اہم عالمی خبریں | 04.03.2017

[pullquote]مغربی افغانستان میں آٹھ عام شہریوں کی ہلاکت
[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں کم از کم آٹھ عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ فرح صوبے کے گورنر کے ترجمان محمد نصیر مہری کے مطابق یہ لوگ سڑک کنارے نصب بم کے پھٹنے سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بلک ضلع میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔ افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان جنرل دولت وزیری نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ان شہریوں کی ہلاکت کی اصل وجہ جاننے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ فرح صوبے کے مرکزی ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں بائیس افراد زخمی ہونے ہوئے ہیں۔

[pullquote]چین نے اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کر دیا
[/pullquote]

چینی حکومت نے رواں برس کے اپنے دفاعی بجٹ میں سات فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ چینی اقتصادیات میں سست روی کے باوجود بیجنگ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ اضافہ چین کی مجموعی سالانہ شرحِ پیداوار کی 1.3 کے مساوی ہو گی۔ اضافے کی منظوری چین کی نیشنل پیپلز کانگریس نے دے دی ہے۔ قبل ازیں چین نے دفاعی بجٹ کا حجم 138.6بلین ڈالر بتایا تھا۔ دوسری جانب اضافے کی وجہ بحیرہ جنوبی چین میں پائی جانے والی کشیدگی بھی خیال کی گئی ہے۔یہ امر اہم ہے کہ رواں ہفتے پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سالانہ بجٹ میں دس فیصد کے اضافے کا عندیہ دیا تھا۔

[pullquote]یمن: القاعدہ کے ٹھکانے پر دوسرے روز بھی امریکی حملہ
[/pullquote]

امریکا نے مسلسل دوسرے روز بھی یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی فوج کے صدر دفتر کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے یمن میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا جنگی طیاروں نے دو دنوں میں تیس اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ حملے شبوہ، ابیان اور البدایا کے صوبوں میں کیے گئے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ ان حملوں میں عسکریت پسندوں کو کتنا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ رواں برس جنوری میں یمن ہی میں امریکی کمانڈوز نے بھی ایک مقامی عسکریت پسند کے گھر پر حملہ کیا تھا۔ کل جمعہ تین مارچ کو بھی یمن میں امریکی جنگی طیاروں نے القاعدہ کی ذیلی شاخ کے اڈوں کو ٹارگٹ کیا تھا۔

[pullquote]اردن میں پندرہ افراد کی موت سزا پر عمل کر دیا گیا
[/pullquote]

اردن میں آج ہفتہ کے روز پندرہ افراد کی موت کی سزا پر عمل کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے ترجمان محمد المومانی نے بتایا ہے کہ ان میں دس افراد کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں شریک ہونے کے جرم میں موت سزا سنائی گئی تھی۔ المومانی کے مطابق ایک مجرم نے خفیہ ادارے کے احاطے پر حملہ کر کے پانچ افراد کو ہلاک کیا تھا۔ اسی طرح ایک اور شخص بھی پانچ سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ موت سزا پانے والوں میں ایک مجرم نے عدالتی احاطے کے باہر ایک مسیحی ادیب کو گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ ایک مجرم کو موت سزا دینے کی وجہ مغربی سیاحوں کے ایک قافلے پر حملہ تھا۔ پانچ افراد کو جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے پر موت سزا دی گئی ہے۔

[pullquote]شامی امن مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم
[/pullquote]

اقوام متحدہ کی نگرانی میں جاری شامی امن مذاکرات قریب ایک سال جاری رہنے کے بعد کسی بڑی پیش رفت کے بغیر جمعے کی رات جنیوا میں ختم ہو گئے۔ شام کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیفان ڈے مستورا کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں شامی حکومت اور باغی گروہوں کے پاس اب اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے ایک واضح ایجنڈا موجود ہے۔ شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ اقتدار کی منتقلی کے موضوع پر سنجیدہ گفتگو کی گئی ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات بھی ایجنڈے میں شامل کیے گئے۔

[pullquote]ایردوآن جرمنی پر برہم
[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جرمن روزنامے دی ویلٹ کے زیر حراست صحافی کو ’جاسوس‘ قرار دیا ہے۔ ترک صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈینیز یوچَیل جرمنی کے لیے جاسوسی کرتے ہیں اور وہ ان کے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ساتھ روابط بھی ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے ایردوآن کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ تقریباً دو ہفتے قبل دی ویلٹ کے نامہ نگار ڈینیز یوچَیل کی استنبول میں گرفتاری کے بعد سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ترک صدر ایردوآن کا خیال ہے کہ یوچَیل اپنی گرفتاری سے قبل ایک ماہ تک جرمن سفارت خانے میں چھپے ہوئے تھے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ تین ایشیائی ملکوں کا دورہ کریں گے
[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ ریک ٹِلرسن رواں مہینے کے دوران جاپان، چین اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔ اُن کے اِس دورے کا بنیادی مقصد شمالی کوریا کی جوہری ہتھیار سازی اور بیلاسٹک میزائل پروگرام بتایا گیا ہے۔ وہ سترہ مارچ کو دو روزہ دورے پر جاپان پہنچیں گے۔ وہ جاپانی وزیر خارجہ فُومیو کِیشیڈا کے علاوہ وزیراعظم شینزو آبے سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ چینی دورے پر بھی وزیر خارجہ وانگ یی اور صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ ٹِلرسن نے جرمن شہر بون میں منعقدہ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران پہلی مرتبہ اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔ ٹلرسن کے اِس دورے کی آخری منزل جنوبی کوریا ہو گی۔

[pullquote]کم جونگ نام کی ہلاکت: ’میری گرفتاری ملائیشیا کی سازش تھی‘
[/pullquote]

شمالی کوریا کے شہری جانگ چول کو ملائیشیا سے رہائی کے بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا.ملائیشیا میں رہائی پانے والے شمالی کوریا کے شہری جانگ چول کا کہنا ہے کہ وہ کم جونگ نام کی ہلاکت کے معاملے میں ملائیشین حکام کی سازش کا نشانہ بنے ہیں۔ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی 13 فروری کو ہلاک ہوئے تھے۔ کم جونگ نام کے چہرے پر ایک اعصاب شکن کیمیکل پھینکا گیا تھا جس سے ان کی موت ہو گئی تھی۔

[pullquote]انڈیا اسرائیل کے قریب تر آرہا ہے
[/pullquote]

انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اپنے اسرائیلی ہم منصب اور وزارت خارجہ کے اہلکاروں کے ساتھ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ اسرائیل کو حتمی شکل دینے کے لیے گذشتہ دنوں اسرائیل میں تھے۔
اگرچہ اس دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن نئی دہلی میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ دورہ جولائی میں متوقع ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 25 برس مکمل ہونے کے موقع پر تل ابیب کا دورہ کریں گے۔ یہ کسی انڈین وزیر اعظم کا اسرائیل کا پہلا دورہ ہو گا۔ اسے دونوں ممالک میں ایک تاریخی دورہ کہا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے