اہم عالمی خبریں | 28.02.2017

[pullquote]یمن میں قریب پندرہ سو بچے مسلح فوجی ہیں، اقوام متحدہ
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر روینہ شامداسانی نے کہا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں قریب پندرہ سو بچے مسلح فوجی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر یہ بچے حوثی شیعہ باغیوں کی صفوں میں شامل ہیں۔ شامداسانی کے مطابق بچوں کی جبری فوجی بھرتی کا سلسلہ مارچ سن 2015 سے جاری ہے اور ان کی مکمل معلوم شدہ تعداد 1476 ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے بچوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے اور يہ کہ مختلف خاندانوں کو عسکریت پسندوں کے حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یمن میں سعودی عسکری اتحاد نے منصور ہادی کی حمایت میں حوثی ملیشیا کی چڑھائی کے خلاف حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

[pullquote]سن 2014 کی غزہ جنگ کے وقت اسرائیل کی عسکری تیاری نہیں تھی، اسرائیلی تحقیقاتی رپورٹ
[/pullquote]

اسرائیل کے دفتر کمپٹرولر کی جانب سے سن 2014 میں غزہ جنگ کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ عام کر دی گئی ہے۔ ریاستی کمپٹرولر کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس جنگ کے آغاز پر حکومت کی نامکمل تیاریوں کے تناظر میں سابق وزیر دفاع موشے یالون اور وزیر اعظم بینجن نیتن یاہو جواب دہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی سکیورٹی کابینہ کو بھی مناسب انداز میں بریفنگ نہیں دی گئی تھی کیونکہ کابینہ کو غزہ علاقے کی سرنگوں کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم اور وزیر دفاع ان سے آگہی رکھتے تھے۔ اسرائیل کے کمپٹرولر یوسف شاپیرا نے اس جنگ کے بارے میں دو سو صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ مرتب کی ہے۔ اس رپورٹ کے اقتباسات اسرائیلی میڈیا پر جاری کیے گئے ہیں۔

[pullquote]الجزائر میں نو جہادیوں کو ہلاک کر دیا گیا، وزارتِ داخلہ
[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملکی سکیورٹی اہلکاروں نے شورش زدہ مشرقی علاقے کابائیلی میں نو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق ملکی فوج نے عظیفون کے علاقے میں جہادیوں کو حصار میں لے کر انہيں ہلاک کیا۔ ان افراد کی ہلاکت تلاشی کے عمل کے دوران مزاحمت کرنے پر ہوئی۔ مشتبہ عسکریت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔ رواں برس سے الجزائری فوج نے ملک کے پہاڑی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر رکھا ہے اور اب تک کم از کم تیس جہادی مارے جا چکے ہیں۔ رواں مہینے کے اوائل میں بُوریا علاقے میں چودہ جہادیوں کو ایک جھڑپ میں فوج نے ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین میں ٹُسک کی دوسری مدت کی مخالفت کی جائے گی، پولستانی لیڈر
[/pullquote]

پولینڈ کی حکمران سیاسی جماعت کے طاقتور سیاسی رہنما یارو سلاو کاچنسکی نے کہا ہے کہ یورپی کونسل کی صدارت حاصل کرنے کی دوسری مدت کے عمل میں ڈونلڈ ٹسک کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ پولینڈ کے سابق وزیراعظم ڈونلڈ ٹُسک اِس وقت یورپی کونسل کے صدر ہیں اور اُن کی موجودہ مدت رواں برس مئی میں ختم ہونے والی ہے۔ ٹُسک کی دوسری مدت کے لیے مزید کارروائی یورپی یونین کی سمٹ میں متوقع ہے۔ یہ سمٹ اگلے ہفتے کے دوران ہو گی۔ پولستانی سیاسی رہنما کاچنسکی کا کہنا ہے کہ کونسل کے صدر یورپی یونین کے بنیادی اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے پولینڈ کی اپوزیشن کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]جرمن شہری کو بچانے میں ناکامی پر شرمندہ ہیں، ڈوٹیرٹے
[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے جرمن مغوی کو زندہ بچانے میں ناکامی پر برلن حکومت سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیلا حکومت نے اپنی تمام تر کوششیں کیں، جو کارگر ثابت نہ ہو سکیں۔ ڈوٹیرٹے نے مزید کہا کو اس سلسلے میں انہوں نے جنوبی فلپائن کے بین الاقوامی پانیوں میں گشت بڑھانے کے لیے چین سے درخواست بھی کی تھی۔ گزشتہ روز شدت پسند تنظیم ابو سیاف کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ستر سالہ جرمن شہری یرگن کاٹنر کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ کاٹنر کو نومبر 2016ء میں اغوا کیا گیا تھا۔

