مقبوضہ کشمیر: جامع مسجد سرینگر نماز جمعہ کیلئے بند، میرواعظ عمرفاروق نظربند

مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر تاریخی جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے بند کردیا گیا، قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمرفاروق کو ان کی رہائشگاہ میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ کی ادائیگی بھی نہیں کرنے دی گئی، حریت رہنما نےمرکزی جامع مسجد سرینگر کے اطراف اور سرینگر کے بیشتر علاقوں میں فورسز کی بھاری تعیناتی اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی مذہبی معاملات میں مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جامع مسجد کے منبرو محراب کو خاموش کرنے اور یہاں سے حق و انصاف کی خاطر اٹھنے والی آواز کو دبانے کامذموم عمل نہ ماضی میں کامیاب ہوسکا ہے اور نہ کبھی طاقت کے بل پر اس قسم کے حربے کامیاب ہوسکتے ہیں۔

میرواعظ نے کہا کہ یہ ریاستی حکمرانوں کی پالیسی بن گئی ہے کہ وہ آئے روزمختلف وا قعات کی آڑ لے کر مرکزی جامع مسجد کو نشانہ بناتے ہیں اور اس طرح کشمیریوں کے اس سب سے بڑے دینی مرکز کی مرکزیت اور اہمیت کو گھٹانے کا ہر ممکن حربہ بروئے کار لا رہے ہیں۔

سینئر حریت رہنما اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خا ن نے کہا ہے کہ نام نہاد انتظامیہ کا یہ رویہ مسلمانان کشمیر کیلئے ناقابل قبول ہے۔اپنے ایک بیان میں نعیم خان نے سرینگر کی مرکزی جامع مسجد کو نمازیوں کیلئے بند کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ پر عملاً پابندی عائد کرنا اس بات کا برملا اعلان ہے کہ مسلمانان کشمیر کو اپنے سیاسی حقوق مانگنے کی باضابطہ سزا دی جارہی ہے۔

نعیم خان نے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں سرکاری مداخلت پر افسوس اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمانان کشمیر کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مسلمانان کشمیر کے بنیادی سیاسی حقوق تو پہلے ہی پامال کئے جارہے ہیں اور لوگوں کیخلاف ہر قسم کا ظلم و جبر روا رکھا جارہا ہے۔

اب مذہبی حقوق کو پامال کرکے یہاں کے لوگوں کو عملی طور پر یہ بتانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بھارت کے ایک نو آبادیاتی حصہ کے شہری ہونے کی حیثیت سے اُن کی کیا اوقات ہے۔

فریڈم پارٹی کے نظر بند سربراہ شبیر احمد شاہ نے ریاست کے خون آشام ماحول میں انتخابات کرائے جانے کے اعلان کوخونِ شہداء کے ساتھ مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف قابض حکام دہلی سے پیلٹ کی سوغات لا کر ہمارے معصوم بچوں کی زندگیاں اوربینائی چھین رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے