اہم عالمی خبریں | 02.03.2017

[pullquote]موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری
[/pullquote]

عراقی فوج موصل شہر کے مغرب سے اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عسکری ذرائع نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے آج جمعرات کو علی الصبح داعش کی جانب سے ایک بڑا حملہ کیا گیا، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ اس بیان کے مطابق کچھ حملہ آور نقل مکانی پر مبجور شہریوں کے پیچھے چھپتے ہوئے عراقی فوجی دستوں کے انتہائی قریب تک پہنچ گئے تھے۔ عراقی فوج نے موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ اس آپریشن میں اسے امریکا کی عسکری حمایت بھی حاصل ہے۔

[pullquote]شامی دستے پالمیرا میں داخل ہو گئے، سیریئن آبزرویٹری
[/pullquote]

شامی دستے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیر قبضہ تاریخی شہر پالمیرا میں داخل ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق صدر اسد کی حامی ملکی فوج پالمیرا کے مغرب سے اس شہر کے اندر تک پہنچ گئی۔ اس موقع پر شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ شامی فوج نے گزشتہ برس اس شہر سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو نکال دیا تھا تاہم دسمبر میں یہ دہشت گرد تنظیم ایک بار پھر پالمیرا کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ پالمیرا کو 1980ء سے عالمی ثقافتی ورثے کی حیثیت حاصل ہے۔ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے پہلی مرتبہ مئی 2015ء میں اس شہر پر قبضہ کیا تھا۔

[pullquote]میرکل کی مصر اور تیونس کے دوروں پر روانگی
[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج جمعرات سے مصر اور تیونس کا دو روزہ دورہ شروع کر رہی ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ کے مطابق آج جمعرات کو وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے قاہرہ میں ملیں گی۔ اس دوران توجہ مہاجرین کے بحران کے موضوع پر مرکوز رہے گی۔ متعدد غیر سرکاری تنظیموں نے چانسلر میرکل سے درخواست کی ہے کہ وہ السیسی سے ملاقات کے دوران مصر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی بات چیت کریں۔ جمعے کے روز میرکل تیونس میں صدر الباجی قائد السبسی اور وزیر اعظم یوسف الشاہد سے بات چیت کریں گی۔ اس موقع پر تیونس کی پارلیمان سے خطاب بھی جرمن چانسلر کے پروگرام میں شامل ہے۔

[pullquote]کم جونگ نام کا قتل، گرفتار شمالی کوریائی شہری کی ملائیشیا بدری
[/pullquote]

ملائیشیا میں کم جونگ نام کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار شمالی کوریا کے ایک شہری کو کل جمعے کے روز ملک بدر کر دیا جائے گا۔ ملکی اٹارنی جنرل محمد آپاندے علی نے بتایا کہ ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کی وجہ سے ری جونگ چول پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ جونگ چول کو نام کے قتل کے چار روز بعد کوالالمپور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی نام کو تیرہ فروری کوکوالالمپور کے ہوائی اڈے پر قتل کر دیا گیا تھا۔ اسی قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ملائیشیا میں ایک انڈونیشی اور ایک ویتنامی خاتون پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

[pullquote]بریگزٹ کے بعد یورپی اتحاد کے پانچ بنیادی راستے، یُنکر نے وضاحت کر دی
[/pullquote]

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود یُنکر نے ان پانچ بنیادی راستوں کی وضاحت کر دی ہے، جن کا ان کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد آئندہ ہر صورت میں خیال رکھا جانا چاہیے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے کی طرف سے لندن کے یورپی یونین کے اخراج کے عمل کے باقاعدہ آغاز سے محض چند ہفتے قبل یُنکر نے بدھ کی شام یورپی پارلیمان سے اپنے خطاب میں کہا کہ اٹھائیس رکنی یونین سے برطانوی اخراج یا بریگزٹ کے بعد اس بلاک کو لازمی طور پر اپنی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کرنا ہو گا۔ یُنکر نے کہا کہ ان پانچ راستوں پر چلتے ہوئے یورپی یونین کو آئندہ محض ایک مشترکہ منڈی بن جانے سے روکا جا سکتا ہے۔

[pullquote]ترک وزیر انصاف کا ترکی میں ریفرنڈم کی حمایت میں جرمنی میں جلسے سے خطاب
[/pullquote]

ترکی اور جرمنی کے تناؤ کے شکار تعلقات کے پس منظر میں ترک وزیر انصاف بکر بوزداگ آج جمعرات کو جرمنی میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بوزداگ صوبے باڈن ورٹمبرگ میں اُس ریفرنڈم کی حمایت میں یہ خطاب کریں گے، جو ترکی میں صدارتی نظام رائج کرنے کے لیے کرایا جا رہا ہے۔ سولہ اپریل کو ہونے والے اس ریفرنڈم میں جرمنی میں آباد تقریباً ڈیڑھ ملین ترک شہری ووٹ دینے کے حق دار ہیں۔ دو ہفتے قبل جرمن اخبار دی ویلٹ کے نامہ نگار ڈینیز یوچَیل کی استنبول میں گرفتاری کے بعد سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]فرانس: آزاد صدارتی امیدوار ماکروں آج اپنا انتخابی ایجنڈا پیش کریں گے
[/pullquote]

فرانسیسی صدارتی امیدوار ایمانوئل ماکروں آج جمعرات کو اپنے انتخابی ایجنڈے کا اعلان کر رہے ہیں۔ انتالیس سالہ ماکروں آزاد امیدوار کے طور پر عنقریب ہونے والے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہیں۔ وہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ متحدہ یورپ کے حامی ہیں۔ دوسری جانب قدامت پسندوں کے امیدوار فرانسوا فِیوں پر عدالتی تحقیقات کی وجہ سے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ فیوں کہہ چکے ہیں کہ فرضی ملازمتوں کے ایک اسکینڈل کی وجہ سے انہیں پندرہ مارچ کو ایک عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ اب تک کے جائزوں کے مطابق ماکروں کی مقبولیت دیگر امیدواروں سے زیادہ ہے۔

[pullquote]ملائیشیا: شمالی کوریائی شہریوں کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت ختم
[/pullquote]

ملائیشیا نے شمالی کوریا کے شہریوں کے لیے اپنے ہاں ویزا فری داخلے کی سہولت ختم کر دی ہے۔ ملائیشیا کے نائب وزیر اعظم احمد زاہد حامدی کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ ملکی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ ان کے بقول اس فیصلے پر چھ مارچ سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا، جس کے بعد شمالی کوریائی شہری باقاعدہ ویزا لے کر ہی ملائیشیا میں داخل ہو سکیں گے۔ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر قتل کے بعد سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش: زیر حراست شدت پسند حملے میں ہلاک
[/pullquote]

بنگلہ دیش میں ایک زیر حراست شدت پسند پولیس پر کیے گئے ایک حملے میں مارا گیا ہے۔ پولیس افسر خان محمد عرفان نے بتایا کہ یہ واقعہ شیر پور نامی علاقے میں اُس وقت پیش آیا، جب اس پچیس سالہ شدت پسند کو لے کر جانے والی پولیس کی ایک گاڑی پر حملہ کر دیا گیا۔ حملہ آور اس عسکریت پسند کو چھڑانا چاہتے تھے اور اس دوران ہونے والی فائرنگ میں وہ زخمی ہو گیا تھا۔ بعد ازاں وہ ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا الزام ہے کہ اس طرح کے زیادہ تر واقعات ’باقاعدہ منصوبہ بندی‘ کے ساتھ رونما ہوتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں مزید مہاجرین کو پناہ دینے کا مطالبہ
[/pullquote]

جرمنی میں مہاجرین کی حامی کئی تنظیمیں پناہ کے متلاشی مزید تارکین وطن کو جرمنی میں آباد کرنے کے لیے وفاقی حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ جرمنی کے ایک سرکردہ مہاجر دوست گروپ Pro Asyl کے سربراہ گُنٹر بُرک ہارڈ کے مطابق استقبالیہ مراکز میں ابھی گنجائش ہے، لیکن جرمنی میں مزید مہاجرین کی آباد کاری کے حوالے سے سیاسی عزم کی کمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چانسلر انگیلا میرکل کو اس حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔ سن دو ہزار پندرہ اور دو ہزار سولہ میں ایک ملین سے زائد مہاجرین اور تارکین وطن جرمنی پہنچے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے