اہم عالمی خبریں | 11.02.2017

[pullquote]فلپائن میں شدید زلزلے سے نصف درجن ہلاکتیں
[/pullquote]

فلپائن میں گزشتہ رات آنے والے طاقتور زلزلے کے جھٹکوں کے باعث کم از کم چھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 120 ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتوں میں بڑی بڑی دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی ہے اس طاقتور زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر جنوبی فلپائن کا صوبہ سُوریگاؤ ڈیل نارٹے (Surigao del Norte) بتایا گیا ہے۔ زلزلے کی وجہ سے خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر آگئے اور رات کھلے مقامات میں گزاری۔ فلپائنی حکام کے مطابق ابتدائی طاقتور جھٹکوں کے بعد صبح تک 100 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے جا چکے ہیں۔ حکام نقصان کا تخمینہ لگانے کی کوشش میں ہیں۔

589eed6c35116

[pullquote]افغانستان: لشکر گاہ میں کار بم حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی
[/pullquote]

افغان صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں ہونے والے کار بم حملے کی ذمہ داری طالبان عسکریت پسندوں نے قبول کر لی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق اس حملے میں پانچ افغان فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک جبکہ پندرہ زخمی ہوئے۔ ہلمند کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد کریم اتل کے مطابق حملے کا نشانہ افغان فوج کی گاڑیاں تھیں۔ یہ بم اُس وقت پھٹا جب فوجی بینک سے تنخواہیں وصول کرنے کے لیے جمع تھے۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں دعویٰ کیا کہ اس حملے میں انتالیس افغان فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔

[pullquote]عراق میں حکومت مخالف مظاہرہ: سات افراد ہلاک، درجنوں زخمی
[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں آج ہفتے کے روز ہونے والے ایک حکومت مخالف مظاہرے میں پولیس کے مطابق سات افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ مظاہرہ آج بغداد میں بااثر مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کی جانب سے کیا گیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ رواں برس ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نگران کمیشن کو بدلا جائے۔ مظاہرے کے دوران فائرنگ اس وقت شروع ہوئی، جب سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولی چلائی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ الصدر کے دفتر کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مظاہرین اس کمیشن پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے اسے تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

[pullquote]شامی اور باغیوں کے نمائندوں کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، قزاقستان
[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام کی حکومت اور خانہ جنگی میں شریک باغی گروپوں کے نمائندوں کو ایک مرتبہ پھر آستانہ میں امن مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔ وزارت خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ پندرہ اور سولہ فروری کو تجویز کیے گئے مذاکرات میں اقوام متحدہ کے شام کے لیے مقرر خصوصی ایلچی اسٹیفان ڈے مستورا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ قازق وزارت خارجہ کے مطابق اِس مذاکراتی عمل میں فائربندی کو مزید تقویت دینے پر خاص طور سے اہمیت دی جائے گی۔ ابھی تک فریقین نے اِس مذاکراتی عمل میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شامی امن مذاکرات کا ایک مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]شام میں حملے: روس جنگی طیاروں نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال شروع کر دیا
[/pullquote]

اعلیٰ ایرانی فوجی افسر ایڈمرل علی شام خانی نے بتایا ہے کہ روسی جنگی طیارے شام کے باغیوں پر حملوں کے لیے ایرانی فضائی راستہ استعمال کر رہے ہیں۔ شام خانی نے ایرانی نیوز ایجنسی فارس کو بتایا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے دفاعی تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی فضائی حدود کا استعمال انسدادِ دہشت گردی کے لیے دونوں ممالک کا ایک مشترکہ فیصلہ ہے۔ ایرانی فوجی افسر نے واضح کیا کہ روسی جنگی جہازوں کو تیل کی فراہمی یا زمین پر اترنے کی ضرورت ابھی تک پیش نہیں آئی۔ ایڈمرل شام خانی ایرانی ادارے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ہونے کے ساتھ ساتھ تہران حکومت کے روس کے ساتھ سکیورٹی اور عسکری اقدامات کے رابطہ کار بھی ہیں۔

[pullquote]ترکی میں دستوری ریفرنڈم سولہ اپریل کو ہو گا
[/pullquote]

ترک انتخابی بورڈ نے سولہ اپریل کو دستوری ریفرنڈم کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اِس ریفرنڈم میں دستوری ترامیم کی توثیق سےحکومتی اختیارات وزیراعظم سے صدر کو منتقل ہو جائیں گے۔ ترک پارلیمنٹ نے دستور میں ترامیم کا پیکیج رواں برس پہلی جنوری کو منظور کیا تھا۔ اس کے تحت پارلیمنٹ میں اراکین کی تعداد میں اضافہ اور رکن پارلیمان بننے کی عمر اٹھارہ برس کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ہی نائب وزیراعظم نعمان کُرتُلموس نے دستوری ریفرنڈم اپریل کی سولہ تاریخ کو کرانے کا عندیہ دیا تھا۔ ریفرنڈم میں اس دستوری پیکیج کی منظوری کے لیے عوام کی سادہ اکثریت درکار ہو گی۔ ریفرنڈم میں منظوری کے بعد باسٹھ سالہ ایردوآن سن 2034 تک الیکشن جیتنے کی صورت میں اپنے ملک کے صدر رہ سکیں گے۔

[pullquote]انگولا : فٹ بال اسٹیڈیم میں بھگدڑ سے ہلاکتوں کی تحقیقات
[/pullquote]

افریقی ملک انگولا کے شمالی قصبے اُوئیگے (Uige) کے فٹ بال اسٹیڈیم میں گزشتہ روز بھگدڑ پیدا ہونے سے کم از کم سترہ افراد ہلاک اور چھپن زخمی ہوئے تھے۔ انگولا حکومت نے ان ہلاکتوں کی فوری تفتیش کے آغاز کے لیے خصوصی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں جو لوگوں کے پیروں تلے آ کر کچلے گئے تھے۔ حکومت نے ہلاک شدگان کی آخری رسومات کے لیے بھی حکومتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق بھگدرڑ کی وجہ بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں مزید افراد کے داخل ہونے کی کوشش اور تماشائیوں کے درمیان پیدا ہونے والی اشتعال انگیزی بنی۔

[pullquote]کمبوڈیا میں حزبِ اختلاف کے رہنما مستعفی
[/pullquote]

کمبوڈیا میں اپوزیشن کے خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے رہنما اپنی پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سام رینسے کے اس فیصلے کو ملکی حکمرانوں کے خلاف چلائی جانے والی تحریک کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ سام رینسے سن دو ہزار بارہ سے کمبوڈیا نیشنل ریسکیو پارٹی کے قیام سے اس جماعت کی قیادت کر رہے تھے اور اپنے خلاف قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے قریب ایک سال سے فرانس میں مقیم ہیں۔ پارٹی عہدے سے اپنے استعفے کا اعلان رینسے نے ٹوئٹر اور فیس بک پر ایک پیغام کے ذریعے کیا۔

[pullquote]بھارتی ریاست اتر پردیش کی اسمبلی کے لیے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ
[/pullquote]

بھارت کی گنجان آباد ریاست اتر پردیش میں ریاستی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ ریاستی الیکشن سات مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ آج جن شہروں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، اُن میں آگرہ، متھرا اور دارالحکومت نئی دہلی کے کئی قریبی علاقے بھی شامل ہیں۔ اتر پردیش کی ریاستی اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 404 ہے اور آج ہفتہ، گیارہ فروری کو 70 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ مکمل کی جائے گی۔ اترپردیش میں ووٹنگ کا عمل آٹھ مارچ کو مکمل ہو گا اور نتائج گیارہ مارچ کو عام کر دیے جائیں گے۔ اس ریاستی الیکشن کو وزیراعظم نریندر مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے ایک اہم امتحان قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]امریکا نے سابق فلسطینی وزیراعظم کی لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے سفیر کی تقرری روک دی
[/pullquote]

سابق فلسطینی وزیراعظم سلام فیاض کی اقوام متحدہ کے لیبیا کے لیے خصوصی سفیر کے طور پر نامزدگی کی توثیق نہیں ہو سکی۔ امریکا نے اس تقرری کو روک دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ نہیں سمجھتی کہ یہ تقرری اقوام متحدہ کے لیے ایک مناسب فیصلہ ہو گا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران سلامتی کونسل کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے مطلع کیا تھا کہ انہوں نے سلام فیاض کو لیبیا کے لیے ادارے کا خصوصی مندوب نامزد کیا ہے، اس کی توثیق کر دی جائے۔ امریکی سفیر نے سیکرٹری جنرل کے اس انتخاب پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان: برفانی تودوں کے باعث 200 کے قریب ہلاکتیں
[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے بعد برفانی تودوں کے گرنے سے ہلاک شدگان کی تعداد 191 تک پہنچ گئی ہے۔ بائیس افغان صوبوں کو شدید برفباری کے بعد انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان صوبوں میں سے گزرنے والی کئی سڑکیں اور راستے برفباری سے بند ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس باعث امدادی کارروائیوں میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ افغانستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے امور کے نائب وزیر محمد اسلم سیاس نے بھی مشکلات کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ سیاس کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ نورستان ہے، جہاں اب تک 68 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ نائب وزیر نے زخمیوں کی تعداد تین سو زیادہ بتائی ہے۔

[pullquote]عراقی فوج کی کارروائی میں دو خودکش بمبار ہلاک
[/pullquote]

عراقی فوج کے مطابق موصل شہر میں اچانک کارروائی کی وجہ سے دو خود کش بمباروں کو بارودی جیکٹ اڑانے سے قبل ہلاک کر دیا گیا۔ ان خود کش حملہ آوروں کو موصل کے حال ہی میں بازیاب کرائے گئے علاقے میں مارا گیا۔ اسی علاقے میں چھپے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ عراقی فوج کے بریگیڈیر یونس الشریفی نے اس فوجی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ الشریفی کے مطابق جن ہتھیاروں پر قبضہ کیا گیا ہے، ان میں راکٹ لانچرز کے علاوہ زہریلی گیسوں کے کنستر اور بارودی مواد بھی شامل ہے۔ موصل میں گزشتہ روز جمعے کو تین مختلف کار بم حملوں میں سولہ انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔

[pullquote]ہلمند میں کار بم حملہ، کم از کم آٹھ افراد ہلاک
[/pullquote]

جنوبی افغان صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں کیے گئے ایک کار بم حملے میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ ان ہلاک ہونے والوں میں تین کا تعلق افغان فوج سے بتایا گیا ہے۔ مقامی حکومتی حکام نے زخمیوں کی تعداد پندرہ بتائی ہے۔ زخمیوں میں دو خواتین اور تین بچوں کے علاوہ چار فوجی بھی شامل ہیں۔ ہلمند کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد کریم اتل کے مطابق حملے کا نشانہ افغان فوج کی گاڑیاں تھیں۔ بم اُس وقت پھٹا جب فوجی بینک سے تنخواہیں وصول کرنے کے لیے جمع تھے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس کار بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]چین اور امریکا کے فوجی طیاروں کا ‘غیر محفوظ’ آمنا سامنا
[/pullquote]

جنوبی بحریہ چین کے نزدیک امریکی نیوی کا نگراں طیارہ اور چینی فوجی طیارہ ‘غیرمحفوظ’ طور پر آمنے سامنے آگئے۔اس حوالے سے پینٹاگون کے ترجمان جیف ڈیوس کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز دونوں ممالک کے طیارے اسکار بورو کے مقام پر ایک ہزار فٹ (300 میٹر) کی حد میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے