آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن درست قرار دے دیا

پاکستان کرکٹ کیلئے خوشخبری ہے کہ آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا ہے، وہ قانونی ایکشن کے ساتھ اب بولنگ کر سکیں گے، پروفیسر محمد حفیظ غیر قانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ کرانے کے اہل نہیں تھے۔

17 نومبر کو پروفیسر کا برسبین میں غیر قانونی ایکشن کا ٹیسٹ ہوا، جو انہوں نے پاس کر لیا اور اسے 15 ڈگری کے اندر قرار دیئے جانے کی وجہ سے انہیں اب ہر سطح پر بولنگ کرانے کی اجازت ہے۔

محمد حفیظ کا پہلی مرتبہ بولنگ ایکشن نو مبر 2014ء میں رپورٹ ہوا، ٹیسٹ ہوا اور اپریل 2015ء میں انہیں بولنگ کرانے کی اجازت مل گئی۔

جون2015ء میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کو ایک بار پھر رپورٹ کر دیا گیا، ان کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا گیا جسے جولائی میں غیر قانونی قرار دیا گیا اور24 ماہ کے اندر دوسری مرتبہ بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کی وجہ سے انہیں ایک برس کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا، جولائی میں پابندی ختم ہو ئی لیکن گھٹنے کی تکلیف کے باعث وہ بولنگ ایکشن کی بحالی پر کام نہ کر سکے اس لیے انہوں نے تاخیر سے ٹیسٹ کےلیے خود کو پیش کیا اور اب انہوں نے اسے کلیئر کر لیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ نے بولنگ ایکشن کلیئر قرار دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر نمبر ون آل راؤنڈر بننے کی خواہش ہے۔

محمد حفیظ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے پر بہت خوش ہوں مشکل وقت تھا جس سے نکلنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بولنگ ایکشن کی بہتری کیلئے بڑی محنت کی، کوچز نے بہت کام کیا، میڈیا نے بھی تعاون کیا جس پر سب کا شکرگزار ہوں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ مطمئن ہوں کہ اب بولنگ کرا سکوں گا، ایک بار پھر ٹیم کا مستقل حصہ بننے کا خواہش مند ہوں، کوشش ہو گی کہ ایک بار پھر دنیا کا نمبر ون آل راؤنڈر بنوں

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے