بچارا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 11ویں ٹیسٹ سینچری سکور کی
آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز بنا لیے تھے۔
میزبان ٹیم کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 91 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔
میچ کا تفصیلی سکور کارڈ
تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو چتیشور پجارا 130 اور ساہا 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اتوار کو انڈیا نے اپنی پہلی اننگز 120 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ آغاز کیا تو 193 کے مجموعی سکور پر مرلی وجے 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے بچارا کے ساتھ مل کر 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
اس کے انڈین مڈل آرڈر ناکام ہوتا دکھائی دیا اور کپتان وراٹ کوہلی چھ، ریہانے 14، نائر 23 اور ایشون تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم بچارا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 11ویں ٹیسٹ سینچری سکور کی اور دن کے اختتام تک کریز پر موجود رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے چار جبکہ ہیزل ووڈ اور اوکیف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے چار وکٹیں حاصل کیں
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھااور اس کی پوری ٹیم 451 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات کپتان سمتھ نے 176 اور گلین میکسویل کی پہلی سنچری تھی۔
رانچی ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں زخمی ہونے والے بولر مچل سٹارک کی جگہ بیٹ کمنز کو شامل کیا گیا ہے جو پانچ سال کے وقفے کے بعد اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کلھیل رہے جبکہ انڈیا کی ٹیم میں اوپنر وجے مرلی کی واپسی ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔
پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ بنگلور ٹیسٹ میں انڈیا نے 75 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی تھی۔