گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب نے صارفین کی آسانی کے لیے ویڈیوز کو فون میں محفوظ کرنے کا آپشن کچھ عرصہ قبل ہی فراہم کیا تھا جبکہ اب ایک بار پھر یوٹیوب صارفین کی آسانی کے لیے ایک اہم اپڈیٹ لانے والا ہے۔
گیجٹس ناؤ کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے اپنی ویب سائٹ میں ویڈیو سرفنگ کے دوران اچانک آنے والے اشتہارات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا ہے۔
یوٹیوب ویڈیوز کے درمیان آنے والے اشتہارات صارفین کے لیے ناپسندیدگی اور جھنجھلاہٹ کا باعث بننے کی اہم وجہ ہیں، خاص طور پر جب ان کے ساتھ ‘اسکپ’ (Skip) کا آپشن بھی موجود نہ ہو۔
تاہم یوٹیوب کی متوقع اپڈیٹ میں صارفین کے لیے 30 سیکنڈز کی طویل اور اسکپ نہ ہونے والے اشتہارات غائب ہونے والے ہیں۔
ویب سائٹ کی جانب سے ممکنہ طور پر کی جانے والی اس اپڈیٹ کا مقصد صارفین کے تجرے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
گوگل کے ترجمان کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے مطابق عنقریب یوٹیوب ویڈیوز کے درمیان آنے والے 30 سیکنڈز کے اشتہارات کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔
تاہم چند رپورٹس کے مطابق 30 سیکنڈ سے کم دورانیے کے اشتہارات اس اپڈیٹ کے بعد اسکپ نہیں کیے جاسکیں گے۔