کرنا میرا کام نہیں اور اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ بی سی سی آئی کس طرح کے کوش کی تلاش میں ہے۔ وہ انڈین کوچ چاہتے ہیں یا غیر ملکی؟

میرا نہیں خیال کہ بی سی سی آئی کو ان سے بہتر کوئی امیدوار مل پائے گا۔ اگر وہ اس نوکری میں دلچسپی رکھتے ہیں تو وہ یقیناً بہتر کام کریں گے۔

دو مرتبہ آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے والے سابق کپتان نے کہا کہ ڈراوڈ کے پاس بہت علم اور تجربہ ہے اور انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں کام کرنے کے سبب وہ کھیل کے تینوں فارمیٹس کو سمجھتے ہیں۔

وہ ایک بہترین امیدوار ہوں گے لیکن اس بات کا انحصار بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ کسے ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے سب سے بہتر امیدوار تصور کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ یہ کہ کپتان کیا چاہتے ہیں۔

میرے خیال میں ویرات کوہلی جسے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے بہتر تصور کریں، بورڈ کو اسی پر عمل کرنا چاہیے۔

آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی کوچنگ کرنے والے رکی پونٹنگ نے اپنے معاونین شین بونڈ اور جونٹی کے ہمراہ اسکول کے بچوں کی کوچنگ کے مختصر کورس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشز سیریز کو روایتی انداز میں دن کی روشنی میں ہی کھیلا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ٹیسٹ کرکٹ کا معاملہ ہے تو میں کافی حد تک روایتی چیزوں کے حق میں ہوں، کئی ملکوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلی درکار ہے لیکن ایشز سیریز میں روایتی حسن کی وجہ سے میں نہیں چاہتا کہ ایشز سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے