پاکستانی ٹیم ٹیسٹ نہ بچا سکی، سیریز میں دو صفر کی شکست

پاکستان کو ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 138 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دو صفر سے جیت لی۔ اس نے کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا۔نیوزی لینڈ نے 32 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔آخری مرتبہ اس نے سنہ 1985 میں پاکستان کے خلاف سیریز میں دو ٹیسٹ میچز جیتے تھے۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اب لگاتار تین ٹیسٹ میچز جیت رکھے ہیں۔ موجودہ ٹیسٹ سے قبل اس نے گذشتہ سال شارجہ میں بھی ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔
پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے369 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن میچ کے آخری پوری دن پوری ٹیم صرف230 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی انتہائی غیرذمہ داری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اوپنرز سمیع اسلم اور اظہرعلی کی 131 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت کے باوجود 10 وکٹیں سکور میں صرف 99 رنز کا اضافہ کرسکیں۔پاکستان کی نو وکٹیں چائے کے وقفے کے بعد صرف 72 رنز کے اضافے پر گریں جس سے بیٹسمینوں کی حواس باختگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

پاکستان کی آخری چھ وکٹیں نئی گیند پر صرف سولہ اوورز میں گریں۔اظہرعلی 58 اور بابر اعظم 16 رنز بناکر سینٹنر کی گیندوں پر بولڈ ہوئے۔
سمیع اسلم نے اپنی چھٹی نصف سنچری مکمل کی لیکن ایک بار پھر اسے سنچری میں تبدیل نہ کرسکے۔انھوں نے اپنی نصف سنچری 188گیندوں پر مکمل کی جو 23 سال میں کسی بھی پاکستانی اوپنر کی سب سے سست ترین نصف سنچری ہے۔وہ 91 رنز بناکر ٹم ساؤدی کی گیند پر ولیم سن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

سرفراز احمد کو بیٹنگ آرڈر میں اوپر بھیجا گیا لیکن وہ صرف 19رنز بناکر اپنے ٹیسٹ کریئر میں پہلی مرتبہ رن آؤٹ ہوگئے۔اسد شفیق اس سال پانچویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ ہینری نے نکلس کی مدد سے حاصل کی۔آؤٹ آف فارم یونس خان کو 11 رنز پر ٹم ساؤدی نے ایل بی ڈبلیو کیا تو پاکستانی ٹیم نوشتہ دیوار پڑھ چکی تھی۔

ایک رن کے اضافے پرگرنے والی چار وکٹوں نے نیوزی لینڈ کی جیت پر مہرتصدیق ثبت کردی جن میں سے محمد عامر ۔ وہاب ریاض اور عمران خان بغیر کوئی رن بنائے ویگنر کا نشانہ بنے۔وہاب ریاض نے پیئر حاصل کیا۔

اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد رضوان13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ٹم ساؤدی جنھوں نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں مین آف دی میچ رہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے