لاہور میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات لیے ایک بارپھر سڑکوں پر نکل آئے، جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریض جبکہ سڑکوں پر شہری پریشان ہوگئے اور مارےمارے پھرتے رہے۔
سروسز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج اور دھرنے کے بعد اسپتال کے ایم ایس آفس پر دھاوا بول دیا، ایم ایس بےبسی کی تصویر بنا نظر آیا۔
کچھ ہی دنوں کے وقفے سے ینگ ڈاکٹرز آج ایک بار پھرسڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے احتجاج اور نعرے بازی کے بعد دھرنے دیے جس سے جیل روڈ،فیروز پور روڈاورکینال روڈ سمیت بڑی شاہراہیں بند ہوگئیں اور ٹریفک جام ہوگیا، اس بار سیکیورٹی کے بجائے محکمہ صحت کی سینٹرل پالیسی نشانہ بنی ہے۔
سروسز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا کچھ زیادہ جارحانہ انداز رہا، ایم ایس کے کمرے کا گھیراؤ ہی نہیں کیااندر گھس کر نعرے بازی اور دھمکی آمیز شکوے شکایتیں بھی کیں۔
جونیئرز کے رویے پرایم ایس پریشان اوربےبسی کی تصویر بنا رہا، مزید ناخوشگوار دھڑکوں کے ساتھ ڈرتے جھجکتے اپنے آفس سے نکل گیا۔
اسپتالوں میں مریض خوار اور علاج سے محروم رہے تو باہر ٹریفک کی بدترین صورت حال پر شہری ڈاکٹروں کو کوستے رہے،بعض جگہوں پرپولیس اہلکار اپنی بےبسی کا غصہ شہریوں پر اتارتے رہے