بولی وڈ ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ‘اے دل ہے مشکل’ گذشتہ ماہ 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، اس فلم میں رنبیر کپور، ایشوریا رائے بچن اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے جبکہ فواد خان اور شاہ رخ خان نے اس میں مختصر کردار نبھایا۔فلم میں رنبیر کپور اور ایشوریا کے کچھ بولڈ مناظر بھی شامل تھے، جو خبروں میں کافی اِن رہے اور جن پر ایشوریا کی ساس اور معروف اداکارہ جیا بچن نے اعتراض بھی اٹھایا۔تاہم ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق جب رنبیر سے ایشوریا کے ساتھ کام کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ تجربہ شاندار رہا’۔
رنبیر کا کہنا تھا، ‘ان (ایشوریا) کے ساتھ کون رومانس نہیں کرنا چاہے گا؟ وہ میرے کیریئر کا تاریخی لمحہ تھا جب کرن جوہر نے مجھے بتایا کہ وہ ایشوریا رائے کو کاسٹ کر رہے ہیں، میرا خیال تھا کہ وہ انکار کردیں گی اور میرے ساتھ کام نہیں کریں گی’۔رنبیر نے وہ وقت یاد کرتے ہوئے بتایا جب وہ 1999 میں فلم ‘آ اب لوٹ چلیں’ میں بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر رہے تھے جبکہ ایشوریا نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، ان کا کہنا تھا، ‘میری اُسی وقت ایشوریا سے دوستی ہوئی تھی اور جب ایشوریا کی ابھیشیک سے شادی ہوئی تو میں نے اُن دنوں بھی ان کے ساتھ بہت سا وقت گزارا تھا۔’رنبیر نے بتایا کہ فلم ‘اے دل ہے مشکل’ میں ایشوریا کے ساتھ کچھ مناظر کرتے ہوئے انھیں کافی جھجھک ہوئی تھی،ان کا کہنا تھا، ‘میرے ہاتھ کانپ رہے تھے لیکن ایشوریا نے مجھے نارمل ہونے میں مدد دی، انھوں نے مجھے کہا کہ بچوں کی طرح برتاؤ کرنا بند کرو اور سین کو مناسب طریقے سے شوٹ کرواؤ، جس کے بعد پھر میں نے اعتماد کے ساتھ فلم میں کام کیا’۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایشوریا نے کبھی اس طرح سے ظاہر نہیں کیا کہ وہ مجھ سے سینئر یا بڑی اداکار یا بہت بڑی اسٹار ہیں۔رنبیر کا کہنا تھا کہ ایشوریا رائے بچن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ایسا تھا کہ جیسے کوئی اپنے ہم عصر اداکار کے ساتھ کام کر رہا ہو. ‘اے دل ہے مشکل’ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ فلم کرن جوہر کی ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ جیسی ہی ہے تاہم رنبیر اس سے اتفاق نہیں کرتے، ان کا کہنا تھا، ‘یہ فلم ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ سے بہت مختلف ہے، وہ فلم غیر ازدواجی تعلقات پر مبنی تھی، یہ فلم ‘لو اسٹوری’ نہیں ہے، بلکہ یہ محبت، دل کے ٹوٹنے، آگے بڑھ جانے اور دوستی سے متعلق ہے کہ آیا آپ اپنے لیے زندگی کا ساتھی منتخب کرتے ہیں یا پھر بہترین دوست۔ یہ فلم ان ہی موضوعات پر مبنی ہے اور اس کا ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ سے کوئی لینا دینا نہیں۔’
اگر رنبیر کپور کے دوسرے پروجیکٹس کی بات کی جائے تو وہ سنجے دت کی سوانح حیات پر مبنی فلم کرنے جارہے ہیں جبکہ انھیں ایان مکھرجی کی سپرہیرو فلم ‘ڈریگن’ میں بھی دیکھا جاسکے گا۔