پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے قواعد کی خلاف ورزی پر عارضی طور پرمعطل کر دیا۔
پی سی بی نے محمد عرفان کو بکیز سے رابطے رکھنے پر معطل کرکے انہیں چارج شیٹ بھی تھما دی۔
ذرائع کے مطابق محمد عرفان کے خلاف پی سی بی کے پاس شواہد بھی موجود ہیں۔
گذشتہ روز محمد عرفان پاکستان کر کٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔
انہوں نے ٹریبیونل کو بتایا تھا کہ وہ والد کے انتقال کی وجہ سے پریشان تھے، اسی لیے پی سی بی کو بکیز سے رابطہ کرنے کے حوالے سے نہیں بتا سکے، تاہم انہوں نے کسی بھی قسم کی فکسنگ کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد عرفان نے انسداد کرپشن قوانین کے آرٹیکل 2.2 اور 2.4 کی خلاف ورزی کی ہے، انھوں نے چاہے کسی قسم کی کوئی فکسنگ کی ہو یا نہ کی ہو لیکن بکیز سے رابطہ ہونے کے بعد انھیں پی سی بی کو آگاہ کرنا چاہیئے تھا۔
مذکورہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر عرفان کو چارج شیٹ دے دی گئی اور ساتھ ہی انہیں 14 دن کے اندر جواب جمع کرانے کا کہا گیا۔
علاوہ ازیں کراچی سے تعلق رکھنے والے اوپننگ بلے باز شاہ زیب حسن بھی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوران منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر پی سی بی کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن اور پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ’پاکستان سپر لیگ کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا، ہم کھلاڑیوں کی کسی کرپٹ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے’۔