اسلام آباد: سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملک میں کھیل کی ترقی کے لیے ٹی وی چینل اورریڈیو اسٹیشن شروع کرنے کی درخواست کی توثیق کردی۔ سینیٹ کی بین الصوبائی رابطے کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مشاہداللہ خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں سفارش کی گئی کہ پی سی بی کا اپنا ٹی وی چینل اور ریڈیو اسٹیشن ہونا چاہیے۔
پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سینیٹ کمیٹی سے ملاقات میں کہا کہ بورڈ کرکٹ کے فروٖغ کے لیے اپنا ٹی وی چینل اور ریڈیو اسٹیشن شروع کرنا چاہتا ہے۔ نجم سیٹھی نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف پہلے ہی پی سی بی کو اس کی اجازت دے چکے تھے جس کے جواب میں سینیٹ کمیٹی نے بھی اس کی سفارش کردی۔ واضح رہے پی سی بی گزشتہ دس سال سے بھی زیادہ عرصے سے ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشن کے منصوبے پر کوششوں میں مصروف رہا ہے، جنرل مشرف کے دور میں پی سی بی کو اس پر مثبت اشارے دیے گئے تھے لیکن کچھ وجوہات کے باعث اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے بھی سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ فیڈریشن رواں سال یکم نومبرسے لاہور میں پاکستان ہاکی لیگ (پی ایچ ایل) کے انعقاد کی خواہاں ہے۔ شہباز سینئر نے اجلاس کے دوران کمیٹی سے ہاکی کے فروغ کی خاطر اسپورٹس چینل کا مطالبہ کیا جس پر مشاہداللہ اور بین الصوبائی رابطے کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پی ایچ ایف کو پی سی بی کی جانب سے شروع کئے جانے والے چینل میں حصہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس معاملے پر پی سی بی کو پی ایچ ایف سے باہمی یاداشت پر دستخط کے لیے کہیں گے’۔