[pullquote]یمن میں خوراک کا ذخیرہ ختم ہونے والا ہے، ریڈ کراس
[/pullquote]

بین الاقوامی طبی و امدادی ادارے ریڈ کراس نے عالمی برادری کو متنبہ کیا ہے کہ یمن میں قحط کی صورت حال پیدا ہونے والی ہے۔ اس بیان کے مطابق یمنی عوام کے لیے موجود خوراک کا ذخیرہ دو سے چار مہینے کے لیے رہ گیا ہے۔ ریڈ کراس کے علاقائی ڈائریکٹر رابرٹ ماردینی کے مطابق کئی شہروں میں حالات انتہائی مشکل ہو چکے ہیں۔ ماردینی کے مطابق حدیدہ کے بندرگاہی شہر میں پانچ لاکھ سے زائد افراد اِس وقت بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی طاقتوں سے درخواست کی ہے کہ یمن کے لیے امپورٹ پر عائد پابندیوں کو نرم کیا جائے۔

[pullquote]عراقی دستے موصل کی اہم عمارتوں کے قریب پہنچ گئے
[/pullquote]

عراقی دستے موصل کے مغرب میں واقع حکومت کی مرکزی عمارتوں کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ عراقی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سریع الحرکت دستے موصل کی صوبائی کونسل اور دیگر سرکاری عمارتوں کے اتنے نزدیک ہیں کہ اب وہ ان عمارتوں میں مورچہ بند داعش کے جنگجوؤں کو براہ راست نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ابھی گزشتہ روز ہی عراقی فوج موصل شہر کے جنوب میں واقع ایک اہم پل تک پہنچ گئی تھی۔ موصل کو اسلامک اسٹیٹ سے آزاد کرانے کی عسکری کارروائی گزشتہ برس اکتوبر سے جاری ہے۔

[pullquote]ہلمند میں پولیس اہلکار نے اپنے ہی گیارہ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا
[/pullquote]

افغان صوبے ہلمند میں ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے ہی گیارہ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ صوبائی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ واقعہ لشکر گاہ نامی علاقے میں ایک پولیس چوکی پر پیش آیا۔ شبہ ہے کہ حملہ آور کے طالبان کے ساتھ رابطے تھے اور فائرنگ کے بعد وہ چوکی سے تمام اسلحہ بارود لے کر فرار ہو گیا۔ لشکر گاہ جنوبی صوبہ ہلمند کا وہ واحد مقام ہے، جس کے انتظام حکومتی فوج کے ہاتھ میں ہے۔ صوبے میں جاری بد امنی کی وجہ سے ہزاروں شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔

[pullquote]سنیوں کا اصل دشمن اسرائیل نہیں ایران ہے، لیبرمین
[/pullquote]

اسرائیل سنی عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی طرز پر ایک عسکری اتحاد بنانا چاہتا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع ایوگڈور لیبرمین کے مطابق وقت آ گیا ہے کہ تمام اعتدال پسند قوتوں کو ملا کر مشرق وسطی میں دہشت گردوں کے خلاف ایک اتحاد بنایا جائے۔ ان کے بقول معتدل سنی ریاستوں کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ ان کا اصل دشمن اسرائیل نہیں ایران ہے۔ لیبرمین نے مزید کہا کہ یہ اتحاد نیٹو کے اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ایک مضبوط ملک ہے اور وہ خود اپنا دفاع کر سکتا ہے تاہم عرب اتحادی اس عسکری اتحاد سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا نے اپنا ایک اعلٰی سطحی وفد ملائیشیا روانہ کر دیا
[/pullquote]

شمالی کوریا نے اپنا ایک اعلٰی سطحی وفد ملائیشیا روانہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’ڈی پی اے‘ کے مطابق اس دورے کا مقصد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کی لاش واپس لانے کے لیے ملائیشیا کے حکام سے بات چیت کرنا ہے۔ نام کو تیرہ فروری کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر قتل کر دیا گیا تھا۔ سیئول حکام کو شک ہے یہ قتل شمالی کوریا کے ایجنٹوں کی کارروائی ہے۔ اس وفد کی سربراہی اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سابق سفیر ری ٹون ال کر رہے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں مسلم تنظیم ’فصلت‘ پر پابندی
[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں ’فصلت‘ نامی ایک مسلم تنظیم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس تنظیم کی مساجد میں انتہا پسند ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ فصلت کے زیر انتظام ایک مسجد میں برلن کی کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرنے والا انیس آمری بھی جایا کرتا تھا اور مسجد انتظامیہ نے پابندی کے خوف سے اس عبادت گاہ کو ایک ہفتہ قبل ہی بند کر دیا تھا۔ پولیس نے اس دوران ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے برلن اور گرد و نواح میں چوبیس مقامات پر چھاپے مارے، جن میں مکانات، دفاتر اور جیلوں کی کوٹھڑیاں بھی شامل ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہے، سلامتی کونسل
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر اُس کے طرز عمل کی وجہ سے تنقید کی ہے۔ عالمی سلامتی کونسل کے مطابق یہ کمیونسٹ ریاست بین الاقوامی پابندیوں کی بار بار خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ کونسل کے بند کمرے میں ہونے والے ایک اجلاس میں پیونگ یانگ حکومت کے اس رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا گیا۔ اس تنقیدی دستاویز کی شمالی کوریا کے بڑے حلیف ملک چین نے بھی حمایت کی۔

[pullquote]بنگلہ دیش: جاپانی شہری کے قتل میں ملوث پانچ افراد کو سزائے موت کا حکم
[/pullquote]

بنگلہ دیش میں ایک جاپانی شہری کے قتل میں ملوث پانچ شدت پسندوں کو سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا ہے۔ ایک ضلعی عدالت کے جج نریش چندرہ سرکار کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین کے ان پانچ افراد پر ہوشی کونیو کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہو گیا۔ کونیو کو 2015ء میں رنگ پور نامی علاقے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اس واردات کی ذمہ داری قبول کر لی تھی تاہم ڈھاکا حکومت کا موقف تھا کہ اس واقعے میں کوئی مقامی شدت پسند تنظیم ملوث ہے۔

[pullquote]انتہائی دائیں بازو کے فرانسیسی سیاستدان کے خلاف عدالتی فیصلہ برقرار
[/pullquote]

فرانس کی ایک اپیل کورٹ نے انتہائی دائیں بازو کے ملکی سیاستدان اور نیشنل فرنٹ نامی جماعت کے بانی ژاں ماری لے پین کے خلاف نسل پرستانہ بیان دینے سے متعلق ایک ذیلی عدالت کے ماضی میں سنائے گئے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ اس فرانسیسی سیاستدان نے 2013ء میں شہر نیس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ روما نسل کے یورپی خانہ بدوش باشندے جہاں ہوتے ہیں، وہاں ان کی موجودگی کے باعث بُو آنا شروع ہو جاتی ہے۔ اس سلسے میں جنوبی فرانس میں ایک اپیل کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ لے پین کو پانچ ہزار یورو جرمانے کی وہ رقم ہر حال میں ادا کرنا ہو گی، جس کا حکم ایک عدالت نے دس ماہ قبل سنایا تھا۔ ججوں کے مطابق اپنے اس بیان کے ساتھ نیشنل فرنٹ کی موجودہ اعزازی صدر نسل پرستانہ اور نفرت انگیز بیان بازی کی مرتکب ہوئی تھیں.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے