بولی وڈ بھی صبا قمر کا دیوانہ ہوگیا

صبا قمر پاکستان کی بہترین اداکارہ مانی جاتی ہیں، جنھوں نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے طویل عرصے سے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔

صبا قمر نے اپنے کیریئر میں صرف سنجیدہ ہی نہیں، بلکہ رومانوی، کامیڈی اور ایکشن سمیت ہر طرح کے کردار ادا کیے، انہوں نے ٹی وی شوز کی میزبانی کی، ڈراموں میں کام کیا اور فلموں میں بھی اپنی بہترین اداکاری سے شائقین کو محظوظ کیا۔

اب جبکہ پاکستان کی اس شاندار اداکارہ نے بولی وڈ میں ڈیبیو کیا، تو یہ جاننا تو بےحد ضروری ہے کہ آخر ہندوستان صبا قمر کی اداکاری کے بارے میں کیا سوچ رہا ہے۔

صبا قمر نے بولی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کیا، جو حال ہی میں ریلیز کی گئی، اس فلم کے کئی ریویوز سامنے آئے جن میں زیادہ تر فلم کی تعریف ہی کی گئی، تاہم جو بات ہماری توجہ کا مرکز بنی وہ یہ ہے کہ ہندوستانی شائقین صبا قمر کی اداکاری کے دیوانے ہوچکے ہیں۔

صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری پر ہندوستانی ریویوز میں کیا کہا گیا، یہاں پڑھیں:

ٹائمز آف انڈیا
فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر نے عرفان خان کی اہلیہ مٹھو کا کردار ادا کیا، جہاں عرفان خان نے اپنی شاندار اداکاری سے متاثر کیا، وہیں صبا قمر کو بھی اسکرین پر دیکھنا کسی ٹریٹ سے کم نہ تھا۔

بولی وڈ ہنگامہ
پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے فلم ’ہندی میڈیم‘ کے ساتھ بولی وڈ میں بہترین ڈیبیو کیا، اپنے کردار کو بخوبی ادا کرنے کے علاوہ وہ عرفان خان جیسے بہترین اداکار سے کمزور نظر نہیں آئیں۔

انڈیا ٹوڈے
صبا قمر ہندوستان آنے والے پاکستانی اداکاروں میں سے بہترین رہیں، انہوں نے اپنے کردار کو بخوبی نبھایا، ایک چاندی چوک سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی خواہشات اور آگے بڑھنے کا جنون لیے صباقمر ہر انداز میں شاندار نظر آئیں۔

فرسٹ پوسٹ
صبا قمر اور عرفان خان کی کیمسٹری شاندار نظر آئی، اگر صبا قمر کی بات کی جائے تو وہ اور پاکستانی اداکار فواد خان نے ہندوستانی شائقین کو یہ ماننے پر مجبور کردیا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے زیادہ پُر کشش لوگ موجود ہیں، انہوں نے مکمل فلم میں بہترین اداکاری کی۔

این ڈی ٹی وی
فلم ’ہندی میڈیم‘ میں عرفان خان نے نہ صرف بہترین اداکاری کی بلکہ انہیں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بخوبی سپورٹ بھی کیا، وہ ہندوستان میں حالیہ سالوں میں کام کرنے والی پاکستانی اداکاراؤں میں سب سے بہترین ہیں۔

انڈین ایکسپریس
صبا قمر نے ایک ایسی والدہ کا کردار ادا کیا جو نامور اور مہنگے برانڈز کا استعمال بےحد پسند کرتی ہیں، انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے فلم میں کئی لمحات ملے جن کا انہوں نے بخوبی فائدہ بھی اٹھایا، تاہم کچھ سینز کافی دہرائے بھی گئے جن سے بوریت شروع ہوگئی۔

واضح رہے کہ فلم ’ہندی میڈیم‘ 19 مئی کو سینما گھروں میں پیش کی گئی، جس کے بعد سے یہ باکس آفس پر اچھا بزنس کررہی ہے۔

فلم کو مثبت ردعمل ملنے پر اداکار عرفان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے