سنجے دت ایک مرتبہ پھر مشکل میں

بولی وڈ اداکار سنجے دت گزشتہ برس ہی 5 سال کی قید کے بعد رہائی پاکر جیل سے باہر آئے، تاہم اداکار کے خلاف ایک مرتبہ پھر پولیس رپورٹ درج کروا دی گئی۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی رپائی کے بعد ان کی پہلی فلم ‘بھومی’ کی شوٹنگ آگرہ میں جاری ہے، تاہم شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے نے ان کے لیے مشکلات کھڑی کردیں۔

ہوا کچھ یوں کہ فلم ‘بھومی’ کی شوٹنگ آگرہ میں تاج محل کے قریب جاری تھی، جہاں سنجے دت کے کئی مداح انہیں دیکھنے کے لیے جمع ہوگئے اور اس کے باعث سیاحوں کو تاج محل دیکھنے میں کافی دشواری ہوئی۔

اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میڈیا نمائندوں نے سنجے دت کی قریب سے تصاویر لینے کی کوشش کی، تاہم اداکار کی حفاظت پر مامور گارڈز نے ان پر تشدد شروع کردیا، جس کے نتیجے میں کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس واقعے کے بعد اجے کمار نامی ایک صحافی نے سنجے دت کے خلاف آگرہ کے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

تاہم بعد ازاں فیس بک پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں سنجے دت نے متاثرہ صحافیوں سے معافی مانگ لی۔

فلم ‘بھومی’ میں ادیتی رائے حیدری سنجے کی بیٹی کا کردار ادا کریں گی۔

امنگ کمار کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی ریلیز تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے