آفریدی پی ایس ایل میں بیٹنگ ٹیلنٹ سامنے نہ آنے پر مایوس

شہرہ آفاق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اعلیٰ معیاری باصلاحیت بلے باز سامنے نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پشاور زلمی کے شاہد آفریدی کافی عرصے بعد بیٹنگ فارم میں نظر آ رہے ہیں اور گزشتہ میچوں میں انہوں نے پشاور زلمی کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں بہترین بیٹنگ ٹیلنٹ سامنے آنا چاہیے تھا کیونکہ ہم سب ہی اس کی توقع کر رہے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ حتیٰ کہ گزشتہ سال لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں بھی زیادہ نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ سے متاثر نہیں کیا تھا۔

تاہم شاہد آفریدی چند نوجوان باؤلرز کی کارکردگی سے ضرور متاثر ہوئے جن میں شاداب خان نے 6.61 کی اکانومی سے نو وکٹیں لیں جبکہ اس فہرست میں کراچی کنگز کے لیگ اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ باؤلر عثمان شنواری شامل ہیں۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ مجھے عثمان اور اسامہ کے خلاف کھیل کر بہت اچھا لگا اور یہ دونوں بہت باصلاحیت باؤلرز ہیں۔

انہوں نے لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین طریقے سے پروان چڑھانے پر زور دیا تاکہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں۔

جمعے کو کراچی کنگز کے خلاف پلے آف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور میچ کے حوالے سے بہت پراعتماد ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے