آج کی عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل کی طرف سے یہودی آبادکاروں کے لیے 2500 نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان
[/pullquote]

اسرائیلی وزارت دفاع نے مقبوضہ فلسطینی مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آبادکاروں کے لیے ڈھائی ہزار نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہٴ صدارت سنبھالنے کے بعد سے یہ دوسرا ایسا تعمیراتی منصوبہ ہے، جس کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع ایوگڈور لیبرمان نے اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ زیادہ تر نئی تعمیرات پہلے سے موجود بستیوں میں ہی کی جائیں گے۔

[pullquote]ٹرمپ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کو بحال رکھنا چاہتے ہیں، امریکی اخبار
[/pullquote]

نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو اپنے عہدے پر برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ یہ بات امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ اس اخبار کے مطابق کومی نے اپنے ساتھیوں کو بتایا ہے کہ ٹرمپ نے انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا کہا ہے۔ واضح رہے کہ آج کل امریکا کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی ٹرمپ کے ایک ساتھی کے خلاف روسی حکومت سے تعلقات کے شبے میں تحقیقات کر رہا ہے۔

[pullquote]تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، بھارتی فوج
[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں حکومتی فورسز کے ساتھ ہونے والی دو مختلف جھڑپوں کے دوران تین مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فوج کے کرنل راجیش کالیا کے مطابق پولیس اور فوجیوں نے گاندربَل شہر کے ایک قریبی گاؤں کے لوگوں کی طرف سے دی جانے والی معلومات کے بعد وہاں چھاپہ مارا، جہاں ان کا دو عسکریت پسندوں سے سامنا ہوا، جنہیں ہلاک کر دیا گیا۔ بھارتی فوج کے ایک بیان کے مطابق ایک اور واقعے میں لائن آف کنٹرول کے قریب سندربانی سیکٹر میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے ساتھ فوجیوں کی جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔ تاہم خبر رساں ادارے ایسوی ایٹڈ پریس کے مطابق ان دونوں واقعات کے بارے میں آزادانہ ذرائع سے کوئی معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

[pullquote]موصل، ساڑھے سات لاکھ افراد اب بھی داعش کے نرغے میں
[/pullquote]

عراقی شہر موصل میں اب بھی تقریبا ساڑھے سات لاکھ افراد انتہا پسند گروہ داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں رہ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کے مطابق عراقی فورسز کی کامیاب پیشقدمی کے باوجود اب بھی موصل میں محصور لاکھوں لوگوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا عراقی فورسز نے مغرب کی سمت سے موصل کی طرف پیشقدمی شروع کر دی ہے۔ بغداد حکومت نے گزشتہ روز ہی کہا تھا اس شہر کے مشرقی علاقوں کو جہادیوں سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔

[pullquote]دوستم کے محافظوں کی گرفتاری کا حکم
[/pullquote]

افغان حکام نے ملک کے نائب صدر رشید دوستم کے نو محافظوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ایک سیاسی مخالف کے ساتھ جنسی تشدد اور مار پیٹ کے مرتکب ہوئے ہیں۔ دوستم پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ان محافظوں کو احمد اشچی کو نشانہ بنانے کا حکم دیا تھا۔ اشچی کا کہنا ہے کہ دوستم کے محافظوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی جبکہ افغان صدر نے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین اور کینیڈا کے مابین ٹریڈ ڈیل کی راہ ہموار
[/pullquote]

کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین ٹریڈ ڈیل کی ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ یورپی پارلیمان کی ٹریڈ کمیٹی نے آج اس ڈیل کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد آئندہ ماہ اس کی توثیق ممکن ہو سکے گی۔ اس تجارتی معاہدے پر گزشتہ برس اکتوبر میں دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کی حتمی منظوری کے لیے یورپی پارلیمان سے اس کی توثیق لازمی ہے۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس ڈیل کے نتیجے میں کینیڈا کے ساتھ باہمی تجارت میں بہتری پیدا ہو گی۔

[pullquote]جرمن شہر بون سے دو مشتبہ شدت پسند گرفتار
[/pullquote]

جرمن حکام نے جنگجو گروہوں سے وابستہ ہونے کے شبے میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مراکشی نژاد جرمن یہ دونوں آپس میں بھائی ہیں اور داعش اور النصرہ فرنٹ کے ممبران ہیں۔ پولیس کے مطابق چوبیس سالہ خالد بی اور پچیس سالہ رشید بی کو آج منگل کے دن مغربی جرمن شہر بون سے گرفتار کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق یہ دونوں بھائی سن دو ہزار تیرہ میں شام بھی گئے تھے۔

[pullquote]صومالیہ میں الشباب کا حملہ، پانچ فوج مارے گئے
[/pullquote]

صومالیہ میں آج ہونے والے ایک بم دھماکے کے باعث پانچ فوجی مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حملہ جنوب مشرقی شہر افگوئے میں آج اس وقت ہوا، جب صومالیہ اور افریقی یونین کی فورسز نے ایک فوجی کیمپ پر الشباب کا ایک حملہ ناکام بنایا۔ اس حملے میں گیارہ افراد مارے گئے تھے۔ شدت پسند تنظیم الشباب نے اس تازہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افگوئے سن دو ہزار بارہ تک الشباب کا ایک اہم ٹھکانہ تھا تاہم اب اس شدت پسند گروہ کے جنگجو وہاں سے پسپا ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی بدر افغان کابل پہنچ گئے
[/pullquote]

جرمنی سے نکالے جانے والے چھبیس افغان باشندے واپس کابل پہنچ گئے ہیں۔ جرمن حکومت نے ان مہاجرین کی پناہ کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد گزشتہ روز انہیں زبردستی افغانستان روانہ کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں جرمنی اور افغانستان کے مابین طے پانے والی ایک ڈیل کے تحت ان مہاجرین کو واپس روانہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر یہ دوسرا گروپ ہے، جسے اس ڈیل کےتحت جرمنی بدر کیا گیا ہے۔ افغان حکام کے مطابق گزشتہ برس مجموعی طور پر دس ہزار افغان رضا کارانہ طور پر وطن لوٹے تھے، جن میں سے تین ہزار جرمنی سے واپس گئے۔

[pullquote]بھارتی فوج کا 3علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کادعویٰ
[/pullquote]

سری نگر: ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ علیحدگی پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز اسماعیل کے مطابق اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سری نگر سے 25 کلو میٹر دور ہادورہ کے علاقے میں ایک گاؤں میں 2 مبینہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کا محاصرہ کیا اس دوران اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ دونوں غیر ملکی تھے۔

[pullquote]بریگزٹ: ‘برطانوی حکومت پارلیمنٹ سے منظوری لے’
[/pullquote]

لندن: برطانیہ کی سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) سے متعلق مذاکرات شروع کرنے سے قبل پارلیمنٹ سے لزبن ٹریٹی کی شق 50 کی منظوری لے۔
سپریم کورٹ کے ان احکامات کا مطلب ہے کہ برطانوی حکومت یورپی یونین سے علیحدگی کے مذاکرات پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر شروع نہیں کرسکتی، جس نے رواں برس مارچ میں مذاکرات کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]یمنی پورٹ پر قبضے کی لڑائی میں40 افراد ہلاک
[/pullquote]

یمن کے ساحلی شہر مخا میں باغیوں اور حکومتی فوج کے درمیان بحیرہ احمر پر واقع پورٹ پر قبضے کے لیے جاری لڑائی کے دوران 40 افراد ہلاک ہوگئے۔
ملٹری حکام کا کہنا ہے کہ مخا شہر کو تین ہفتے قبل حوثی باغی قبائل اور ان کے اتحادیوں سے حاصل کیا گیا تھا لیکن شہر کے جنوب مغربی علاقے تک محدود باغیوں سے پیر کی رات کو بھی لڑائی جاری رہی جبکہ منگل کو شہر کے مختلف حصوں میں بھی لڑائی کا سلسلہ جاری تھا۔

[pullquote]سعودی عرب: ’دہشت گردی کے الزام میں 13 پاکستانیوں سمیت 16 گرفتار‘
[/pullquote]

سکیورٹی آپریشن کے دوران مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں سے برآمد کیے جانے والے گرنیڈز، دھماکہ خیر مواد اور اسلحے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں.
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث 13 پاکستانی شہریوں سمیت 16 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
منگل کو سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 16 افراد کو دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار میں کیا گیا جن میں تین سعودی شہری ہیں جبکہ باقی تمام کا تعلق پاکستان سے ہے۔
تاہم گرفتار کیے گئے مبینہ پاکستانی شہریوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے