کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کو شکست

کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرز نے کیون پیٹرسن کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے گیارھویں میچ میں لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سیزن کےسب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان 13 رنز پر برداشت کرنا پڑا جب اسد شفیق کی جگہ ٹیم میں آنے والے سعد نسیم 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ احمد شہزاد بھی بہتر مزاحمت کرنے میں ناکام رہے۔

محمد عرفان جونیئر نے 15 رنز بنانے والے احمد شہزاد کی وکٹیں بکھیر دیں۔

کیون پیٹرسن اور رلی روسو نے تیسری وکٹ میں 57 رنز کی شراکت بناتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوزیشن بہتر کرلی تاہم جارحانہ انداز میں کھیلنے والے رلی روسو کو عرفان جونیئر نے قابو کرتے ہوئے پویلین بھیج دیا۔

تھیسارا پریرا کو ڈیل پورٹ نے متبادل فیلڈرز عامر یامین کے ہاتھوں آؤٹ کرکے لاہور قلندرز کو چوتھی کامیابی دلادی۔

گلیڈی ایٹرز نے پیٹرسن کی ذمہ دارانہ بلےبازی کی بدولت اپنے 100 رنز تیرھویں اوور میں مکمل کیے، پیٹرسن، پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے اور خوب صورت شاٹس کھیلے اور سرفراز کے ساتھ ایک شاندار شراکت کرکے ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا۔

پیٹرسن نے محمد عرفان جونیئر کو 18 ویں اوور میں 4 چھکے رسید کرتے ہوئے لاہور کی جیت کی امیدیں توڑ دیں، سرفراز احمد نے 45 رنز بنائے اور ان کو سہیل تنویر نے آؤٹ کیا تو کوئٹہ کو جیت کے لیے صرف 11 رنز درکار تھے۔

کویہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 2017 کے سب سے بڑے ہدف کو ایک اوور قبل 5 وکٹوں پر 202 رنز بنا حاصل کر کے ایک شاندار فتح سمیٹ لی۔

کیون پیٹرسن 88 اور انور علی 12 رنز بنا کرناقابل شکست رہے۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں نے کیون پیٹرسن کی شاندار کارکردگی پر داد دیتے ہوئے ‘کے پی، کے پی’ کے بلند شگاف نعرے لگائے اور انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 200 رنز بنا کر ایک مشکل ہدف دے دیا تھا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے جیسن روئے اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ میں 77 رنز بنائے۔

جیسن روئے شاندار نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد حسان خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تاہم فخرزمان نے عمدہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے برق رفتاری کے ساتھ ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔

عمراکمل لاہور قلندرز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے دوسرےبلے باز تھے جو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخرزمان تین رنز کی کمی کےباعث اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 123 کے اسکور پر 47 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے۔

محمد رضوان نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے ڈیل پورٹ کے ساتھ بہترین شراکت قائم کی اور اس سال کا بڑا اسکور ترتیب دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا لیے۔

محمد رضوان 46 اور کیمرون ڈیل پورٹ 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نوجوان باؤلر حسان خان نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسد شفیق کی جگہ سعد نسیم کو اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا تھا۔

لاہور قلندرز نے بیٹنگ میں آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے کپتان مک کولم کی جگہ ان فارم بلےباز فخرزمان سے اوپننگ کرا دی۔

[pullquote]میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
[/pullquote]

لاہور قلندرز: برینڈن میک کولم(کپتان)، فخرزمان، جیسن روئے، کیمرون ڈیل پورٹ، عمر اکمل، محمد رضوان، سنیل نرائن، یاسر شاہ، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، محمد عرفان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، سعد نسیم، احمد شہزاد، کیون پیٹرسن، رلی روسو، محموداللہ، تھسارا پریرا، محمد نواز، انور علی، حسان خان اور ذوالفقار بابر

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے